08:19 am
اسلامی کانفرنس میں بھارتی وزیر خارجہ !

اسلامی کانفرنس میں بھارتی وزیر خارجہ !

08:19 am

٭صبح سے بجلی بند ہے !O..بھارت کا حملہ ناکام !O.. بھارتی فوج بددل،68 فیصد اسلحہ ناکارہ ہے، امریکی اخبار !O.. بھارتی پائلٹ کوریٹائر کرنے کا فیصلہ !O..بھارت کے 15 وزیراعظم، مسلمان ایک بھی نہیں !O..نواز شریف نے چیف جسٹس کو جیل بھیجنے کی کوشش کی، 22 سال بعد چودھری شجاعت حسین کی پریس کانفرنس !O.. مقبوضہ کشمیر :  جماعت اسلامی کی گرفتاریاں !O..
 
٭وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انکشاف کیا ہے کہ اپنے دوطیارے تباہ کرانے اور دوپائلٹ مروانے کے بعد بھارت نے بہاول پور اور کراچی میں براہموس میزائل برسانے کا منصوبہ بنایا تھا مگر پاکستان کی ایجنسیوں اور بعض دوست ممالک کو بروقت علم ہوگیا۔ اس پر بھارت کو پیغام دیاگیا کہ اس نے ایسی کوئی حرکت کی تو اس کے 9 اہم مقامات کو نیست و نابود کردیا جائے گا۔وزیر خارجہ کے مطابق اس پر بھارت کا منصوبہ تورُک گیا مگر پورے پاکستان میں دفاع، داخلہ اور خارجہ کی وزارتیں 27 اور28 فروری کی رات جاگتی رہیں اور تینوں افواج ہائی ریڈ الرٹ رہیں۔ بھارت کوئی کارروائی بھی کرسکتا تھا۔اسی خدشہ کی بنا پر ملک بھر کے تمام ہوائی اڈے بند کرا دیئے گئے۔ بھارت سے اور تو کچھ نہ ہوسکا، اس نے کنٹرول لائن پر بھاری فائرنگ شروع کردی جس سے دو پاکستانی فوجی شہید ہوگئے۔ پاکستان کی فوج نے سخت جوابی کارروائی کی۔ مقبوضہ کشمیر کے ایک ہسپتال میں آٹھ فوجیوں کی لاشیں گئیں! قارئین کرام! فوجی ادھر کے ہوں یا اُدھر کے ،سب انسان تھے، جو مودی نام کے ایک موجودہ عہد کے وحشی ہٹلر کی وحشت کی بھینٹ چڑھ گئے۔ جرمنی کے ظالم آمر ’ہٹلر‘ کی ذاتی انا  نے 1939 کی جنگ چھیڑ دی جو تقریباً چھ سال جاری رہی۔ اس میں ایشیا ، امریکہ، یورپ کے تقریباً ساڑھے پانچ کروڑ انسان ہلاک، سینکڑوں آبادیاں نیست ونابود ہوگئیں، کھربوں کا اسلحہ، ہزاروں طیارے( امریکہ کے 200 طیارے) تباہ، درجنوں ممالک دیوالیہ ہوگئے۔ امریکہ واحد ملک تھاجسے اس عالمگیر جنگ سے بے انتہا فائدہ ہوا۔ اس کی اسلحہ ساز فیکٹریاں دن رات اسلحہ اگلنے لگیں اورایشیا، افریقہ اور یورپ کے تباہ حال ملکوں کو اسلحہ فراہم کرنے لگیں۔ یہ لمبی داستان ہے۔ ہٹلر تو خود کو گولی مار کر مرگیا مگر اپنے بعد اندرا گاندھی، سوچی، کچھ افریقی بادشاہ اور اب نریندر مودی جیسے چھوٹے چھوٹے آمر چھوڑ گیا۔ مودی نے مقبوضہ کشمیر میں بربریت کی انتہا کردی۔
