06:45 am
ڈٹ کے کھڑا کپتان‘ رو  رہی ہے عوام

ڈٹ کے کھڑا کپتان‘ رو رہی ہے عوام

06:45 am

پہلے چینی اور آٹے کے لئے لائن میں لگنا پڑتا تھا‘ اب گھنٹوں لائن میں لگ کر ایک کلو سستا پیاز ملتا ہے
پہلے چینی اور آٹے کے لئے لائن میں لگنا پڑتا تھا‘ اب گھنٹوں لائن میں لگ کر ایک کلو سستا پیاز ملتا ہے … پر میرے پاکستانیو گھبرانا نہیں ‘ پچھلے دور میں بجلی سستی‘ گیس سستی‘ گوشت‘ سبزیاں اور ادویات بھی سستی تھیں‘ اب بجلی سے لے کر ادویات تک کی قیمتوںمیں ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے لیکن میرے پاکستانیوں گھبرانا نہیں۔
سستے رمضان بازار تمہارے منتظر ہیں ‘ خالی یوٹیلٹی سٹورز تمہارے انتظار میں سائیں سائیں کررہے ہیں‘ اگرچہ وہ اشیائے سے خالی ہیں مگر یوٹیلٹی سٹور تو ہیں نا‘ اب نہیں تو پھر کبھی تو بھر ہی جائیں گے‘ اس لئے پاکستانیوں! گھبرانا نہیں۔
پارلیمنٹ ہر دور حکومت میں اکھاڑہ بنتی چلی آرہی ہے … مگر اب اگر اکھاڑہ ہی پارلیمنٹ بن جائے تو پھر بھی پاکستانیو گھبرانا نہیں‘ صرف کابینہ پر ہی غیر منتخب اجنبی مسلط نہیں بلکہ بعض ادارے بھی اب ’’اجنبیوں‘‘ کے سپرد ہوچکے‘ آدھی سے زیادہ غربت کی لکیر کے نیچے زندگی گزارنے والی قوم کا پیٹ کاٹ کر پارلیمنٹ کے اجلاس میں یومیہ لاکھوں روپے خرچ کئے جاتے ہیں مگر وہاں ہوتا کیا ہے؟ ایک دوسرے کے خلاف نعرے‘ دوسروں پر الزام تراشیاں‘ گلے پھاڑ پھاڑ اور ہاتھ لہرا لہرا کر کیچڑ سے بھری ہوئی تقریریں‘ گالم گلوچ ‘ باہم دست و گریباں ہونے کے مناظر‘ مرے ہوئے قائدین کی اچھلتی پگڑیاں‘ سپیکر ڈائس کا گھیرائو‘ ذرا ذرا سی بات پر واک آئوٹ‘ توتو‘ میں میں اور تلخ کلامی‘ پر میرے پاکستانیو گھبرانا نہیں‘پاکستان اللہ کا خاص انعام ہے اور خبر یہ ہے کہ 6 ارب ڈالر کے لئے ملک گروی رکھا جاچکا‘  آئی ایم ایف کی تمام کڑی شرائط کے سامنے سر تسلیم خم ہے‘ شرح ٹیکسGST بڑھے گا‘ بجلی‘ گیس‘ آٹا‘ چینی ‘ الیکٹرانکس سمیت تمام اشیاء مزید مہنگی ہوں گی… پر  پاکستانیو! ڈٹ کے کھڑا ہے کپتان‘ اس لئے قطعاً گھبرانا نہیں ‘ مجھے احساس ہے اس وقت ملک میں مہنگائی ہے‘ لیکن شہروں میں سستے گھر‘ دیہاتوں میں بھینسیں‘ بکریاں اور مرغیاں دیں گے اس لئے گھبرانانہیں۔
اشیاء خوردونوش اور پھلوں کی قیمتیں ساتویں آسمان پر‘ پٹرول ‘ بجلی اور گیس کی قیمتیں چھٹے آسمان پر‘ دودھ‘ دہی‘ کوکنگ آئل اور دالوں کی قیمتیں پانچویں آسمان پر‘ گوشت اور سبزیوں کی قیمتیں چوتھے آسمان پر ‘ ٹرینوں‘ جہازوں اور دیگر ٹرانسپورٹ کرائے دوسرے آسمان سے بھی آگے کی طرف محو پرواز‘ مہنگائی کی اس معراج اور اہل پاکستان کو پریشان دیکھ کر ہو رہے ہیں‘ حیران اہل آسمان … لیکن میرے پاکستانیو! تم نے گھبرانا نہیں۔