07:37 am
جنت دوزخ برحق۔۔۔آئودین کی طرف

جنت دوزخ برحق۔۔۔آئودین کی طرف

07:37 am

 سورہ فرقان میں اللہ تعالیٰ نے اپنے نیک اور پیارے بندوں کے ان اوصاف کو ذکر فرمایا ہے جن کی وجہ سے وہ خاص’’عباد الرحمن ‘‘کے لقب اور انعامات باری تعالیٰ کے مستحق بنتے ہیںان مقبول  بندگان میں پائی جانے والی صفات کا خلاصہ یہ ہے کہ -1وہ اپنے آپ کو اللہ کا بندہ اور غلام بناکر رکھتے ہیں ، اپنی من مانی کے بجائے ہر چیز میںاپنے رب کی مان کر چلتے ہیں اور اسی میں اپنی سعادت دنیوی واخروی سمجھتے ہیں-2ان کا قول وفعل تو کیا پورے مزاج میں ہی تواضع ہے خشونت اور سختی والا مزاج نہیں رکھتے کہ دوسرے انسان انہیں دیکھ کرہی ان سے نفرت کریں -3وہ حلیم اور بردبار ہیں ،غصہ پی جانے والے ہیں ، جاہل کے ساتھ جاہل نہیںہوجاتے بلکہ ایسی بات کرکے جاہل اور جہالت سے کنارہ کشی اختیار کرلیتے ہیں کہ جس سے شردفع ہو جاتا ہے۔-4 پانچوں نمازوں کی پابندی تو کرتے ہی ہیں لیکن اسی پر اکتفا نہیں کرتے بلکہ راتوں کو اٹھ کر تہجد پڑھتے ہیں اور تنہائی میں اپنے رب کے سا تھ جی بھر کے ملاقات کرتے ہیں-5اپنی عبادت پر فخرو غرور نہیں کرتے بلکہ ہروقت اللہ تعالیٰ سے ڈرتے رہتے ہیں اور عذاب جہنم سے،اللہ پاک کی ناراضی سے پناہ مانگتے ہیں ۔-6عبادات کی طرح معاملات میں بھی دین و شرع کے پابند رہتے ہیں خصوصاً خرچ کرنے کے معاملے میں نہ تو بخل اور کنجوسی کرتے ہیں اور نہ ہی حد سے زیادہ خرچ کرتے ہیں بلکہ اعتدال پر قائم رہتے ہیں -7 عقیدے کے ایسے پکے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ کسی اور ہستی کو اللہ تعالیٰ کی ذات وصفات میں شریک نہیں جانتے۔ یہ سچے اور حقیقی عابد ہیں کہ جن کا معبود ایک ہی ہے-8عقیدئہ توحید کو اپنا لینے کے بعد نہ کسی کو ناحق قتل کرتے ہیں-9 اور نہ زنا کرتے ہیں ۔-10اوراگر کوئی گناہ غلطی سے ہو بھی جائے تو اسے صحیح او رحق ثابت کرنے کیلئے الٹی سیدھی تاویلوں کا سہارا نہیں لیتے بلکہ فوراًاپنی غلطی کا اقرار و اعتراف کر کے نادم ہوتے ہیں اور رب کے حضور گریہ وزاری کرکے توبہ واستغفار کرتے ہیں اور اس ایک توبہ کے آسرے بیٹھے نہیںرہتے بلکہ پھر خوب نیک اعمال بھی کرتے ہیں کہ یہ علامت اورنشانی ہے توبہ قبول ہوجانے کی ۔-11عام کبیرہ گناہو ں سے بچنے کے ساتھ ساتھ جھوٹ سے ، جھوٹی گواہی سے بھی اپنے آپ کوبچاتے ہیں کہ یہ مسلمان کی شان سے بہت بعید ہے ۔-12اور جب انہیں بھلائی کے کاموںکی نصیحت کی جاتی ہے تو اِتراتے نہیںبلکہ خوب توجہ سے سنتے ہیںاور پھر دل و جان سے اس پر عمل پیراہوتے ہیں -13اللہ تعالیٰ کے ان بندوں کو جب کوئی حاجت پیش آتی ہے تو خودہی اپنے پیارے اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرکے اللہ تعالیٰ کے سامنے اس انداز سے اپنی حاجت رکھتے ہیں کہ وہ پوری ہو جاتی ہے ، ہاں!بندے جو اللہ کے ہوئے ، خاص اللہ کے بندے تو اللہ کے ہوتے ہوئے غیراللہ کے سامنے اپنی حاجت کیوںرکھیں؟
 
