02:23 pm
  بھارت کو جواب ضرور ملے گا

بھارت کو جواب ضرور ملے گا

02:23 pm

 دشمن نے  ملکی سرحدوں پر جارحانہ دستک کیا دی ، ہم سب سیاست چھوڑ کر ایک ہو گئے ۔ سیاسی چو مکھی لڑائی  میں مصروف ،اپنی اپنی  سیاست چمکانے  والے پوائنٹ سکورنگ چھوڑ کر  پاک فوج  کے شانہ بشانہ  کھڑے ہو گئے ۔  اس وقت قوم کو بھی کرپشن چھپانے کی کہانیوں سے دلچسپی ہے اور نہ ہی عوام اپوزیشن رہنمائوں کی بلا جواز تنقید  چاہتے ہیں ۔حکومت بھی سب  کو اعتماد میں لے کر چلے کیونکہ   یہ وقت ہے اتحاد، یکجہتی اور کندھے سے کندھا ملانے ،قدم سے قدم جوڑنے کا،تاکہ دشمن   کو  یہ باور کرایا جائے کہ ہماری اندرونی سیاسی کشمکش اپنی جگہ لیکن اگر کسی بیرونی دشمن نے وطن عزیز کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو پاکستانی قوم متحد ہو کر اس کی آنکھیں نوچنے کی طاقت اور صلاحیت رکھتی ہے۔
         بھارت نے  2016ء کی طرح پیر اور منگل کی شب ایک اور بزدلانہ حرکت کی ،  اسکی طرف سے      رات کے اندھیرے میں  چوروں کی طرح فضائی حملہ کرنیکی ایک  گھٹیا  کوشش کی  گئی   جسے پاک فضائیہ کے شاہینوں نے مکمل طور پر لمحوں میں ناکام بنا دیا۔  پاکستانی فضائی حدودکی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی جنگی طیارے در اندازی کرتے ہوئے  تین سے چار کلو میٹر تک پاکستانی فضائی حدود میں گھس آئے مگر چاک و چوبند،ہوشیار،چوکس،ملکی دفاع کیلئے ہر لمحہ تیار پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فوری تعاقب کر کے بھارتی دہشتگردوں کو دم دبا کر بھاگنے پر مجبور کر دیا،بھارتی درانداز پاکستان کی جوابی کارروائی سے ایسے بدکے کہ بھاگتے ہوئے اپنے جہازوں میں لدا اسلحہ اورسازو سامان بھی پھینک گئے۔رات بھر بھارتی میڈیا نے آسمان سر پر اٹھائے رکھا،دعویٰ کیا گیا کہ بھارت نے سرجیکل سٹرائیک کر کے دو   سو سے زائد پاکستانیوں کو (خاکم بدہن) مار ڈالا، صبح ہوتے ہی جب پاکستانی میڈیا نے علاقے  کا کیمروں کی آنکھوں کیساتھ دورہ کیا تو وہاں راوی چین ہی چین لکھ رہا تھا ،زندگی معمو ل  کیمطابق جاری تھی، کوئی ہلاکت نہ زخمی، مالی نقصان  نہ کسی عمارت کو گزند،مقامی لوگوں نے بتایا کہ  رات کے وقت  پہاڑوں پر کچھ دھماکوں کی آواز   سنائی دی تھی، تحقیقات سے معلو م ہواء کہ بھارتی طیاروں نے جو سامان پھینکا تھااس کے گرنے سے پہاڑ کی چوٹی پر ایک گھر کو معمولی نقصان ہواء جبکہ ایک شخص معمولی زخمی ہواء،بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ مذکورہ علاقہ میں کالعد م جیش محمد کے تربیتی کیمپ کو نشانہ بنایا گیا،پاکستانی میڈیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقہ کے چپے چپے کو چھان مارا مگر کوئی کیمپ ملا نہ تربیت دینے اور لینے والوںکا کوئی سراغ ،مگر بھارتی میڈیا پوری ڈھٹائی کیساتھ پاکستان کیخلاف زہر اگلتا رہا،اس طرح ایک طرف اپنی  کارروائی کو جواز فراہم کرنے اوردوسری جانب عالمی برادری کو صفائی پیش کی گئی،ساتھ ہی جنونی ہندوئوں کو راضی کرنے کی کوشش کی گئی۔
          بزدلانہ کارروائی کا نتیجہ بھی پھوہڑ پن  نکلا،یہ ایسی ہی ایک کارروائی تھی جب مودی کے اقتدار سنبھالنے کے فوراً بعد 2016ءمیں بھارتی عسکری اور سیاسی قیادت نے پاکستان کے اندر سٹرائیک کا زوردار دعویٰ کیا،مگر اس کے نتیجے میں پاکستا ن  میں نہ کوئی پتہ پھڑکا نہ کسی چڑیانے پر مارا،بھارتی حکمران شیخی بگار کر اپنی انتہا پسند عوام کو خوش کرتے رہے،اور پاکستا ن کھل کر پوچھتا رہا کہ   سارا ڈرامہ کہاں رچایا گیا یہاں تو کوئی سٹرائیک نہیں ہوئی،اس بار البتہ بھارت نے ہمت دکھائی مگراسے منہ کی کھانا پڑی،بھارتی فوجی اورعسکری قیاد ت کو   اپنی اس کوشش کے نتائج کا بخوبی علم تھامگر ہائے الیکشن کہ بھارتی حکمران جیت کیلئے بھارت کا مستقبل ،خطے کی سلامتی اور   امن کو دائوپر لگانے سے بھی نہیں چوک رہے۔
