08:00 am
’’ہارے بھی توبازی مات نہیں‘‘

’’ہارے بھی توبازی مات نہیں‘‘

08:00 am

باوجوداس کے کہ آپ اپنے اندرایک جزیرہ ہیں لیکن یہ جزیرہ انسانوں کی دنیامیں آباداوران کے درمیان واقع ہے۔کسی نے کہاہے کہ ہم فکرمند نہیں ہوں گے تو بھوکے مرجائیں گے،اوراگرفکر کرتے رہیں گے توپاگل خانے میں جاکرفوت ہوجائیں گے۔زندگی ان دنوں اس قدرمشکل ہوگئی ہے کہ ہمیں ڈھنگ سے فکرکرنا بھی نہیں آتا۔ہم دشمن حملہ آوروں کی فکرکرتے رہیں گے اوراپنے پڑوسی کی کارکے نیچے آکردب کرمرجائیں گے۔ہم ہوائی جہازکے کریش سے خوفزدہ رہیں گے اورسیڑھی سے گرکرفوت ہوجائیں گے۔ہم دوسروں سے ورزش نہ کرنے کی شکائت کرتے رہیں گے اورگھر کے سامنے لگے ہوئے لیٹربکس میں خط ڈالنے کیلئے گیراج سے کارنکالیں گے۔ہم فکرمندی کے فن سے بھی ناآشنا ہو گئے ہیں اورہم صحیح فکرکرنابھی بھول گئے ہیں۔ فکر کرنا ایک اچھی بات ہے اوراس سے بہت سے کام سنور جاتے ہیں۔بچے پل جاتے ہیں،گھرچلتے ہیں، دفتر کا نظام قائم ہوتاہے، بزرگوں کی نگہداشت ہوتی ہے۔ فکرمندی ایک صحت مند اقدام ہے،یہ کام کرنے پراکساتی ہے،لیکن سب سے ضروری فکراپنی روح کی ہونی چاہئے اورسب سے اہم فیصلہ یہ ہونا چاہئے کہ ہم اپناابد کہاں گزاررہے ہیں اورکیسا گزاررہے ہیں۔یہ سوچناچاہئے کہ اگرہمیں ساری دنیاکی دولت مل جائے اورہماری روح میں گھاٹاپڑجائے،توپھریہ کیساسوداہے؟
 
