02:47 pm
غیر ملکی فرم کے کرکٹ پاکستان کے تمام اثاثے ضبط کرنے کی دھمکی

غیر ملکی فرم کے کرکٹ پاکستان کے تمام اثاثے ضبط کرنے کی دھمکی

02:47 pm

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کی کرکٹ ٹیم اس وقت دورہ انگلینڈ پر موجود ہے لیکن اس دوان ہی پاکستانی کرکٹ کےلئےانتہائی تشویشناک خبرآگئی ہے۔ نیب سے کیس جیت جانے والی آئزل آف مین رجسٹرڈ براڈ شیٹ ایل ایل سی نامی فرم نے دھمکی دی ہے کہ وہ پاکستان کے کے سارے کرکٹ اثاثوں پر قبضہ کر لے گی۔ لندن میں نیب کے خلاف مقدمہ جیتنے والی کمپنی ’براڈشیٹ ایل ایل سی' کے وکیل کی جانب سے اسلام آباد ایک خط بھیجا گیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور نیب، ایوارڈ کی 33 ملین ڈالرسے زائد رقم ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں جس پر عدالت کی جانب سے پیشہ
وارانہ بیلفس کو ’پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اثاثے ضبط کرنے کی ہدایت‘ کی گئی ہے اور ان کی کارروائی دو روز میں شروع ہوجائے گی۔خط میں کہا گیا ہے کہ اگر بیلفس نے پاکستان ٹیم کا سامان ضبط کیا تو ٹیم کے لیے مشکل صورت حال پیدا ہوجائے گی۔ایک رپورٹ کے مطابق سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں برطانیہ اور امریکا میں کم وبیش 200 پاکستانیوں کے اثاثوں کا پتہ لگانے کے لیے آئزل آف مین رجسٹرڈ براڈشیٹ ایل ایل سی نامی فرم کی خدمات حاصل کی گئی تھیں اور اس سلسلے میں آصف علی زرداری، بینظیر بھٹو، نواز شریف اور لیفٹیننٹ جنرل اکبر کو بطور خاص ہدف بنایا گیا تھا۔ اس معاہدے کے تحت مقررہ اہداف سے وصول شدہ رقم میں سے 20 فیصد کمپنی کو ادا کی جانی تھی، تاہم کسی بھی الزام کا ثبوت نہیں ملا اور ایک عشرے کے دوران برطانیہ سے ایک روپیہ بھی واپس نہیں لایا جاسکا۔ ذرائع کے مطابق ان اخراجات سے ہٹ کر براڈ شیٹ کمپنی فیصلہ اپنے حق میں آنے کے بعد نیب سے قانونی چارہ جوئی اور کیس کے اخراجات کی مد میں مزید ایک کروڑ امریکی ڈالر کا دعویٰ بھی کرے گی جبکہ سود کی مد میں 7 فیصد بھی وصول کرنا چاہے گی