         میں نے گزشتہ کالم میں خدشہ ظاہر کیا تھا کہ مودی الیکشن جیتنے کیلئے کوئی مس ایڈونچر پاکستان کیخلاف کر سکتا ہے،یہ حملہ تو  نہیں کہا جا سکتا مگر در اندازی اس ایڈونچر کی ابتداء تھی،کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم میں بھی اضافہ ہو چکا ہے،بھارتی حکومت نے مزید 10ہزار فوجی وادی میں بھیج دئیے ہیں،حریت قیادت اور کارکنان کے خلاف کریک ڈائون شروع کر دیا گیا ہے،دھڑا دھڑ گرفتاریاں ہو رہی ہیں،بھارت کی دیگر ریاستوں میں بھی کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا ہے،گمان ہے کہ ابھی یہ سلسلہ مزید دراز ہو گا۔اس جارحیت کو روکنے کیلئے اگرچہ پاکستان کی مسلح افواج ہمہ وقت چوکس ہیں،آرمی چیف پوری طرح متحرک ہیں،انہوں نے کنٹرول لائن،نیول اور ائر ہیڈ کوارٹرز کے دورے کئے آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا،حکومت نے پارلیمینٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کر لیا ہے تاکہ اس حوالے سے سیاسی ہم آہنگی پیدا کی جا سکے،تاہم اس سلسلے میں مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔     کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں،محض اپنے جذبے اور زور بازو سے،دنیا بھر کا کوئی ملک یہاں تک کہ کوئی مسلمان ملک بھی ان کی اس طرح مدد نہیں کر رہا جس کے وہ مستحق ہیں حتٰی کہ پاکستان بھی نہیں،حالانکہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کیوجہ سے بھارت کی توجہ بٹی ہوئی ہے،ورنہ وہ سارا زور پاکستان کیخلاف لگا دیتا،مشرقی پنجاب میں سکھ   بھی کرتار پور راہداری کھولنے کے وزیراعظم عمران خان کے اقدام   کے بعد پاکستان کےحامی ہیں ۔ سکھوں نے باقاعدہ اعلان کے ذریعے بھارتی حکومت پر واضح کر دیا ہے کہ مشرقی پنجاب کے کسی بارڈرسے پاکستان پر حملہ  کی اجازت نہیں دی جائے گی،ضرورت ہے سکھ برادری کا دل جیتنے کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں اور پاکستان حکومت سکھ یاتریوں کو مزید سہولیات فراہم کر کے بھارت کے بارڈر پر اپنے دوستوں کی تعداد میں اضافہ کرے۔ اس سلسلے میں  ضرورت رازداری کی بھی ہے(باقی صفحہ نمبر6 بقیہ نمبر3)
 دانشمندی کی بھی اور بھارت کے منفی پراپیگنڈہ کا موثر جواب دینے کیلئے ہوشمندی کی بھی۔
         اب ذاتی ،سیاسی اور مفاداتی جنگ کا موقع محل نہیں سوال ملکی سلامتی کاہے اسلئے پوری قوم  متحد ہو چکی ہے  ۔ سب جانتے ہیں اگراب بھی ہم نے ہوشمندی سے کام نہ لیاتو یہ دشمن کو موقع دینے کے برابر ہو گا،نوازشریف  اپنی نامعلوم بیماری ،آصف زرداری منی لانڈرنگ  کے   ریفرنسز کو بھول کراتحاد یکجہتی کیلئے کام کر رہے ہیں۔ قوم نے  مذہب،زبان،صوبہ،رنگ،نسل،ذات برادری،پارٹی اختلافات کو  الگ رکھ   دیا ہے،کیونکہ یہ   جاگتے رہنے کا سماں  ہے،دانشمندی اور ہوشمندی کا مظاہرہ کرنے کا موقع ہے۔ قوم نے واضع پیغام دے دیا ہے  کہ وہ ایک ہے   ۔ بھارت جان لے  اور ا نتظار  کرے ،   ہم دفاع وطن کےلئے پاک  فوج کے شانہ بشانہ کھڑے  ہیں ،بھارت کو جواب ضرور ملے گا۔
 

