12:05 pm
سشما سوراج کا اعتراف

سشما سوراج کا اعتراف

12:05 pm

بھارتی وزیر خارجہ اس جھوٹ کا اب خود اعتراف کر رہی ہیں۔ بھارتی حکومت نے دو ماہ تک اپنے عوام اور دنیا کے سامنے مسلسل جھوٹ بولا۔ مگر اب  بالآخر تسلیم کر لیا کہ 26 فروری کو بالاکوٹ میں بھارتی ایئر فورس کی فضائی کارروائی میں کسی پاکستانی شہری یا فوجی کی جان کو نقصان نہیں پہنچا۔کسی فوجی تنصیب کو بھی بھارتی کارروائی  سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔ جس پرپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا کہ آخر کار سچ سامنے آ ہی گیا اور بھارت نے اپنا جھوٹ خود بے نقاب کیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’زمینی حقائق کی مجبوریوں کے تحت بالآخر سچ سامنے آگیا‘۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بھارت کی جانب سے بالا کوٹ حملے اور اس کے بعد پاکستان کے ساتھ فضائی جھڑپ میں کامیابی کے جھوٹے دعوے کی سچائی بھی جلد سامنے آجائے گی۔وہ امید کر رہے ہیں کہ  بھارت کے دیگر جھوٹے دعوے کے حوالے سے بھی ایسا ہوگا، جیسا کہ 2016 کا سرجیکل اسٹرائیک، پاک فضائیہ کا 2 بھارتی طیارے مار گرانے کی تردید اور ایف 16 کے حوالے سے ان کا دعویٰ سامنے آیا جو کہ سب کے سب گمراہ کن بیانات تھے۔ ان کا مقصد بھارتی عوام کے گرتے مورال کو سنبھالنا تھا مگر پھر بھی یہ سنبھل نہ سکا۔


