04:12 pm
ورلڈکپ کیلئے ٹیم میں شامل کیا جائے گا یا نہیں؟

ورلڈکپ کیلئے ٹیم میں شامل کیا جائے گا یا نہیں؟

04:12 pm

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک ) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے محمد عامر کو ورلڈکپ کھیلنے کی راہ دکھا دی، کہنا تھا کہ پیسر انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز میں عمدہ پرفارم کر کے سکواڈ میں جگہ بنا سکتے ہیں۔ایک انٹر ویو میں سرفراز احمد نے کہاکہ بطور سینئر بولر محمد عامر ٹیم کیلئے پرفارم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،ان کو ورلڈکپ سکواڈ سے ڈراپ کرنا مشکل فیصلہ تھا لیکن انگلینڈ کیخلاف سیریز میں اچھی کارکردگی دکھائیں تو جگہ بنا سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ورلڈکپ سکواڈ کے انتخاب میں میری مشاورت شامل تھی،1،2پلیئرزکو چھوڑ کر بیشتر وہی ہیں
جو ایک، ڈیڑھ سال سے پاکستان کیلیے کھیل رہے ہیں، متوازن سکواڈ میں تجربہ کار سینئرز اور باصلاحیت جونیئرز شامل ہیں، مجھ سمیت آرام کرنے والوں نے تازہ دم ہوکر ٹیم کو جوائن کیا۔ ایک سوال پرکپتان نے کہا کہ گذشتہ 3سال میں پاکستان نے انگلینڈ میں کئی یادگار کامیابیاں حاصل کی ہیں،2016ءمیں ٹیسٹ سیریز برابر کی،اگلے برس چیمپئنز ٹرافی جیتی،2018ءمیں بھی ٹیسٹ سیریز برابر کی،اس ٹریک ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے امید کی جا سکتی ہے کہ پرعزم گرین شرٹس ورلڈکپ میں بھی بہترین کارکردگی پیش کریں گے،انھوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کا فارمیٹ مختلف ہونے سے کسی ایک میچ میں بدقسمتی لے ڈوبتی ہے،ورلڈکپ 1992ءمیں بہترین ٹیم نیوزی لینڈ کو سیمی فائنل میں شکست ہوئی،1999ءکے میگا ایونٹ میں پاکستان مسلسل فتوحات کے بعد فائنل ہار گیا، اس بار کوئی ٹیم بھی کمزور خیال نہیں کی جا سکتی، ہمیں ہر میچ فائنل سمجھ کر کھیلنا ہوگا۔ ایک سوال پر سرفراز نے کہا کہ مجھ سے اکثر لوگ کہتے ہیں کہ باقی کسی سے ہار بھی جاؤ تو بھارت کیخلاف میچ ضرور جیتو،ہماری بھی خواہش ہوتی ہے کہ روایتی حریف کیخلاف فتحیاب ہوں، دنیا بھرکی نظریں اس میچ پر ہونگی لیکن بطور کپتان میں یہ کہوں گا کہ ساری ٹیمیں مضبوط ہیں، ورلڈکپ جیتنے کیلئے صرف بھارت ہی نہیں بلکہ ایونٹ میں شریک تمام ٹیموں کیخلاف اچھی کارکردگی دکھانا ہوگی۔

تازہ ترین خبریں