03:24 pm
ورلڈ کپ ابھی ختم نہیں ہوا،قومی ٹیم سیمی فائنل میں جاسکتی ہے ،سرفراز احمد

ورلڈ کپ ابھی ختم نہیں ہوا،قومی ٹیم سیمی فائنل میں جاسکتی ہے ،سرفراز احمد

03:24 pm

اسلام آباد (روزنامہ اوصاف ) بہت کچھ سنا ، بہت کچھ برداشت کیا اور کچھ نہ بولے مگر اب آخر کار سرکپتان سر فراز احمد کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے اور انہوںنے سابق قومی کھلاڑیوں کی بری طرح تنقید پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ سابق کھلاڑی خود کو زمینی خدا سمجھ رہے ہیں،پاکستان کو ٹی 20 کی نمبر ون ٹیم بنوانے والے کپتان کا کہنا تھا کہ سابق کھلاڑیوں کی رائے پر کچھ نہیں کہوں گا۔
سرفراز احمد نے کہا کہ چیمپئینز ٹرافی2017ءجیت کربھی ہمارے پیر زمین پر تھے۔انھوں نے کہا کہ ورلڈکپ 2019 ءابھی جاری ہے، ٹورنامنٹ ابھی ختم نہیں ہوا، قومی ٹیم سیمی فائنل میں جاسکتی ہے۔خیال رہے کہ ورلڈ کپ 2019ءمیں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی، ویسٹ انڈیز، بھارت آسٹریلیا کے خلاف گرین شرٹس کو شکست ہوئی۔پاکستان نے ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیم انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دی جب کہ سری لنکا اور پاکستان کا میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا،اس وقت پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ میں محض ایک کامیابی کے باعث نویں نمبر پر ہے اور اس کا ٹورنامنٹ میں کم بیک کرنا خاصا دشوار ہے، اسے باعث ٹیم کو سابق کھلاڑیوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔ پاکستان اگر اپنے اگلے چاروں میچز جیتے تو اس کے 11 پوائنٹس ہوں گے۔نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور بنگلادیش آگے آنے والے میچز نہ جیتیں اورسابق عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز بھی کم از کم دو میچز ہار جائے تو پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے، ورنہ قومی ٹیم کی وطن واپسی ہوگی۔

تازہ ترین خبریں