بھارت نے اپنے جھوٹ کا خود یوں اعتراف کیا کہ بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں خواتین کی ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ اور بھارتیا جنتا پارٹی کی سینئر رہنما سشما سوراج نے کہا کہ بالاکوٹ فضائی حملے میں کسی پاکستانی فوجی یا شہری کی جان نہیں گئی اور فضائی کارروائی ’اپنے دفاع‘ میں کی گئی۔اپنی تقریر میںسشما سوراج کا کہنا تھا کہ ’جب ہم نے پلوامہ حملے کے بعد سرحد کے اس پار کارروائی کی تو بین الاقوامی برادری کو بتا دیا تھا کہ ہم نے یہ قدم صرف اپنے دفاع میں اٹھایا۔ ان کا یہ بھی دعویٰ ہے بھارت  نے بین الاقوامی برادری کو بتایا تھا کہ مسلح افواج کو ہدایت کی گئی تھی کہ کارروائی کے دوران کسی پاکستانی شہری یا فوجی کو نقصان نہیں پہنچایا جائے۔ بھارتی فوج کو جیشِ محمد کے کسی  کیمپ کو نشانہ بنانے کا کہا گیا تھا جنہوں نے پلوامہ حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ مگر انہںں نے جیش محمد کے کسی نام نہاد کیمپ کو نشانہ بنانے کی آڑ میں ایک مدرسے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ بھارتی وزیر خارجہ یہ بھی دعویٰ کر رہی ہیںکہ بین الاقوامی برادری نے فضائی کارروائی پر بھارت کی حمایت کی تھی۔26 فروری کو بھارت نے سیز فائر لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بالا کوٹ میں فضائی کارروائی کر کے جیش محمد کے نام نہاد تربیتی مرکز پر حملہ اور متعدد مشتبہ جنگجوئوں کو ہلاک کرنے کا مضحکہ خیز دعویٰ کیا تھا۔مگر اس وقت بھی  ڈی جی آئی ایس پی آر نے صاف کہا تھا کہ جب پاکستانی ریڈار پر یہ دیکھا گیا  کہ بھارتی طیارے پاکستان میں دخل اندازی کی کوشش کررہے تھے تو پاک فضائیہ نے انہیں چیلنج کیا اور وہ  بالاکوٹ جابہ کے مقام پر پے لوڈ گراتے ہوئے فرار ہو گئے۔
 اس وقت بھی بھارت کو شرمندگی اور ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا اور عالمی اداروں نے بھی بھارتی دعوئوں کا جائزہ لے کر اس پر کئی سوالات اٹھادئیے ۔یہی نہیں بلکہ  امریکہ کے  ایک  معتبر دفاعی میڈیا ادارے جینز انفارمیشن گروپ نے موقف پیش کیا کہ بھارت کا یہ  کسی بھی چیز سے زیادہ ایک سیاسی حربہ لگتا ہے،  بھارتی فوج کو اپنے وزیر اعظم نریندر مودی کو انتخابات سے قبل بھارت کی جانب سے کچھ قابل ذکر کارروائیوں کا نمونہ دکھانا مقصود تھا۔ 11 اپریل کو بین الاقوامی اداروں اور دہلی میں کام کرنے والے بین الاقوامی صحافیوں اور غیر ملکی سفیروں کے گروپ کوبالاکوٹ  کا دورہ اور اس جگہ کا معائنہ بھی کرایا گیا جہاں بھارت نے جھوٹے فضائی حملے کا دعویٰ کیا تھا اور  دنیا نے دیکھا کہ جابہ میں ایک کوے کی ہلاکت اور چند درختوں کے گرنے سمیت ایک شہری کے زخمی ہونے کے سوا جانی یا انفراسٹرکچر کے نقصان کے کوئی آثار موجودنہیں تھے۔اس وفد نے قریب میں واقع اس مدرسے کا بھی دورہ کیا جہاں بھارت نے تین سو سے زیادہ جنگجوئوں  کے ہلاک ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔
بھارتی جھوٹ اور اب وزیر خارجہ سشما سوراج کی جانب سے الیکشن ریلی سے خطاب کے موقع پر سچ کا اعتراف بی جے پی کو سیاسی دھچکا دے سکتا ہے۔ اس سے پہلے بھارتی عوام بھی سولات کر رہے تھے کہ بی جے پی حکومت کو خوش کرنے کے لئے بھارتی فوج بھی عوام سے جھوٹ بول رہی ہے۔ جس فوج اور عوام کا مورال پہلے ہی گر چکا تھا اور ان کے حوصلے پست ہو چکے تھے۔ سشما سوراج کی زبان پر سچائی آنے سے یہ حوصلے مزید پست ہوں گے جبکہ پاکستانی عوام کے حوصلے پہلے سے بھی بلند ہیں۔ یہاں کے عوام بھارتی جارحیت کا زبردست مقابلہ کر رہے ہیں۔ یہاں کی فوج دلیر اور بہادر ہے ۔ جو وطن پر جان نچھاور کرنے کو عبادت اور فرائض منصبی سمجھتی ہے۔ یہ ملک دشمنوں کی خواہش ہی ہو سکتی ہے کہ پاک فوج کو یہاں کی سیاست میں الجھا کر اصلی مقصد سے ہٹا دیا جا ئے لیکن دشمن کی یہ خواہش شاید کبھی پوری نہ ہو۔ مجاہد فوج اپنی تمام توانائیاں وطن کی حفاظت کے لئے وقف اور دشمن کو بالاکوٹ حملے کے بعد جیسی سرپرائز دینے پرمرکوز کئے ہوئے ہے ۔ توقع ہے کہ بھارت کے دیگر جھوٹ اور فراڈ بھی ان کے حکمرانوں کی زبانی جلد دنیا کے سامنے آئیں گے کیوں کہ سچائی کو زیادہ دیر تک چھپا کر نہیں رکھا جا سکتاہے۔

 

تازہ ترین خبریں