01:41 pm
سرمایہ داروں کے لئے بجلی سستی، سبزیاں مہنگی

سرمایہ داروں کے لئے بجلی سستی، سبزیاں مہنگی

01:41 pm

٭ صنعت کاروں کے لئے بجلی سستی، عوام کے لئے سبزیاں مہنگی، گوشت انڈے نایابO ژوب: افغانستان سے فائرنگ، سپاہی شہید، کنٹرول لائن سے فائرنگ، شہری زخمیO امریکہ کے صدارتی انتخابات، جوبائیڈن کی کامیابی متوقع، پاکستان کے لئے سب ایک جیسےO کراچی: مزارقائداعظم پر ہنگامہ، مریم نواز مفرور، لاہور میں نصرت شہباز مفرورO بجلی دوگنا سے بھی زیادہ مہنگی کی جائے، آئی ایم ایف کا مطالبہO چیئرمین سینٹ کے انتخابات، ہاتھ اٹھا کر رائے شماری ہو گیO ٹانگیں کانپنے کے بارے میں میرا بیان درست تھا، ایاز صادق O میں پاکستان کے خلاف ایف اے ٹی ایف، انٹرپول اور اقوام متحدہ میں جائوں گی، جسٹس قاضی عیسیٰ کی اہلیہ کا اعلانO ملک میںکھانے پینے کی کوئی قلت نہیں وزیراعظم!O مقبوضہ کشمیر! محبوبہ مفتی کے خلاف بغاوت کا ایک اور مقدمہ!

