09:57 am
 پاکستان کی طاقت کا شاندار ولولہ انگیز مظاہرہ

پاکستان کی طاقت کا شاندار ولولہ انگیز مظاہرہ

09:57 am

٭شاندار پریڈ، ملائیشیا کے وزیراعظم، سعودی عرب، بحرین، آذربائیجان کے فوجی حکام، فوجی دستے، چین اور ترکی کے طیارے! O یوم پاکستان پر بھارتی وزیراعظم کا نہائت ’’محبت بھرا‘‘ پیغام!O ڈالر 142 روپے کا ہو گیاO کراچی میں مفتی تقی عثمانی پرقاتلانہ حملہO بھاڑ میں جائو میں اپنے بیانیہ پر قائم ہوں بلاول کا مخالفین کو جواب O سابق وزیراعظم شوکت عزیز اشتہاری ہو گئے!O دبئی: نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا کی تصویر بلند ترین برج خلیفہ پرO نوازشریف نے انڈے، آلوگوشت، کریلے، چاول کھائے O مقبوضہ کشمیر میں مزید چار افراد شہید۔
٭میں اسلام آباد میں یوم پاکستان پر پاک مسلح افواج کی اعلیٰ، شاندار پریڈ دیکھ رہا ہوں۔ پاکستان کے صدر اور وزیراعظم کے ساتھ ملائیشیا کے وزیراعظم، بحرین کے فوجی سربراہ، آذربائیجان  کے وزیردفاع، پریڈ میں پاکستان کی تینوں مسلح افواج، جدید ترین اسلحہ کے ساتھ، سری لنکا، برونائی، سعودی عرب اوار بحرین کے فوجی دستے اور چین اور ترکی کے طیارے…! ولولہ انگیز مناظر! بھارتی حکومت نے بڑے فخر سے کہا تھا کہ ہم نے پاکستان کو دُنیا میں تنہا کر دیا ہے! پریڈ کیا بتا رہی ہے؟ بھارتی حکومت بھی یہ پریڈ دیکھ رہی ہو گی! زندہ باد پاکستان! زندہ باد پاک افواج! بھارت کے پیدا کردہ جنگی ماحول میں سرعام اعلانیہ زبردست فوجی پریڈ بھارت کے حکمرانوں کو سیدھا کھرا جواب!
٭ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کے وفد کے ساتھ پاکستانی حکام کے اہم اقتصادی معاہدے۔ پاکستان ملائیشیا کو ایف 17 تھنڈر طیارے، جدید میزائل، گوشت اور چاول فراہم کرے گا۔ ترکی کراچی میں اپنی مشہور کار ’پروٹون‘ کی فیکٹری لگائے گا۔ ’پروٹون‘ جاپان، امریکہ اور فرانس وغیرہ کی کاروں کے اعلیٰ معیار کی کار ہے۔ ملائیشیا کا شمار اس وقت گیارہ بڑے کار ساز ممالک میں ہوتا ہے۔ پروٹون کاروں کی تیاری ملائیشیا میں 1938ء میں شروع ہوئی۔ یہ کار آسٹریلیا، برطانیہ، مصر سمیت 70 ممالک میں استعمال ہو رہی ہے۔ ملائیشیا کے اندر اب تک37 لاکھ 60 ہزار، برطانیہ میں ایک لاکھ 41 ہزار آسٹریلیا میں 35 ہزار، سنگاپور میں 24 ہزار، تھائی لینڈ میں 20 ہزار، جرمنی میں 15 ہزار 400، مصر میں 13 ہزار پروٹون کاریں فروخت ہوچکی ہیں۔ متعدد دوسرے ممالک میں بہت مقبول ہیں۔ برطانوی ماہرین کے مطابق یہ نہائت مضبوط اورقابل اعتماد کار ہے۔ اس کی کارکردگی ٹیوٹا اور فورڈ سے بہتر ہے تاہم ہونڈا اور مزدا سے مقابلہ درپیش ہے۔ پروٹون کی سات چھوٹی بڑی کاریں  ہیں۔
٭میں دو افراد، امریکہ کے صدر ٹرمپ اور بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے پاکستان کے ساتھ ’’گہری محبت اور خیرخواہی‘‘ کے جذبات بھرے پیغامات سے بہت ’’متاثر‘‘ ہو رہا ہوں۔ ٹرمپ تو اتنا کہہ کر خاموش ہو گیا کہ امریکہ کے پاکستان کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں مگر نریندر مودی! پاکستان سے اتنی ’محبت‘ کا اظہار! منہ میں رام رام، بغل میں چھری کا محاورہ بھی بھارت کا ایجاد کردہ ہے۔ مودی کا محبت کا یہ پیغام اس خبر کے ساتھ ہی پہنچا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بھیڑیا فوج نے مزید چار کشمیری شہید کر دیئے ہیں۔ ایک روز پہلے تین شہید ہوئے تھے! دو دنوں میں سات شہادتیں! اور مودی نام کا مسلمانوں کا قاتل پاکستان کو پیغام دے رہا ہے کہ آئیں دہشت گردی کے خاتمہ اور جمہوریت، امن اور خوش حالی کی ترقی کے لئے مل کر کام کریں! وزیراعظم عمران خان نے فوراً جواب دیا کہ بالکل ٹھیک ہے، آئو مذاکرات کریں! ابھی تک مودی کی تعریف میں بلاول زرداری کا بیان نہیں آیا۔