جس خوش بخت بندے کے اندر یہ تمام اوصاف و کمالات پائے جائیں جو اوپر مذکور ہوئے تو اس کی خوش بختی اور سعادت مندی کے کیاہی کہنے !وہ تو بلند و بالا محلات میں جائے گا اور یہ محلات جنت کے عمدہ ترین اور قیمتی ترین محلات ہوں گے جو انہی (عبادالرحمن) کے لیے خاص ہوںگے۔ یہ انعام کیو ں ملا؟ ’’بماصبروا‘‘ صبر کرنے کی وجہ سے ‘صبر کا مفہوم  بہت وسیع ہے کئی چیزیں اس میں داخل ہیں مثلاً عبادات و اطاعت پر دل نہیں لگتا لیکن اپنے نفس کو مار کربندہ نماز پڑھتا ہے ،جہاد کرتاہے اور نیکی کے دیگرکام کرتاہے تو یہ اس شخص کا صبر اور استقامت ہے ورنہ اگر عبادات میں اس حد تک دل لگنے لگ جائے کہ وہ عبادت ’’عادت‘‘بن جائے تو اس سے زیادہ اجراس عبادت میںہے جو نفس کے خلاف کی جائے ،دل تو نہیں کرتا مگرپھر بھی عبادت کررہا ہے ایسے شخص کو دوہرا اجر ملے گا۔ ایک عبادت کا فریضہ بجا لانے کا ،دوم محنت اور مشقت کا‘اسی طرح گناہوں سے اپنے آپ کو زبردستی روکنا ، کفار ومشرکین کی طرف سے آنے والے مظالم کو مردا نگی کیساتھ برداشت کرنا ، دین کی سربلندی کیلئے کی جانے والی کوششوں میں آنے والی تکا لیف کوسہہ جانا ، حق پر ثابت قدم رہنا ، حد ود اللہ سے تجاوز نہ کرنا ،مال ودولت کی فراوانی نہیں تنگدستی ہے ، فقر وفاقہ ہے تو اس پر قناعت کرنا وغیرہ یہ سب صبر کے مفہوم کے تحت داخل ہیں تو اللہ تعالیٰ کے ان مقبول بندوں کو اتنے اونچے محلات صبر واستقامت کی بدولت ملیں گے ۔ وہ بھی چند دنوں کیلئے نہیںبلکہ ہمیشہ ہمیشہ کیلئے، نہ تو وہاں ان کو موت آئے گی ،  نہ جنت سے نکالا جائے گا’’ہمیشہ ہمیشہ کی لذتوں اور نعمتوں میں رہیں گے‘‘ ایک دوسرے کو تحفے تحائف دیا کریں گے ، سلام کلام کیا کریں گے ،خوش گپیاں ہونگی اور یہی نہیں بلکہ فرشتے بھی آتے جاتے اللہ تعالیٰ کے ان محبوب بندوں کو ، جنتیوں کوسلام، سلام کررہے ہوںگے۔ پھر ایک سے بڑھ کر دوسری نعمت ، سبحان اللہ سبحان اللہ !خود اللہ رب العزت ان جنتیوں کو ،اپنے لاڈلے پیارے بندوں کوسلام کریں گے ’’سلام قولامن رب رحیم‘‘  ایسی عظیم الشان جنت ، ایسی عظیم  بادشاہت ان جنتیوں کوملے گی کہ جس کا تصور بھی ہم نہیں کرسکتے‘  ہاں محبوب سبحانی اور علماء  ربانی   جنت کے کچھ احوال کا تذکرہ اس نیت سے کر دیتے ہیں کہ ہمارے دلوں میں بھی حصول جنت ، اللہ تعالیٰ کے دیدار اور ملاقات کاشوق وتڑپ پیدا ہوجائے۔ 
ایک مسلمان کا یہ عقیدہ ہے کہ جنت اور دوزخ برحق ہیں لیکن جنت ہے کیا ؟ کس چیز سے اسکی تعمیر ہوئی ہے ؟کو ن کونسی نعمتیں اس کے اندر ہونگی ؟وغیرہ ۔ان اور ان جیسی دیگر چند باتوں کے بارے جاننے کیلئے آئیے اپنے پیارے آقا حضور نبی کریم ﷺ کی زبانی چنداحادیث مبارکہ پڑھ لیتے ہیں۔
(جاری ہے)