06:08 am
سرفراز کو ٹیسٹ اور ون ڈے کی قیادت سے ہٹانے کی تجویز زیر غور نہیں، پی سی بی

سرفراز کو ٹیسٹ اور ون ڈے کی قیادت سے ہٹانے کی تجویز زیر غور نہیں، پی سی بی

06:08 am

اسلام آباد (نیوز ڈیسک )ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں کوالیفائی نہ کرنے کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی) نے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کے امکانات کو رد کردیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کپتان سرفراز احمد کی کارکردگی کا جائزہ ضرور لے رہا ہے لیکن ٹیسٹ اور ون ڈے فارمیٹ کی قیادت سے انہیں ہٹانے کی فوری طور پر کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔پی سی بی کے ایم ڈی وسیم خان نے ہفتے کو جیو کو بتایا کہ کپتان کی تقرری چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا استحقاق ہے لیکن ابھی سرفراز احمد کو تبدیل کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ آئی سی سی میٹنگ کے بعد لاہور جاکر اس بارے میں بات چیت ہوگی۔
کپتان کی تبدیلی کے حوالے سے میڈیا کی قیاس آرائیوں میں اس وقت کوئی صداقت نہیں ہے۔واضح رہے کہ ڈیڑھ سال پہلے مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد شہریار خان نے سرفراز احمد کو تینوں فارمیٹ کا کپتان مقرر کیا تھا۔ اس وقت پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم عالمی نمبر ایک ہے جبکہ ون ڈے اور ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی ملی جلی ہے۔برمنگھم سے فون پر بات کرتے ہوئے وسیم خان نے کہا کہ ستمبر کے آخر میں سری لنکا کے ساتھ دو ٹیسٹ کی سیریز ہے۔ ون ڈے میچ دسمبر میں ہوں گے۔ کرکٹ کمیٹی کی 29 جولائی کی میٹنگ میں کپتان کی کارکردگی پر بھی بات ہوگی لیکن کرکٹ کمیٹی مکی آرتھر اور دیگر کوچز اورسلیکشن کمیٹی کی 3 سالہ کارکردگی کا جائزہ لے گی۔