06:31 am
ورلڈکپ کیلئے روانگی سے قبل عمران خان نے سرفراز سے کیا کہا؟اندرونی کہانی سامنے آگئی

ورلڈکپ کیلئے روانگی سے قبل عمران خان نے سرفراز سے کیا کہا؟اندرونی کہانی سامنے آگئی

06:31 am

ورلڈ کپ سے قبل وزیراعظم عمران خان کی قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ماضی کے عظیم کپتان اور پاکستان کے موجودہ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس میں پاکستان کرکٹ ٹیم سے ملاقات میں کپتان سرفراز احمد کی تعریف کی اور انہیں ہمت دلاتے ہوئے کہا کہ آپ میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ آپ پاکستان کو اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے ورلڈ کپ جتواسکتے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے سرفراز سے کہا کہ یہ مشن امپوسیبل نہیں ہے۔ وزیر اعظم کی تھپکی نے سرفراز احمد کی ہمت کے ساتھ ساتھ ان کا خون بھی بڑھا دیا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ عمران خان نے سرفراز احمد سے خاص طور پر کہا کہ آپ جس طرح ٹیم کو لیڈ کررہے ہیں مجھے آپ کی صلاحیتوں پر کوئی شک نہیں ہے۔حد درجہ مصدقہ ذرائع نے میڈیا میں عمران خان سے منسوب یہ خبر چلا کر سنسنی خیزی پھیلانے کی کوشش کی کہ وزیراعظم نے کہا کہ اگر کوئی کھلاڑی کرکٹ کرپشن میں ملوث پایا گیا تو وہ سزا سے نہیں بچ سکے گا۔ دراصل وزیر اعظم نے یہ کہا تھا کہ اسپاٹ فکسنگ کے واقعات نے پاکستان کرکٹ پر کاری ضرب لگائی ہے، آپ سب ملک کے سفیر ہیں ان لوگوں سے بچیں جو کھیل اور کھلاڑی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے غیر رسمی انداز میں کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور وہ کھلاڑیوں سے گھل مل گئے۔ ملاقات کا دورانیہ 30 منٹ تھا لیکن وہ ایک گھنٹہ کھلاڑیوں کے ساتھ رہے اور انہیں نصحیت کرنے کے بجائے شفقت سے پیش آئے اور اس بات پر زور دیتے رہے کہ آپ میں کرنے کی صلاحیت ہے بس کسی حریف کھلاڑی یا حریف ٹیم کو اپنے سر پر سوار نہ ہونے دیں۔

تازہ ترین خبریں