02:02 pm
پاکستان کوویسٹ انڈیز کے ہاتھوں عبرتناک شکست

پاکستان کوویسٹ انڈیز کے ہاتھوں عبرتناک شکست

02:02 pm

ناٹنگھم(مانیٹرنگ ڈیسک ) ویسٹ انڈیز کیخلاف قومی کرکٹ ٹیم ایسی شاندار کارروائی کہ پوری قوم جھولیاں پھیلا کر پاکستان کرکٹ ٹیم کو روزے کی وجہ سے دل ہی دل میں ’’خراج تحسین ‘‘ پیش کرنے لگی ۔۔۔ورلڈ کپ 2019ءکے دوسرے مقابلے میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 106رنز کا ہدف دیدیا ہے ۔ناٹنگھم کے گراؤنڈ ٹرینٹ برج میں کھیلے جارہے میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کی ٹیم ابتداءسے ہی مشکلات کا شکار نظر آئی
۔میچ میں پاکستان کو پہلی وکٹ کا نقصان تیسرے اوور میں 17 کے مجموعی سکور پر ہوا جب امام الحق 2 رنز بنا کر شیلڈن کوٹرل کی گیند پر شائی ہوپ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے،اسکے بعد پانچویں اوور میں جب پاکستان ٹیم کا سکور 35 رنز ہوا تو دوسرے اوپنر فخر زمان آندرے رسل کی گیند پر 22 رنز بنا کر کلین بولڈ ہوگئے،حارث سہیل بھی صرف 8 رنز بنا کر آندرے رسل کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے،پاکستانی ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانےوالے بابراعظم بھی وکٹوں سے باہر جاتی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 33 گیندوں پر 22 رنز کی اننگز کھیلی،75 کے مجموعی سکور پر قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بھی 8 رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے،عماد وسیم صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ شاداب خان صفر کی خفت سے دوچار ہوکر پوویلین لوٹے،حسن علی بھی صرف ایک رن بنا کر پوویلین لوٹے،محمد حفیظ بھی16رنز بنا کر شارٹ بال کا ہی شکار بنے،اس سے قبل ورلڈ کپ2019 کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ٹاس ہارنے کے بعد قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہم پہلے بولنگ کرنا چاہتے تھے، تاہم اب میچ جیتنے کیلئے ہمیں ایک اچھا سٹارٹ چاہیے۔مسلسل 10 ون ڈے اور افغانستان کے ہاتھوں وارم اپ میچ میں شکست کے باوجود پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد میچ میں بہتر کارکردگی کے لئے پر امید ہیں۔میچ کے لیے قومی ٹیم کے سکواڈ میں امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، کپتان سرفراز احمد، حارث سہیل، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، وہاب ریاض اور محمد عامر شامل ہیں۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں کرس گیل، شائی ہوپ، ڈیرن براوو،شمرن ہیٹ میئر،نکولس پورن، کپتان جیسن ہولڈر، آندرے رسل، کارلس بریتھ ویٹ، ایشلے نرس، شیلڈن کوٹرل اور اوشین تھامس شامل ہیں۔اس سے قبل ماضی میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 133ون ڈے ہوئے ہیں جن میں سے ویسٹ انڈیز نے 70،پاکستان نے60میچ جیتے ہیں جبکہ 3 میچ بے نتیجہ رہے ۔دو برس قبل چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے بعد سے قومی ٹیم نے 38 ون ڈے کھیلے ہیں، جن میں سے 15 جیتے ، 21 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 2 میچز نامکمل رہے۔واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کےخلاف وارم اپ میچ میں 49.2اوورز میں 421رنزسکور کرکے ایونٹ کی دوسری ٹیموں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

تازہ ترین خبریں