02:26 pm
وہ پانچ وجوہات جن کی بنا پر پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست ہوئی

وہ پانچ وجوہات جن کی بنا پر پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست ہوئی

02:26 pm

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ کپ میں اپنے اہم میچ میں شکست ہو گئی ۔یوں تومیچ ہارنے کی سب سے نمایاں وجہ ٹیم آسٹریلیا کی تینوں شعبوں میں بہتر کارکردگی ہے تاہم پانچ ایسی اہم وجوہا ت ہیں جن کے تحت گرین شرٹس کو کینگروز کے ہاتھوں مات کھانی پڑی۔ ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کا فیصلہ شروع ہی سے غیر سود مند دکھائی دے رہا تھا۔ آسٹریلوی کپتان کےلئے ٹاس ہارنا بھی بے ضرر رہا
کیونکہ ٹاس جیت کر بھی وہ پہلے بیٹنگ ہی کرنے والے تھے۔ چنانچہ سرفراز نے ایک فلیٹ وکٹ پر ٹاس جیتنے کا فائدہ نہیں اٹھا یا۔ دوسری اہم وجہ قومی بالروں کا وکٹ میں موجود بائونس کا فائدہ نہ اٹھانا تھا۔ تمام بالروں نے آسٹریلو ی بلے بازوں کو اگلے قدم پر کھیلنے کا موقع دیا یہی وجہ تھی کہ گرائونڈ کے سیدھے حصے میں بہت زیادہ رنز پڑے جو کہ ایک بائونسی وکٹ پرخاصی حیران کن بات ہے۔ اس کے برعکس آسٹریلوی بالروں نے وکٹ میں موجود بائونس کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور زیادہ تر پاکستانی بلے باز شارٹ پچ گیندیں کھیل کر آئوٹ ہوئے۔تیسری وجہ قومی فیلڈروں کی انتہائی ناقص فیلڈنگ تھی۔ آصف علی نے تین جبکہ کپتان سرفراز احمد نے ایک آسان کیچ چھوڑ کر آسٹریلوی بلے باز وں کو کھل کر رنز بنانے کا موقع فراہم کیا ۔ جبکہ آسٹریلوی فیلڈروں نے ایسا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔چوتھی اہم وجہ پاکستانی ٹاپ آرڈر کی انتہائی ناقص کارکردگی تھی۔ بابراعظم اچھا آغاز ملنے کے باوجود شارٹ گیند کوکنٹرول کرنے میںناکام ہوئے اور 30ہی رنز بنا سکے۔ اسی طرح شعیب ملک اور فخرزمان نے صفر صفر رنز بنائے ۔ جبکہ آ صف علی فیلڈنگ کی طرح بیٹنگ میں بھی ناکام رہے اور پانچ رنز بنا سکے۔ اس طرح ان چار اہم بلے بازوں نے مجموعی طور پر صرف 35رنز بنائے۔ جس کے نتیجے میں میچ پاکستان کے ہاتھوں سے نکل گیا۔پانچویں اہم وجہ پاکستان کا مقررہ اوورز سے قبل آئوٹ ہوجانا تھا۔ قومی ٹیم 45ویں ہی اوور میں ڈھیر ہوگئی جبکہ کسی بھی ہدف کو حاصل کرنے کےلئے یہ یقینی بنانا ضروری ہوتا ہے کہ ٹیم آخری اوور اور آخری گیند تک مقابلہ کرے۔

تازہ ترین خبریں