انسان ضرورت سے زیادہ فکرکیوں کرتاہے؟یہ اس وقت شروع ہوتی ہے جب انسان خودکو خدا سمجھنا شروع کردیتاہے۔وہ یہ سمجھناشروع کردے کہ اب ہرشئے کا بوجھ میرے کندھوں پرہے۔ انسان خداکابوجھ بھی اپنے کندھے پراٹھاناچاہتاہے جووہ کبھی بھی نہیں اٹھاسکتا۔اس فکرمندی کے وجود میں آنے کی وجہ ایک چھوٹاسا لفظ’’اگر‘‘ہے۔اگریہ ہوگیا، اگروہ ہوگیا، اگر اس نے یہ کہہ دیا،اگرلوگوں نے باتیں بناناشروع کردیں!ایک اعلیٰ عہدے پرفائزاپنے اندیشوں اورفکر مندیوں کی ڈائری لکھاکرتے تھے جن سے وہ خوفزدہ رہتے تھے۔سال بعدجب ڈائری دیکھتے توان ہزا ر ہا اندیشوں اورفکروں میں سے کوئی ایک آدھ ہی ان کوچھو کرگزرے تھے۔اس کے مقابلے میں ایک دنیاوی طورپران پڑھ عورت ، جوبھرپورجوانی میں بیوہ ہوگئی۔چھ معصوم بچوں کابوجھ،کام نہ کاج!کہنے لگی کہ میں نے صرف دو روپے کے کاغذپراپنے اللہ سے شراکت نامہ کرلیا۔ایک بھوکے آدمی نے صدا لگائی،جیب میں دوہی روپے تھے،نکال کراس کے ہاتھ پررکھ دیئے۔ اس طرح میرے رب سے میری شراکت شروع ہو گئی اورکہا کہ کام میں کرتی جاں گی،فکرمیری جگہ تم کرنا۔ میراکریم ورحیم رب راضی ہوگیا،بس اسی دن سے ہمارا شراکت کا کاروبار بڑی کامیابی سے چل رہاہے۔
رات کوسونے سے پہلے میں یہ ضروردعاکرتا ہوں: یااللہ!دن میں نے پورازورلگاکرتیری مرضی کے مطابق گزاردیا،اب میں سونے لگاہوں،رات کی شفٹ اب تو سنبھال،بڑی مہربانی ہوگی۔جب ہم ایساکچھ کرتے ہیں کہ ہمارااندربتاتاہے کہ یہ توگناہ ہے،توہم اپنی عزتِ نفس سے ہاتھ دھوبیٹھتے ہیں۔پھر اپنے ساتھ رہنابھی مشکل ہوجاتاہے پھرہم ندامت کامقابلہ بھی نہیں کرسکتے۔زندگی مشکل ہوجاتی ہے، ضمیرہروقت ملامت کرتارہتاہے۔اب ہم تویااس کو بھول جائیں،یااسے دماغ سے نکال دیں ،لیکن یہ دونوں کام ہی مشکل ہوجاتے ہیں۔اس کے برعکس ایک فعلِ ندامت، پشیمانی اورتوبہ ہے۔جب ہم اپنے کریم رب کے سامنے اپنی تمام بے بسی،ندامت کے احساس کے ساتھ سجدے میں گرکر توبہ کی درخواست اپنے آنسوں کی تحریرکی شکل میں،اس کی عدالت میں اس کی رحمت کااستغاثہ دائر کرتے ہیں،تونہ صرف توبہ قبول ہوجاتی ہے بلکہ اگراس مناجات میں اخلاص  بھی ہوتوہم بھی قبول ہوجاتے ہیں۔پھرزندگی آسان ہوجاتی ہے۔بابا اقبال نے تواپنی منظوم زندگی کا آغاز ہی اس پہلے شعرسے کیاتھا:
موتی سمجھ کرشانِ کریمی نے چن لئے
قطرے جوتھے مرے عرقِ انفعال کے
دوستی کیاہے؟اگرمیں تمہارادوست ہوں اورتم میرے دوست ہو،تویہ ہمارے لئے ایک بڑااعزاز ہے کہ ہم نے دنیاکے بڑے بڑے مشہور،لائق فائق،اعلیٰ درجے کے لوگوں کو چھوڑکرایک دوسرے کوپسند کیا۔کیاپاکیزہ رشتہ باندھا،واہ واہ۔دوستی کارشتہ عمر بھر چلتاہے۔ جوان ہوئے توشادی ہوگئی۔بہن بھائی، عزیز رشتہ دار،گھر، محلہ،شہرچھوٹ گیا۔بوڑھے ہوئے تو اولاد چھوڑ گئی،لیکن دوستی میں یہ تبدیلی نہیں آئی،دوستی کارشتہ بے لوث ہوتاہے،یایوں کہئے کہ یہ روحانی ہوتاہے۔دیگر رشتوں میں توکچھ جسمانی ضرورتوں کوپوراکرنا پڑتا ہے ،مگردوستی میں صرف روح کی ضرورتوں کوپوراکرنے کاتقاضا ہوتاہے۔روحیں ایک دوسرے کے ساتھ ہم آغوش ہوجاتی ہیں اورجسمانی تقاضہ ایک بھی نہیں ہوتا۔ والدین بچپن میں ملتے اورپھر ساتھ رہتے ہیں۔پھروہ ہمیں یاپھرہم ان کوچھوڑدیتے ہیں۔بیوی یاشوہر جوانی کی عمر میں ملتے ہیں۔بچے شادی کے بعدکی عمرمیں نصیب ہوتے ہیں۔اسی طرح بہن بھائی بھی ہوتے ہیں مگروقت کے ساتھ ساتھ ہرکوئی اپنی ذمہ داریوں کے بوجھ میں مگن ہوجاتے ہیں۔
بدن کے شور میں گم تھی سماعت نہ سمجھی روح کی فریاد ہم نے
تلاش شادمانی میں شب وروزرکھاخودکو بہت ناشادہم نے
لیکن دوستی کیلئے عمرکی کوئی قیدنہیں۔آپ 8کے ہوں یا80کے،9کے ہوں یا90کے،16کے ہون یا60 کے‘آپ میں اگراخلاص ہے،اوراگرآپ دوستی کا مطلب جان گئے ہیں توپھرآپ کسی بھی عمرمیں دوستی کرسکتے ہیں،دوست بن سکتے ہیں۔ایمان کیاہے؟ایک اختیارہی توہے۔ایک’’چوائس‘‘ہی توہے۔کوئی مباحثہ یامکالمہ نہیں،یہ ایک فیصلہ ہے، قطعاًمباحثہ نہیں ہے۔ایک کمٹمنٹ ہے،کوئی زبردستی نہیں ہے۔یہ ہمارے دل کے خزانوں کوبھرتاہے اورہماری ذات کومالامال کرتارہتاہے ۔بالکل ایک پرخلوص دوست کی طرح۔ 

تازہ ترین خبریں