٭امریکہ کے صدارتی الیکشن کے نتائج اب تک آ چکے ہوں گے۔ ابتدائی نتائج کے مطابق جوبائیڈن کو واضح برتری حاصل ہو چکی تھی۔ دنیا بھر کی نظریں اس الیکشن پر لگی رہیں۔ ٹرمپ دوبارہ آ جائے یا جوبائیڈن کامیاب ہو جائے، پاکستان کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ صدر کوئی بھی ہو، امریکی پالیسیاں تبدیل نہیں ہوتیں۔ پاکستان کے لئے نتھا سنگھ یا پریم سنگھ سب یکساں ہیں۔ ٹرمپ ہار بھی جائے تو اپنے جانے سے صرف چند روز قبل اس نے چین اور پاکستان کے خلاف بھارت سے جو جنگی معاہدہ کیا ہے، جوبائیڈن اسے تبدیل نہیں کر سکتا۔ امریکہ کی پالیسیاں عارضی یا ہنگامی نہیں ہوتیں۔ اس کی انتظامیہ، تھنک ٹینک، مسلح افواج، کانگریس کے دانش ور بہت سوچ بچار کے ساتھ بیس تیس سال کی پالیسیاں بناتے ہیں۔ امریکہ نے بھارت کو ہمیشہ پاکستان پرترجیح دی۔ مشہور کارٹونسٹ قاضی اسلم مرحوم کا سڑکوں پر اور امریکی سنٹر کے باہر بنایا ہوا کارٹون آج بھی لوگوں کو یاد ہے کہ امریکہ بھارت کو اسلحہ بیچ رہا اور پاکستان کو امریکی فلمیں!
٭جناب وزیراعظم صاحب! آپ اس وقت اقتدار کے گھوڑے پر سوار ہیں، بہت اونچی باتیں کر رہے ہیں۔ضرور کریں مگر خدارا، قوم پر رحم کریں، اس کا مذاق نہ اُڑائیں! آپ نے فرمایا ہے کہ ملک میں کھانے پینے کی اشیا کی کوئی قلت نہیں۔ ممکن ہے ایسا ہی ہو! مگر یہ بھی فرما دیتے کہ کھانے پینے کی اشیا سے دکانیں بھری ہوئی ہیں مگر افسوس کہ خریدار کوئی نہیں! صرف چھ سات ماہ پہلے انڈے 80 روپے درجن تک مل رہے تھے اب لاہور میں 170 روپے کوئٹہ میں 200 روپے درجن تک چلے گئے ہیں۔ ابھی سردی شروع ہوئی ہے تو یہ عالم ہے، برف باری کے موسم میں کیا حال ہو گا؟ بازار میں کوئی سبزی ڈیڑھ سو  سے سات سو روپے تک مہنگی مل رہی ہے۔ شملہ مرچ عام سی سبزی ہے اس کا ریٹ 280 روپے کلو! ادرک 600 روپے، لیموں300 روپے کلو! گوشت بھی روز بروز مہنگا ہوتا جا رہا ہے۔ فارم کی مرغی کا بے مزا گوشت 300 روپے کلو تک جا پہنچا ہے! دوائیں تین چار سو فیصد مہنگی ہو گئی ہیں، ملک کا صحت کا کوئی وزیر ہی نہیں۔ غیر منتخب مشیر آتے ہیں اربوں کا ہیرپھیر کر کے بھاگ جاتے ہیں! معمولی اسپرین اور پیناڈول قسم کی دوائیں بھی اوپر چلی گئی ہیں۔ مجھے ایک روز ایک دوا Eno (اینو) کی ضرورت پڑی۔ آٹھ دس دکانوں پر نہ ملی۔ رات کو قیمت تین گنا بڑھا دی گئی، اگلے روز انہی دکانوں پر اس دوا کے ڈھیر لگے ہوئے تھے! کس کس بات کا ذکر کیا جائے؟ آپ نے اردگرد جو مچھندر جمع کئے ہوئے ہیں ان کی قابلیت، صلاحیت کا یہ عالم کہ ان کے بیانات پر پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں لے جانے کا اعلان کر رہا ہے! محترم وزیراعظم صاحب! صنعت کاروں کے لئے بجلی سستی کی اچھا کیا، ان کی دولت کئی گنا بڑھ جائے گی، دکانیں ان کی مصنوعات سے مزید بھر جائیں گی مگر خریدار کہاں سے آئیں گے؟ آلو ایک سال پہلے 20 روپے کلو تھے، سڑکوں پر ڈھیر لگے تھے اب 120 روپے کلو!
٭زمانہ کیسے پلٹتا ہے! کل شریف خاندان، زرداری خاندان، عباسی خاندان، سادات اور دوسرے بڑے خاندان تخت پر تھے۔ سروںپر تاج تھے اور آج! تھانے، جیلیں، گرفتاریاں، ضمانتیں، مفرور، اشتہاری!! میرتقی میر بار بار یاد آتا ہے۔ کیا بات کہہ دی! کہ ’’جِس سَر کو غرور ہے یاں تاجوری کا…کل اس پر یہیں شور ہے پھر نوحہ گری کا!!نزل سے گیا کون سلامت؟ اسباب یہاں راہ میں لٹا ہر سفری کا!‘‘
اس میر تقی میر کا لازوال کلام کہ:۔
کل پائوں ایک کاسہ سَر پر جو آ گیا
یکسر وہ استخوان شکستوں سے چُور تھا
کہنے لگا کہ دیکھ کے چل راہ بے خبر
میں بھی کبھو کِسی کا سہِ پُر غرور تھا!
