01:43 pm
آسٹریلیانے سری لنکاکوجیت کے لیے پہاڑ جیسا ہدف دیدیا

آسٹریلیانے سری لنکاکوجیت کے لیے پہاڑ جیسا ہدف دیدیا

01:43 pm

اوول (ویب ڈیسک )آسٹریلیا نے ورلڈ کپ کے ایک اہم میچ میں سری لنکا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان فنچ اور اسمتھ کی شان دار بلے بازی کی بدولت مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 334 رنز بنائے۔لندن میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو بلے بازوں نے بہترین آغاز فراہم کیا۔ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر ابتدائی شراکت میں 80 رنز کا اضافہ کیا تاہم ڈی سلوا نے وارنر کو آوٹ کرکے پہلی وکٹ حاصل کی جس کے بعد عثمان خواجہ بیٹنگ کے لیے آئے اور ایک مرتبہ پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام ہوئے۔
سابق کپتان اسمتھ اور موجودہ کپتان فنچ نے تیسری وکٹ کی شراکت میں آسٹریلیا کا اسکور 273 رنز تک پہنچایا اور سری لنکن کپتان کے فیصلے کو غلط ثابت کردیا اس دوران فنچ نے شان دار سنچری بنائی اور اسی پر اکتفا نہیں بلکہ 15 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 153 رنز کی بڑی اننگز کھیلی۔فنچ کے آؤٹ ہوتے ہی اسمتھ بھی مزید 4 رنز کا اضافہ کرکے ملنگا کو وکٹ دے بیٹھے تاہم انہوں نے 73 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی تھی۔گلین میکسویل نے آخری اوورز میں آؤٹ ہوئے بغیر 46 رنز بنائے لیکن دوسرے اینڈ سے دیگر بلےباز مسلسل آوٹ ہوتے رہے۔شان مارش 3 رنز بنا کر 310 کے مجموعی اسکور پر کیری 4 رنز بنا کر 317 کے مجموعے پر پویلین لوٹے اور آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز پیٹ کمنز تھے جو صفر پر آؤٹ ہوئے۔آسٹریلیا نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 334 رنز بنا کر سری لنکا کو ایک بڑا ہدف دے دیا۔سری لنکا کی جانب سے اوڈانا اور ڈی سلوا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔سری لنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا — فوٹو: ڈان نیوزاس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان آخری پانچ مقابلوں میں سے 4 میچز میں آسٹریلیا جبکہ ایک میچ میں سری لنکا نے کامیابی حاصل کی۔کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے اب تک کے پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا 4 میں سے 3 میچز میں کامیابی حاصل کرکے 6 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ سری لنکا نے 4 میں سے ایک میچ میں کامیابی حاصل کی، ایک میں شکست اور 2 میچز بارش کی وجہ سے متاثر ہوئے، جس کے بعد ٹیم کے 4 پوائنٹس ہیں۔آج کا دوسرا میچ اور ایونٹ کا 21 واں میچ کارڈف میں افغانستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیوں کے درمیان کھیلا جائے گا، یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 5 بجے شروع ہوگا۔