03:39 pm
ویرات کوہلی آئی پی ایل کو تھوڑا ایزی لیں  اپنے کھلاڑیوں کو اس طرح ذلیل مت کریں

ویرات کوہلی آئی پی ایل کو تھوڑا ایزی لیں اپنے کھلاڑیوں کو اس طرح ذلیل مت کریں

03:39 pm

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کا جوش و جنون اور مخالف کھلاڑیوں کے خلاف ان کی جارحیت ہمیشہ گرماگرم بحث کا موضوع بنی رہتی ہے۔ان کے اس رویے کی خا ص بات یہ ہے کہ وہ دنیائے کرکٹ میں کروڑوں نوجوانوں کے من چاہے کھلاڑی ہیں اور نوجوان کرکٹر ان کی تقلید کرتے دکھائی دیتے ہیں ۔ اور ان کے جیسا جارحانہ رویہ اپنانے کی بھی کوشش کرتے ہیں ۔
اب تو کوہلی کی ان بے ساختہ حرکات و سکنات کو بھی سینئر بھارتی کرکٹ ماہرین اور بورڈ حکام نے یہ کہتے ہوئے ایک جواز فراہم کر دیا ہے کہ آپ اپنے انداز سے کھیل پیش کرنے میں آزاد ہیں اور مدمقابل ٹیموں اور کھلاڑیوں کو دبائو میں لانے یا اپنے انداز میں جشن منانے میں کوئی بھی روک ٹوک نہیں ہونی چاہیے۔ آخر باقی ٹیموں کے کھلاڑی بھی ایسا کرتے ہیں۔ کرکٹ کی ایک بھارتی ویب سائٹ کے مطابق بین الاقوامی میچوں میں مخالف کھلاڑیوں کے خلاف جملے کسنا ، اشارے بازی اور جشن منانا تو سمجھ میں آتا ہے لیکن وہ اس وقت بھارتی میدانوں میں کھیلی جا رہی آئی پی ایل میں بھی یہی انداز اپنائے ہوئے ہیں۔ ایک ایسے وقت میں جب ورلڈ کپ کی فیورٹ ٹیموں میں سے ایک بھارتی ٹیم آئندہ ماہ بڑے ایونٹ کےلئے زور بازو آزما رہی ہوگی، آئی پی ایل میچز میں کوہلی ان کھلاڑیوں کو بھی گالی ، گلوچ ، جگت بازی، طنز ، توہین آمیز مذاق پر مبنی جملوں اور اشاروں کا نشانہ بنارہے ہیں جو ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ ویب سائٹ نے امیش یادو، کلدیپ یادو، دنیش کارتک اور روی چندن ایشون کے نام لیتے ہوئے کہا کہ کوہلی فیلڈنگ اور بیٹنگ کے دوران ان کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے کے بعد یا ان کی گیندوں پر چھکا لگانے کے بعد انھیں ہتک کا نشانہ بناتے رہے۔ نوجوان سپن بائولر کلدیپ یادو تو اپنے کپتان کا یہ رویہ دیکھ کر اتنے دلبرداشتہ ہوئے کہ انھوں نے میچ کے دوران رونا بھی شروع کردیا۔ویب سائٹ نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا کہ کوہلی کویہ دیکھنا چاہیے کہ ان کا یہ رویہ ٹیم میں دھڑے بندی اور مخالفت کی نئی لہر پیدا کرسکتا ہے۔ جس کا نقصان بھارتی کرکٹ کو اٹھانا پڑے گا ۔ اور بھارت ورلڈ کپ کے موقع پر ایسی کسی بھی صورتحال کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ویرات کوہلی کو چاہیے کہ وہ آئی پی ایل کو تھوڑا ایزی لیں۔

تازہ ترین خبریں