اور اب ہوا کیا ہے کہ مودی کی ساری چالیں ناکام ہوگئیں، پچھلے چند روز میں اربوں کی مالیت کے دو طیارے چھ فوجی چوکیاں تباہ، دو پائلٹ اور آٹھ فوجی مروا لیے۔ بھارت میں مودی پر لعن طعن کی بوچھاڑ ہورہی ہے۔ بھارتی میڈیا اور قوم  چند روز پہلے مودی کے اعلانات پر اپنی ابتدائی کامیابیوں پر جشن منا رے تھے، حقیقت کا علم ہونے پر ان پر سوگ کا عالم طاری ہے۔انہوں نے مودی کو گھیر لیا ہے۔ اس کی فوجی چالیں تو ناکام ہوئیں، مرے کو مارے شاہ مدار کہ منت سماجت کرکے اپنی وزیر خارجہ سشما سوراج کو ابوظہبی میں اسلامی وزرائے خارجہ کی کانفرنس میں دھکیل دیا۔ اس نے پاکستان کے خلاف منہ بھر کر ہرزہ سرائی کی۔ اس کی موجودگی کے باعث افتتاحی اجلاس میں پاکستان شریک نہ ہوا بعد کے اجلاسوں میں پاکستانی وفد شریک ہوااور کانفرنس نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی بربریت کے خلاف مذمت کی بھرپور قرارداد منظور کرلی۔ اس پر مودی کی حکومت اور سشما سوراج کی شامت آگئی ہے۔ بھارتی میڈیا اوراپوزیشن پارٹیاں غضب ناک ہورہی ہیں کہ وہ کانفرنس میں کیا کرنے گئی اور کیا لے کر آئی ہے؟ اپوزیشن کا نگریس نے روس سے (فرانس سے!) جدید ترین رفائیل طیارے کے سودے میں مودی کی 30 ہزار ارب روپے کی کرپشن کا کڑا محاسبہ شروع کردیا ہے۔ اب مودی سوچ رہاہے کہ یہ سب کچھ کیا ہوگیا اس نے 32 روز کے بعد عام انتخابات جیتنے کے لیے پاکستان کے خلاف منصوبے تیار کیے تھے جواُلٹا اس کے گلے پڑ گئے ہیں۔ اب وہ بیٹھا سر کھجا رہاہے!!
٭قارئین کرام! کیا کبھی آپ کے سامنے یہ بات آ ئی ہے کہ سکیولر بھارت میں اب تک 15  وزرائے اعظم آچکے ہیں، ان میں ایک بھی مسلمان نہیں تھا۔ ذرا یہ فہرست پڑھئے۔ 1947 کے بعد پنڈت نہرو (18سال) ، لال بہادر شاستری، مرار جی ڈیسائی، چرن سنگھ، پھر اندراگاندھی(کل11 سال)،راجیو گاندھی، دی پی سنگھ، چندر شیکھر،نرسیماراؤ، اٹل بہاری واجپائی، دیو گوڈا(صرف آٹھ ماہ) ،انند کمار گجرال، من موہن سنگھ اوراب نریندرمودی! ان 15 وزرائے اعظم میں صرف ایک شخص دیو گوڈا جنوبی ہندوستان کی دلت ( اچھوت) برادری سے کسی طرح وزیراعظم بنامگر ہندو ارکان اسمبلی اور افسر شاہی نے اس کو چلنے نہ دیااور وہ صرف آٹھ ماہ کے بعد مستعفی ہونے پر مجبور ہوگیا۔ ویسے اس فہرست میں کوئی عیسائی وزیراعظم بھی دکھائی نہیں دیتا جب کہ کروڑوں مسلمانوں سے کہیں کم تعداد والی سکھ برادری سے دو سکھ وزیراعظم آئے! سکیولر بھارت!
