05:29 pm
سری لنکن کرکٹ بورڈ کا دورہ پاکستان کے حوالے سے وارننگ ملنے کا انکشاف

سری لنکن کرکٹ بورڈ کا دورہ پاکستان کے حوالے سے وارننگ ملنے کا انکشاف

05:29 pm

کولمبو (مانیٹرنگ ڈیسک)سری لنکن کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان سے قبل اپنی حکومت سے سکیورٹی کی صورتحال کوجانچنے کےلئے ایک بار پھر معاونت طلب کر لی ہے۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پہلے سے چل رہی گومگوں کی صورتحال پر ایک تازہ موقف دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انھیں دورہ پاکستان کے حوالے سے ایک وارننگ موصول ہوئی ہے ۔ وارننگ میں بتایا گیا ہے کہ ٹیم کو دورہ پاکستان کے دوران سکیورٹی خدشا ت ہوسکتے ہیں۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کے حوالے سے ایک بار پھر سیکیورٹی کا از سر نو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کیلیے حکومتی معاونت طلب کرلی گئی ہے۔سری لنکن بورڈ کو حکومت کی جانب سے تازہ بریفنگ دی جائے گی۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ کے اعلان کے مطابق بورڈ کو سری لنکن وزیر اعظم کے آفس کی جانب سے دورہ کے حوالے سے ایک وارننگ موصول ہوئی ہے۔سری لنکن بورڈ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم آفس کو اطلاع دی گئی ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی خدشات ہوسکتے ہیں جس کے بعد سیکیورٹی کا ازسر نو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سری لنکن بورڈ ٹیم کی روانگی سے قبل تمام معاملات کا انتہائی ذمے داری کے ساتھ جائزہ لے گا۔سری لنکن ٹیم پاکستان میں 3 ون ڈے اور3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گی۔دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے میچز27 ، 29 ستمبر اور2 اکتوبر کو کراچی جب کہ ٹی 20 سیریز کے تینوں میچز 5، 7 اور 9 اکتوبر کو لاہور میں ہوگی۔یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے سری لنکا کے کرکٹرز کو پاکستان کے دورے سے متعلق دھمکائے جانے کا انکشاف ہوا تھا تاہم سری لنکا کے وزیر کھیل نے اس کی تردید کی ہے۔

تازہ ترین خبریں