تازہ ترین خبریں

عمران خان کو ایک اور مشیر چھوڑ دیا۔۔ وزیراعظم نے استعفیٰ منظورکرلیا

عمران خان کو ایک اور مشیر چھوڑ دیا۔۔ وزیراعظم نے استعفیٰ منظورکرلیا

دنیا بھی مان گئی ، فوجی قوت میں پاکستان دنیا کا دسواں طاقتور ترین ملک بن گیا

دنیا بھی مان گئی ، فوجی قوت میں پاکستان دنیا کا دسواں طاقتور ترین ملک بن گیا

پاکستان کو دنیا بھر میں ذلیل کیا جارہا ہے، آپ کو تبدیلی پسندآئی ؟

پاکستان کو دنیا بھر میں ذلیل کیا جارہا ہے، آپ کو تبدیلی پسندآئی ؟

اجلاس کے دوران وزیراعظم غصہ کر رہے تھے تو ندیم افضل زیر لب مسکراتے ہوئے زیر لب کیا کام کر رہے تھے ؟  

اجلاس کے دوران وزیراعظم غصہ کر رہے تھے تو ندیم افضل زیر لب مسکراتے ہوئے زیر لب کیا کام کر رہے تھے ؟  

“شہزاداکبرکون ہے ؟ اسکی کریڈیبلٹی کیا ہے، یہ وہ بدکردار شخص ہے جو کمیشن مانگتا ہے 

“شہزاداکبرکون ہے ؟ اسکی کریڈیبلٹی کیا ہے، یہ وہ بدکردار شخص ہے جو کمیشن مانگتا ہے 

پاکستان کے اہم شہر میں سرکاری ملازم نے بیوی اور بیٹی کو قتل کر دیا ! لرزہ خیز خبر

پاکستان کے اہم شہر میں سرکاری ملازم نے بیوی اور بیٹی کو قتل کر دیا ! لرزہ خیز خبر

پاکستان کے اہم علاقے میں  اہلکاروں کی جانب سے نوجوان کے گلے میں پٹہ ڈال کر سڑک پر گھما نے کی ویڈیو وائرل

پاکستان کے اہم علاقے میں  اہلکاروں کی جانب سے نوجوان کے گلے میں پٹہ ڈال کر سڑک پر گھما نے کی ویڈیو وائرل

خون سفید ہو گیا، بیٹے نے جائیداد کی خاطر سگے باپ کو شوٹرز کی مدد سے مروا دیا 

خون سفید ہو گیا، بیٹے نے جائیداد کی خاطر سگے باپ کو شوٹرز کی مدد سے مروا دیا 

چین اور بھارت کے سرحدی علاقہ سے تیسری جنگ عظیم کا آغاز

چین اور بھارت کے سرحدی علاقہ سے تیسری جنگ عظیم کا آغاز

وزیراعظم کے حکم پر ملک بھر میں اسمگل شدہ پٹرول کی فروخت کیخلاف بڑا کریک ڈاون

وزیراعظم کے حکم پر ملک بھر میں اسمگل شدہ پٹرول کی فروخت کیخلاف بڑا کریک ڈاون

’اپوزیشن کیا چاہتی ہے‘ پٹرول مہنگا ہونے پر مریم نواز نے وزیر اعظم کے سوال کا جواب دے دیا

’اپوزیشن کیا چاہتی ہے‘ پٹرول مہنگا ہونے پر مریم نواز نے وزیر اعظم کے سوال کا جواب دے دیا

تحریک انصاف نے بھارت اور اسرائیل سے فنڈنگ لی۔۔20، 22نہیں بلکہ کتنے اکاؤنٹس میں پیسے آئے ۔۔۔؟

تحریک انصاف نے بھارت اور اسرائیل سے فنڈنگ لی۔۔20، 22نہیں بلکہ کتنے اکاؤنٹس میں پیسے آئے ۔۔۔؟

 راولپنڈی میں زمین کے تنازع  پر فائرنگ ، چار افراد  جاں بحق  ،چھ زخمی

راولپنڈی میں زمین کے تنازع پر فائرنگ ، چار افراد جاں بحق ،چھ زخمی

نیا پاکستان اتنا گندا ہوگا یہ کسی کو نہ پتہ تھا، عظمیٰ بخاری

نیا پاکستان اتنا گندا ہوگا یہ کسی کو نہ پتہ تھا، عظمیٰ بخاری