٭چودھری شجاعت حسین ،نوازشریف کے دور میں وزیر اطلاعات اور وزیر داخلہ کے طورپر نوازشریف کے حاشیے پر بیٹھے رہے۔ وزیراطلاعات کے طورپر میڈیا کے ذریعے نواز شریف کے گن گاتے رہے۔ وزیرداخلہ کے طورپر ہر قسم کے اقدام پرنوازشریف کے حق میں صفائیاں پیش کیں، انہی کے دور میں سپریم کورٹ پر حملہ ہوا۔ بعد میں چودھری پرویزالٰہی کے ساتھ نوازشریف کو گرفتار کرنے والے جنرل مشرف کے زیر سایہ آگئے۔ چودھری پرویزالٰہی کو جنرل مشرف نے پنجاب کا وزیراعلیٰ بنادیا۔ انہوں نے احسان کا قرض اتارنے والا جملہ کہا کہ ’ ہم جنرل صاحب کو 10بار باوردی صدر منتخب کرائیں گے‘‘۔ یہ لمبی داستان ہے۔ چودھری شجاعت کو اب تقریباً22 سال کے بعد نوازشریف کے چند قابل مذمت کارنامے یاد آئے ہیں۔ گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں فرمایا ہے کہ نوازشریف نے وزیراعظم کے طورپر چیف جسٹس سجاد علی شاہ کو جیل بھیجنے کی سازش کی تھی اور...اور .... یہ کہ اس سازش میں مجھے اور وزیر قانون خالد انور کو آلہ کار بنایاگیاتھا۔میں اور خالد انور چیف جسٹس کے پاس بھی گئے مگر یہ سازش چل نہ سکی۔ اور بھی بہت سے انکشافات چودھری صاحب نے بیان کیے جو چھپ چکے ہیں۔ اب جب خود چودھری صاحب فرما رہے ہیں کہ وہ بذات خود ان سازشوں میں شریک رہے ہیں ، تو سرفراز سید کیا بات کرے؟
٭وسیع پیمانہ پر بارشوں سے ڈیم بھرگئے ہیں مگر لاہور کے مختلف علاقوں میں باری باری تقریباً آٹھ گھنٹے مسلسل بجلی بند کی جارہی ہے۔ اس دوران اس علاقے میں پانی بھی بند رہتاہے۔ میں یہ کالم اسی عالم میں ، دھوپ کی روشنی میں لکھ رہا ہوں ۔ طوفانی بارشوں کا ایک اہم فائدہ بھی ہواہے کہ کراچی سے کچھ فاصلہ پر بلوچستان کی حدود میں واقع حب ڈیم لبالب بھرگیا اور اوپر سے بہنے لگا ہے۔ کچھ عرصہ قبل یہ ڈیم بالکل سوکھ گیا تھااور کراچی میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی تھی۔ آبی ماہرین کے مطابق اب ڈیم میں اتنا پانی آگیا ہے کہ پورے کراچی کی پونے دو کروڑ آبادی کو ڈیڑھ سال تک پانی فراہم کیا جاسکے گا۔
٭ایک عرصے کے بعد لاہور کے پسماندہ علاقے میں گھروں کا کام کاج کرنے والی نہائت غریب بچی کی رخصتی کا مسئلہ درپیش ہے۔ مارچ کے تیسرے ہفتے میں رخصتی ہوگی۔ باپ معذور ہے۔ گھروں میں کام کاج کرکے ماں بیٹیوں نے کچھ کپڑے وغیرہ بنالیے ہیں۔ اب صرف کھانے کا مسئلہ ہے۔ بچی کی منگنی ایک کھاتے پیتے گھر میں ہوئی ہے وہ اچھا کھانا مانگ رہے ہیں ۔ اس بچی کے بارے میں مزید معلومات میرے موبائل نمبر(0333-41489962) کے ذریعے حاصل کی جاسکتی ہیں۔

تازہ ترین خبریں