08:36 am
سیرت النبیﷺ اور ہمارے ذرائع ابلاغ

سیرت النبیﷺ اور ہمارے ذرائع ابلاغ

08:36 am

12ربیع الاول جب بھی آتا ہے تو میں بحیثیت صحافی و کالم نگار یہ غور و فکر ضرور کرتا ہوں کہ میرے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ کی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے تعلیمات کیا ہیں اور ہم کس حد تک ان تعلیمات کی پیروی کرتے ہیں۔ برسوں قبل قومی سیرت کانفرنس جس کا عنوان ہی’’سیرت النبیﷺ کی روشنی میں ذرائع ابلاغ کا کردار‘‘ تھا میں صحافتی برادری کی نمائندگی کا موقع میسر آیا تو اپنی معروضات کی تیاری میںصحافتی برادری کے دفاع کی بجائے میرے پیش نظر یہ پہلو رہا کہ اپنی اور مروجہ صحافتی اقدار کی اصلاح تعلیمات نبویﷺ کی روشنی میں کس طرح کی جا سکتی ہے۔ میری تقریر سے قبل علمائے کرام نے اپنے خطبات میں الیکٹرانک میڈیا کو بطور خاص ہدف بنایا لیکن ذرائع ابلاغ کا تذکرہ کرتے وقت وہ یہ بھول گئے کہ آفرینش آدم سے لے کر آج تک انسانی تاریخ میں سے سب اہم اور بڑا ذریعہ ابلاغ تحریر کی بجائے تقریر رہی ہے۔ چونکہ ہمارا وطیرہ ہے کہ ہم اپنی اصلاح کی بجائے دوسروں کو ٹھیک کرنا ضروری سمجھتے ہیں لہٰذا ہمیں دوسروں کی آنکھ کا بال تو دکھائی دیتا ہے لیکن اپنی آنکھ کا شہتیر دیکھنے سے ہم محروم رہ جاتے ہیں۔ میرا جی چاہا کہ جوابی تقریر کا محور یہی نکتہ بناں مگر فقط ایک حدیث مبارکہ کو اس ضمن میں پیش کرنا ہی کافی سمجھا اور بات بنیادی مضمون کی جانب آگے بڑھا دی۔
آپﷺ نے فرمایا : اگر تم اپنے جبڑوں کے درمیان والی چیز (یعنی زبان)کی حفاظت کی ضمانت دو تو میں تمہیں جنت کی ضمانت دوں گا۔ اس ذریعہ ابلاغ کا تعلق چونکہ علمائے کرام کے ساتھ تو خاص ہے اس لیے تعلیمات نبویﷺ کی روشنی میں اس کو سمجھنا از حد تک ضروری ہے۔ مروجہ صحافتی اقدار کے ضمن میں عرض کرتا چلوں کہ خبر کی تلاش میں بسا اوقات جو معیوب حرکتیں سرزد ہو جاتی ہیں اور جس طرح عیب ٹٹولنے کی کوششیں کی جاتی ہیں وہ اس لیے ہیں کہ ہمیں تعلیمات نبوی ﷺ سے آگہی نہیں ہے۔ قرآن مجید میں ارشاد باری تعالیٰ ہے: ’’لاتجسسو‘‘ بھید نہ ٹٹولو اور ہم ہیں کہ ساری توانائیاں دوسروں کے عیب جاننے کے لیے صرف کر دیتے ہیں۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا:’’جس کسی نے کسی کا کوئی عیب دیکھ لیا اور اس پر پردہ ڈال دیا تو گویا اس نے ایک زندہ درگورہوئی بچی کو زندہ درگور ہونے سے بچالیا۔‘‘ اسلام ذاتی زندگی کو مکمل تحفظ دیتا ہے اور اس کام کی حوصلہ شکنی کرتا ہے کہ آپ دوسروں کے گھروں میں جھانکیں اور ان کی ذاتی زندگی میںمداخلت کریں۔ 
حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے دور کاایک واقعہ ہے ۔ آپ کو ایک شخص کی حرکات و سکنات پر شک تھا۔ ایک رات معمول کے گشت کے دوران آپ اس کے گھر کے قریب سے گذرے تو آوازیں سن کر تجسس ہوا۔ آپ نے دیوار سے جھانکا تو آپ کا شک درست ثابت ہوا۔ فرمایا:’’میں نے تمہیںدیکھ لیا ہے۔‘‘ ا س شخص نے کہا : عمر ٹھہر جا میں نے ایک غلطی کی ہے’’تم نے تین غلطیاں کی ہیں۔ نبیﷺ نے فرمایا ہے کہ تم لوگوں کے گھروںمیں دروازوں کے راستے سے داخل ہو‘‘ آپ دیوار کی طرف سے آئے۔ نبیﷺ کریم کی تعلیم ہے کہ گھروں میں دستک دے کر اور اجازت لے کر داخل ہو ‘ آپﷺ بغیر اجازت میرے گھر میں داخل ہوئے نبی ﷺ کا ارشاد ہے کہ لوگوں کے گھروں میں مت جھانکو  آپ نے میرے گھر میں جھانکا ہے یہ سن کر حضرت عمرؓبے اختیار بولے: بس رک جا‘ اب اور کچھ نہیںکہنا یہ سن کر حضرت عمر ؓوہاں سے واپس پلٹ گئے۔ اب ان تعلیمات کی روشنی میں ہم دیکھیں کہ ہم کیا کر رہے ہیں ؟ہمارے لکھنے والے حضرات اپنی تحریروں میںکبھی بے جا تنقید میں اور کبھی بے جا توصیف میں اس حد تک آگے نکل جاتے ہیںکہ اعتدال کا دامن ہاتھ سے چھوٹ جاتا ہے۔ صحافی کا کیا کام کہ تعریف و توصیف میں زمین آسمان کے قلابے ملا دے یا پھر تنقید میں اس حد تک چلاجائے کہ بدگمانی میں مبتلا ہونے کا احساس پیدا ہو۔ قرآن میں ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ بدگمانیوں سے بچو کہ اکثر بدگمانیاں گناہ کا درجہ رکھتی ہیں۔ (الحجرات) نبی ﷺاکرم نے اس ضمن میں جو بات کہی ہے وہ زندگی کا نصب العین بنا لینی چاہیے ۔ آپ ﷺ نے فرمایا: اور جوشے تمہیں بدگمانی میں مبتلا کرے اس کی تحقیق مت کرو (ابو داد) ہم ہیں کہ بدگمانیوں میں مبتلا ہوتے ہیں اور پھر بھید ٹٹولنے لگتے ہیں جس سے خرابیوں اور پریشانیوں کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔ 
ذرائع ابلاغ کے حوالے سے ایک اور پہلو جس کا ذکر یہاں کرنا ضروری سمجھتا ہوں وہ اظہار رائے کی آزادی کے نام پر بے لگام اور بے مہابا آزادی پانے کی تمنا ہے۔ ایک خوبصورت قول ہے کہ’’آزادی کی پہلی شرط اس کی حد ہوتی ہے۔‘‘میڈیا خواہ الیکٹرانک ہو یا پرنٹ‘ تعلیمات رسول ﷺ کی روشنی میں اسے اپنی حدود کا تعین کر لینا چاہیے ۔ تفریحی پروگراموں کے نام پرعریانی و فحاشی کی اجازت کیونکر دی جا سکتی ہے اور آزادی اظہار کے نام پر کسی کی عزت پر کیچڑ اچھالنے کو کیسے برداشت کیا جا سکتا ہے کہ یہ میرے نبی ﷺ کی سیرت کے خلاف عمل ہے۔ آپﷺ کا فرمان ہے: ’’بدترین زیادتی کسی مسلمان کی عزت پر ناحق حملہ ہے۔‘‘ حضرت معاذ بن جبل نے فرمایا: ’’تیری ماں کا بھلا ہو‘‘لوگ اپنی زبانوں کی وجہ سے ہی اوندھے منہ جہنم میں ڈالے جائیں گے۔‘ یہاں جس کے منہ میں جو آئے وہ بول دیتا ہے ‘قطع نظر اس کے کہ ان الفاظ سے دوسروں کو کیا اذیت ہو سکتی ہے اور یہ کہ ان بولے گئے الفاظ کا آخرت میں حساب بھی دینا ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں سیرت النبیﷺ کی روشنی میں اپنے کردار درست کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ (آمین)