سچ فرمایا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہ چینی باشندوں کی گرفتاری سے پاک چین دوستی میں فرق نہیں آئے گا‘ چین اور پاکستان کی دوستی ہمالیہ سے بھی بلند ہے ‘ سی پیک سے پاکستانیوں کی قسمت بدل جائے گی… گزشتہ حکمران ہوں یا موجودہ حکمران وہ قوم کو یہی بتایا کرتے تھے لیکن سوال یہ ہے کہ یہ چینی باشندے پشاور اور فیصل آباد سے لے کر گوجرانوالہ تک کے گائوں دیہاتوں تک اتنی آسانی سے کیسے جاپہنچے کہ انہوں نے غریب والدین کی غربت کا فائدہ اٹھا کر دھوکا دہی سے ان کی بیٹیوں  کے ساتھ نہ صرف یہ کہ شادیاں رچائیں بلکہ ان  میں سے بعض کو چین لے کر ان سے جسم فروشی ‘ مکروہ دھندہ بھی کروایا اور ان کے جسم کے اعضا بھی فروخت کیے؟کوئی بتانا چاہے تو ضرور بتائے کہ جس پاکستان کے مدرسوں میں غیر ملکی طلباء کو قرآن و حدیث کی تعلیم حاصل کرنے کے لئے ویزہ کے حصول میں شدید رکاوٹوں کا سامناکرنا تھا ‘ اس پاکستان میں چینیوں کو پاکستانیوں لڑکیوں کے ساتھ بیاہ رچانے کے مواقع اتنی آسانی سے میسر کیسے آگئے؟
یقینا پاکستان کی چین سے دوستی ہمالیہ سے بھی بلند ہے‘لیکن پاکستانی لڑکیوں کی آبروریزی کرنے والے چینیوں‘ ان کے جعلی نکاح پڑھانے والے نکاح خوانوں‘ ان کے رشتے کروانے والے دھوکا بازوں کا تو ’’ہمالیہ‘‘ سے نہ کوئی تعلق ہے اور نہ ناطہ‘ پاکستانیو! قانون سب کچھ دیکھ رہا ہے تم نے مگر گھبرانا نہیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر دفاع نے سپیکر اسد قیصر کے تحفظ کے لئے جنگ کی دھمکی دیکر ’’ٹارزن‘‘ کو بھی حیران و پریشان کر دیا‘ یہ جنگ ہو بھی گئی تو پھر بھی پاکستانیو! تم نے گھبرانا نہیں۔
چاپلوسی کرنے والا وزیر نہیں‘ صاف کہتا ہوں کہ مہنگائی ہوئی‘ پٹرول مہنگا ہوا مگر اس کا ذمہ دار بھی نواز شریف ہے‘ فرزند راولپنڈی شیخ رشید کے اس ’’سچ‘‘ کو سن کر بھی پاکستانیو بالکل بھی گھبرانا نہیں‘ پرویز خٹک کو زور سے پھونک ماری تو پھر کیا ہوگا؟ رانا ثناء اللہ کی پھونک کی طاقت دیکھ کر بھی پاکستانیو! تم نے گھبرانا نہیں‘ اس ملک میں سب سے بڑا مسئلہ جھوٹ اور دھوکے کا ہے اور اس ملک میں سب لوگ دھوکا دیتے ہیں‘ جھوٹ بہت بڑا قومی مسئلہ ہے‘ ایک کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس کے ان ریمارکس کو پڑھنے کے بعد بھی پاکستانیو تم نے گھبرانا نہیں‘ یار لوگ کہتے ہیں کہ حکومت پی ٹی آئی کی ہے لیکن بدخواہوں کے نزدیک یہاں حکومت آئی ایم ایف کی ہے‘ آئی ایم ایف ہو یا پی ٹی آئی ‘ حکومت جس کی بھی ہو حکومت ہی رہے گی‘ اس لئے پاکستانیو تم نے گھبرانا نہیں‘ میری آنکھیں دیکھ رہی ہیں پاکستانی ہاتھ دل پہ رکھے مسکرانے کی کوشش کررہے ہیں‘ میں نے وجہ پوچھی تو زخمی مسکراہٹ سے بولے کہ دل میں گھبراہٹ سی تو ہو رہی ہے مگر وزیراعظم کا حکم ہے پاکستانیو گھبرانا نہیں۔

 

تازہ ترین خبریں