٭بلاول زرداری نے پریس کانفرنس میں پاکستان کی حکومت پر دہشتگردوںکے تحفظ اور انہیں مالی امداد کا الزام لگایا۔ بھارتی میڈیا نے اسے نمایاں شائع اور نشر کیا۔ پاکستان میں مختلف سیاسی پارٹیوں نے شدید مذمت کی، پنجاب اسمبلی میں بلاول کو غدار قرار دینے کی دو قراردادیں جمع ہو چکی ہیں، ہائی کورٹ میں ایک رٹ درخواست دائر ہو گئی ہے۔ ہر سطح پر اس بیان کی مذمت ہو رہی ہے۔ پیپلزپارٹی کے تمام بڑے اعتزاز احسن، خورشید شاہ، رضا ربانی وغیرہ حیران و گم سم ہیں کہ اس بیان کی کیسے حمائت کریں؟ اور بلاول نے اس ملک دشمن بیان پر شرمندہ ہونے اور اس پر معذرت کرنے کی بجائے اپنے مخالف بیان دینے والوں کو للکارا ہے کہ ’بھاڑ میں جائو‘ میں اپنے بیان پر قائم ہوں۔ پتہ نہیں چودھری اعتزاز احسن، رضا ربانی اور پارٹی کے دوسرے بڑوں کو اب بھی سمجھ میں آ رہا ہے کہ نہیں کہ عمر بھر کی سیاست اور دانش وری کے بعد انہوں نے ایک مشکوک وصیت کے محض چند سطروں کی چند سیکنڈ نمائش پر اعتبار کرکے بلاول جیسے نابالغ اور کچے ذہن والے 19 سالہ نوجوان کو کس طرح پارٹی کا مالک تسلیم کرلیاجسے کسی سیاسی پارٹی کے ساتھ کچھ عرصہ سیاسی تربیت کا موقع ہی نہیں ملا؟ 19 سال کی عمر میں اچانک والد صاحب کی پارٹی کا چیئرمین بنا دیا گیا۔ ساری عمر انگلستان کی رنگین فضائوں میں گزر گئی، پاکستان کبھی مستقل رہنے کا اتفاق ہی نہیں ہوا پورے خاندان نے پاکستان کے قیام کے لئے کوئی قربانی تو کیا، کوئی کام نہ کیا۔ دادا جان حاکم علی زرداری اس پارٹی نیشنل عوامی پارٹی کے نائب صدر تھے جس کے سربراہ ولی خان نے سرعام کہا کہ’’ شکر ہے ہم پاکستان بنانے کے گناہ میں شریک نہیں تھے‘‘ (یہ بات مفتی محمود نے نہیں کہی تھی ان سے غلط منسوب کی جاتی ہے) اور…اور حاکم علی زرداری کے قائداعظم کے خلاف انتہائی توہین آمیز الفاظ آج بھی ریکارڈ پر موجود ہیں۔ بلاول نے پاکستان کے خلاف بھارتی حکمرانوں کی حمائت کرنے والا بیان نہ دیا ہوتا تو میں اسے ایک نادان نوعمر لڑکے کی نادانی سمجھ کر نظر انداز کر دیتا۔ مگر کوئی حد بھی ہوتی ہے۔
٭نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا اور وہاں کے عوام نے 50 مسلمانوں کی شہادتوں پر وہاں آباد مسلمانو ںکے ساتھ جس پرخلوص ہمدردی، محبت اور دل جوئی کا مظاہرہ کیا ہے اس نے دنیا بھر کو حیران کر دیا ہے۔ جمعہ کی نماز ایک کھلے پارک میں ادا کی گئی۔ اس سے سیاہ لباس اور سر پر سکارف پہنے وزیراعظم جیسنڈا نے غم بھری آواز میں آنحضور پیغمبرؐ اسلام  کی ایک حدیث پڑھ کر خطاب کیا۔ ہزاروں غیر مسلم افراد نے مسجد کے باہر پھولوںکے ڈھیر لگا دیئے۔ بہت سی خواتین سکارف پہن کر مسلم خواتین کے پاس گئیں، انہیں گلے لگایا…ان باتوں سے دنیا بھر میں نیوزی لینڈ کی رواداری، امن پسندی اور اسلام دوستی کا وسیع تاثر پھیلا اور مسلمانوں کے ساتھ پرخلوص ہمدردی کے اعتراف میں دبئی کی حکومت نے وہاں دنیا کی بلند ترین عمارت، برج خلیفہ کے باہر وزیراعظم جیسنڈا کی بڑی سی وہ تصویر لگا دی ہے جس میں جیسنڈا ایک شہید کی بیوہ کو گلے لگا کر رو رہی ہے! زندہ باد! نیوزی لینڈ میں تو مسلمانوںکے ساتھ یہ حسن سلوک! اور پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بہت بڑے عالم دین، مفتی تقی عثمانی پر قاتلانہ حملہ! کیا تبصرہ کروں؟
٭سابق وزیراعظم شوکت عزیز وارنٹ گرفتاری کے باوجود عدالت میں حاضر نہیں ہوئے۔ انہیں اشتہاری قرار دے دیا گیا ہے۔ تاریخی حقائق دیکھئے۔ 1947ء سے 1958ء کے مارشل لاء تک پاکستان کے سات وزرائے اعظم، لیاقت علی خان،خواجہ ناظم الدین، محمد علی بوگرہ، چودھری محمد علی،آئی آئی چندریگر، حسین شہید سہروردی، فیروز خاں نون میں سے کسی کے دامن پر ایک پیسے کی کرپشن کا کوئی داغ نہیں، اور پچھلے کچھ عرصے کے پاکستان کے وزرائے اعظم نوازشریف، شوکت عزیز، یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، شاہد خاقان عباسی، سب کی کرپشن کے الزام میں عدالتوں میں پیشیاں!! استغفار!

تازہ ترین خبریں