زیادہ عرصہ نہیں گزرا! صرف دو سال پہلے تک 30,30 سال تک تخت نشین لوگ آج کس حال میں ہیں؟ قیامت کہ ایک تخت نشین خاندان کے سب لوگ جیلوں میں یا مفرور اور اشتہاری! کیا کیا نام ہیں! شہباز شریف، بیٹا حمزہ شہباز جیل میں، نوازشریف، نصرت شہباز، سلمان شہباز، اسحاق ڈار، حسین نواز، حسن نواز، اسحاق ڈار کے دونوں بیٹے مفرور اور اب مزار قائداعظم کی بے حرمتی کے کیس میں ملوث مریم نواز کو بھی کراچی کی عدالت نے مفرور قرار دے دیا! عدالت نے کیپٹن صفدر کو کراچی میں طلب کر لیا اور لاہور کی عدالت نے صفدر کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے!! یہی صورت حال زرداری اور خورشیدشاہ کے خاندانوں کی ہے۔ عدالتوں میں وہیل چیئر پر پیشیاں اور ضمانتیں! یہ تو چھوٹے لوگ ہیں، بڑی بڑی سلطنتوں کا کیا حال ہوا؟ ہندوستان پر قبضہ کرنے والی ایسٹ انڈیا کمپنی کا پہلا گورنر جنرل لارڈ کلائیو کرپشن کے کیس میں گرفتار ہوا اور سزا پانے کے بعد لندن کی گلیوں میں بھیک مانگتا پایا گیا! یہی حال مغلیہ خاندان کے انجام ہوا۔ نابینا شہزادہ دہلی کی گلیوں میں بھیک مانگنے لگا! آیئے، دوسری باتیں کریں۔
٭پنجاب کے سابق وزیراطلاعات فیاض الحسن نے دوبار اس عہدے سے فارغ ہونے پر کہا ہے کہ جو کچھ بھی ہوتا ہے، اچھا ہونے کی طرف ہی جاتا ہے۔ اس کے معنی ہیں کہ ان کی جگہ وفاقی وزارت اطلاعات کی سیڑھی سے نیچے اتر کر صوبائی وزارت تک آنے والی خصوصی معاون فردوس عاشق اعوان کی یہ ’ترقی‘ اچھے حالات کی عکاسی کر رہی ہے!!
٭ ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ 13 دسمبر کو مینار پاکستان پر اپوزیشن کے اتحاد کا جلسہ عمران خاں کی حکومت کو بہا لے جائے گا! خوش ہونے میں کیا حرج ہے؟ اسی مینار پاکستان پر 10 اپریل 1986ء کو بے نظیر بھٹو کا جلسہ ملک  کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ تھا مگر ضیاء الحق کا اقتدار ختم ہونے میں ڈھائی سال لگ گئے تھے! اس کے بعد عمران خاں کا اسی مقام پر بہت بڑا جلسہ ہوا، پھر اسلام آباد میں 126 روز کا دھرنا دیا، حکومت پر کچھ اثر نہ ہوا اور انتخابات کا انتظار کرنا پڑا۔ موجودہ صورت حال یہ ہے کہ انتخابات میں ںابھی پونے تین سال کی دیر ہے فوج کا اعلان آ چکا ہے کہ وہ موجودہ حکومت کے ساتھ ہے اور عالم یہ ہے کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی ایک دوسرے کے سامنے آ گئی ہیں، گلگت بلتستان میں ایک دوسرے کے مقابلے میں الیکشن لڑ رہی ہیں، مولانا فضل الرحمن ان جماعتوں کے رویے سے بے زار دکھائی دے رہے ہیں۔ گاڑی کیسے چلے گی رانا صاحب!
٭حیرت! سپریم کورٹ کے جج قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ سرینہ عیسیٰ کا اعلان کہ مجھے انصاف نہ ملا تو میں پاکستان کے خلاف ایف اے ٹی ایف، انٹرنیشنل پولیس اور اقوام متحدہ میں جائوں گی! استغفار؟ یہ ملک کے اعلیٰ ترین عدالت کے ایک سینئر جج کی اہلیہ کا بیان ہے! بی بی پاکستان سے اتنی دشمنی ہے تو ان اداروں کے پاس جانے کی بجائے پاکستان کے اصل دشمن ’نریندر مودی‘ سے رابطہ قائم کریں اور ’را‘ کی مدد حاصل کریں! ایک بار پھر استغفار!!
٭وہی ہوا جس کا ٹرمپ پہلے سے ہی اعلان کر چکا تھا کہ وہ کامیاب نہ ہوا تو نتیجہ تسلیم نہیں کرے گا۔ اس نے اعلان کر دیا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے۔ برقی مواصلاتی نظام معطل کر کے مقررہ اوقات کے بعد بھی پولنگ کرائی گئی ہے، اس معاملہ کو سپریم کورٹ میں لے جایا جائے گا!! یہی کچھ تو پاکستان میں بھی ہو رہا ہے! کالم پریس میں جانے تک جوبائیڈن کو 238 اور ٹرمپ کو 213 ووٹ ملے تھے اور جوبائیڈن کو جیتنے کے لئے 270 ووٹ چاہئیں تھے اس پر ٹرمپ نے ہنگامہ کر دیا۔

 

تازہ ترین خبریں

حکومت کی موثر اقتصادی پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے، شفقت محمود

حکومت کی موثر اقتصادی پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے، شفقت محمود

 حاملہ خواتین بھی کورونا ویکسین لگواسکتی ہیں۔ڈاکٹر فیصل سلطان

حاملہ خواتین بھی کورونا ویکسین لگواسکتی ہیں۔ڈاکٹر فیصل سلطان

انسداد دہشتگردی عدالت نے رکن قومی اسمبلی  علی وزیر پر فرد جرم عائد کردی۔

انسداد دہشتگردی عدالت نے رکن قومی اسمبلی  علی وزیر پر فرد جرم عائد کردی۔

انگلینڈ کا دورہ پاکستان کے انکار پر دکھ ہوا. چئیرمین پی سی بی رمیز راجہ 

انگلینڈ کا دورہ پاکستان کے انکار پر دکھ ہوا. چئیرمین پی سی بی رمیز راجہ 

 ملکی سربراہ کو ملنے والے تحائف ماضی کی طرح غائب نہیں ہوتےبلکہ توشہ خانہ میں جمع کروائے جاتے ہیں۔ شہباز گل

ملکی سربراہ کو ملنے والے تحائف ماضی کی طرح غائب نہیں ہوتےبلکہ توشہ خانہ میں جمع کروائے جاتے ہیں۔ شہباز گل

چہلم امام حسینؓ کے موقع پر موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ

چہلم امام حسینؓ کے موقع پر موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ

قومی کرکٹ ٹیم  کے کھلاڑی 23 ستمبر سے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں جلوہ گر ہوں گے

قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی 23 ستمبر سے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں جلوہ گر ہوں گے

پی ٹی آئی،مسلم لیگ ن اورپاکستان پیپلز پارٹی کاتصادم صرف دکھاوے کی سیاست ہے۔سراج الحق 

پی ٹی آئی،مسلم لیگ ن اورپاکستان پیپلز پارٹی کاتصادم صرف دکھاوے کی سیاست ہے۔سراج الحق 

ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کیلئے ایک اور سہولت کا اعلان

ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کیلئے ایک اور سہولت کا اعلان

 سواتی صاحب الیکشن کمشنر کس کی گھڑی کس کی چھڑی ہے اس سے ہمیں مطلب نہیں۔ ناصر حسین شاہ

سواتی صاحب الیکشن کمشنر کس کی گھڑی کس کی چھڑی ہے اس سے ہمیں مطلب نہیں۔ ناصر حسین شاہ

ملک کے مختلف شہروں میں تیز بارش ۔۔۔۔ بجلی فراہم کرنے والے متعدد فیڈرز پر فالٹ اور ٹرپنگ جاری

ملک کے مختلف شہروں میں تیز بارش ۔۔۔۔ بجلی فراہم کرنے والے متعدد فیڈرز پر فالٹ اور ٹرپنگ جاری

 اپوزیشن جماعتیں صرف ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہیں۔عثمان بزدار

اپوزیشن جماعتیں صرف ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہیں۔عثمان بزدار

مریم نواز نے جاتی امرااراضی انتقال منسوخی کیس میں دوبارہ فریق بنانے کی درخواست دائر کردی

مریم نواز نے جاتی امرااراضی انتقال منسوخی کیس میں دوبارہ فریق بنانے کی درخواست دائر کردی

 بی آر ٹی میں سفر کرونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ سے مشروط کر دیا گیا ہے۔

بی آر ٹی میں سفر کرونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ سے مشروط کر دیا گیا ہے۔