01:35 pm
  دہشت گرد بھارت  کا  تعاقب

  دہشت گرد بھارت  کا  تعاقب

01:35 pm

 پاکستان نے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف بھرپور چارج شیٹ پیش کر دی ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ڈی جی آئی ایس پی آر کی مشترکہ
 پاکستان نے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف بھرپور چارج شیٹ پیش کر دی ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ڈی جی آئی ایس پی آر کی مشترکہ پریس کانفرنس ایک غیر معمولی واقعہ تھا ۔ ایل او سی پر بھارت کی حد سے بڑھتی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر میں حریت پسندوں پر ڈھائے جانے والے مظالم میں تشویشناک اضافہ نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان کے طول و عرض میں بھارت نے دہشت گردی کا طوفان اٹھانے کے مکروہ منصوبے شروع کر رکھے ہیں ۔ اس حساس معاملے پر ماضی کے حکمرانوں کی معنی خیز خاموشی نے پاکستان کا مقدمہ کمزور کر دیا ۔ نتیجہ یہ نکلا کہ دہشت گردی کا موجد و سرپرست بھارت سینہ زوری پر اتر آیا ۔ حالت اتنی بگڑ چکی ہے کہ مودی سرکار کے وزیر اور اہم ریاستی عہدیدار کھلم کھلا پاکستان کو دہشت گردی کے ہتھیار سے لہو لہان کرنے کی دھمکیاں دیتے ہیں ۔ بھارتی بری فوج کے سربراہ اور موجودہ چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت کئی برسوں سے بیک وقت دو محاذوں پر پاکستان اور چین سے پنجہ آزمائی کی گیدڑ بھبکیاں دیتے رہے ہیں ۔ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، جو کہ گذشتہ حکومت میں وزیر داخلہ بھی تھے، پاکستان کو دہشت گردی اور فوجی مہم جوئی کا نشانہ بنانے کی بھارتی حکمت عملی کا ببانگ دہل اعلان کرتے رہے۔ بی جے پی کے مرکزی راہنما سبرامنیم سوامی برملا پاکستان کو چالیس ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کی شیطانی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں۔ اجیت دووال کا وہ چشم کشا خطاب آج بھی سوشل میڈیا پر دستیاب ہے جس میں موصوف نے بلوچستان اور مغربی محاذ پر دہشت گردوں کو پیسے کے بل بوتے پر پاکستان کا وجود مٹانے کے منصوبے بیان کئے ہیں۔ 
وزیر خارجہ اور ڈی جی آئی ایس پی آر کی مشترکہ پریس کانفرنس نے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے جامع اور ناقابل تردید ثبوت پیش کئے ہیں۔ بھارت نے ایک جانب افغانستان کی سرزمین استعمال کرتے ہوئے ٹی ٹی پی ، جماعت الاحرار اور حزب الاحرار جیسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر رہا ہے تو دوسری جانب نام نہاد قوم پرست دہشت گرد تنظیموں بی ایل اے ، بی آر اے اور بی ایل ایف کے درمیان اتحاد قائم کیا گیا ہے ۔ ان دہشت گرد گروہوں کا کنٹرول افغانستان میں بھارتی قونصل خانوں کی آڑ میں قائم جاسوسی اور دہشت گردی کے اڈوں سے کیا جارہا ہے۔ پاکستان کی سرزمین پر خون کی ہولی کھیلنے کے لئے بھارتی ریاست دہشت گرد گروپوں میں اب تک اسی ارب روپے تقسیم کر چکی ہے۔ سات سو دہشت گردوں پر مشتمل ملیشیا تشکیل دی گئی ہے جس کا بنیادی ہدف سی پیک ہے۔ بھارت میں اکیس اور افغانستان میں چھیاسٹھ کیمپوں میں دہشت گردوں کے تربیتی مراکز کام کر رہے ہیں۔ پشاور اے پی ایس ، پی سی ہوٹل گوادر ، کراچی سٹاک ایکس چینج اور چینی قونصل خانے سمیت ہر دہشت گرد حملے کے پیچھے بھارتی ریاست کا ہاتھ ہے۔ پاکستان کا وجود مٹانے کے لیے دہشت گردی ، لسانی تشدد اور شدت پسندی کے ہتھیار آزمانے کا بھارتی وطیرہ بہت پرانا ہے۔ لسانی تعصب کا ہتھیار سب سے پہلے مشرقی پاکستان میں استعمال کیا گیا ۔ گاہے بگاہے پشتونستان اور آزاد بلوچستان کے نام نہاد علمبردار پاکستانی کی نظریاتی اساس اور جغرافیائی سا لمیت پر وار کرتے رہے۔ بعدازاں اسی کی دہائی میں سندھ کے شہری علاقوں میں الطاف حسین کے ہاتھوں تشکیل پانے والی لسانی تحریک اور سندھو دیش کے حامی نام نہاد قوم پرستوں کو بھارت نے گود لے لیا۔ 
سندھ میں پاکستان اور دو قومی نظرئیے پر یقین رکھنے والے قائدین اور جماعتوں کو راستے سے ہٹا کر کراچی و حیدرآباد میں جو رقص ابلیس بپا کیا گیا اس کے بد اثرات آج بھی ختم نہیں ہوئے۔ حکیم سعید اور صلاح الدین جیسی محب وطن شخصیات کو شہید کیا گیا ۔ علامہ شاہ احمد نورانی ،عبدالستار ایدھی اور مفتی تقی عثمانی جیسی قدآور شخصیات پر قاتلانہ حملے ہوئے۔ محب وطن طبقات پر پاکستان کی زمین تنگ کی گئی ۔ اس گھنائونے کھیل کے پیچھے بھارت کا شیطانی ذہن اور سرمایہ کام کررہا تھا۔ دہشت گردوں کی ٹیلی فون کالز کا ریکارڈ موجود ہے۔ حال ہی میں بھارت کے چالیس سے زائد بنکوں سے ڈھائی ہزار سے زائد مشکوک ترسیلات کا تذکرہ میڈیا پر رپورٹ ہوا ۔ افغانستان کے قونصل خانوں میں روپوش ان بھارتی حاضر سروس فوجی افسروں کے نام دستیاب ہیں جو پورے خطے میں دہشت گردی کے نیٹ ورکس چلا رہے ہیں۔ قوم پرستوں اور شدت پسندوں کی مشترکہ یلغار کے ساتھ ساتھ پاکستان پر دبائو ڈالنے کے لیے داعش کے دہشت گردوں کو بھیج کر پاکستان کی گردن میں دہشت گردی کا پھندا مزید تنگ کیا جا رہا ہے۔ بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سب سے بڑا ثبوت نیول افسر کھل بھوشن یا دیو پاکستان کی حراست میں ہے۔ بھارت کی وحشیانہ یلغار کے مقابل بے حد کم وسائل اور انتہائی غیرموافق بین الاقوامی حالات کے باوجود پاکستان کے تمام دفاعی اداروں خصوصاً آئی ایس آئی نے پوری جانفشانی سے اپنے فرائض ادا کرتے ہوئے دشمن کے تمام منصوبے بے نقاب بھی کئے ہیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر مادر وطن کا تحفظ بھی کیا ہے۔ محب وطن حلقے یہ پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ جان پر کھیل کر حاصل کئے گئے ان ثبوتوں کی بنیاد پر گذشتہ حکمرانوں نے بھارت کے خلاف سفارتی محاذ پر کیا کامیابی حاصل کی ؟ پاکستان کا مقدمہ عالمی اداروں میں کیسے پیش کیا ؟ کھل بھوشن کے چشم کشا اعترافات اور بھارتی دہشت گردی کے ثبوتوں کی دستیابی کے باوجود سابق حکومت گونگے کا گڑ کھا کے کیوں بیٹھی رہی؟ 
آج لندن میں جمہوریت اور سول بالادستی کا مرثیہ پڑھنے والے سابق وزیر اعظم اور ان کے جاں نثار ترجمان عوامی عدالت میں کوئی معقول وضاحت کیوں پیش نہیں کر پارہے؟ موجودہ حکومت سے استدعا ہے مودی سرکار کی ریاستی دہشت گردی ، مقبوضہ کشمیر میں بین الاقوامی قوانین کی پامالی اور دہشت گردوں کی مالی معاونت جیسے سنگین جرائم کے تمام ثبوت عالمی فورمز پر استعمال کر کے بھارت کو دہشت گرد ریاست قرار دلانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے۔




 

تازہ ترین خبریں

نئے پاکستان کے بجٹ  میںفائدہ صرف خان کی اے ٹی ایمز مشینوں کو  ہوگا،شاہد خاقان عباسی

نئے پاکستان کے بجٹ میںفائدہ صرف خان کی اے ٹی ایمز مشینوں کو ہوگا،شاہد خاقان عباسی

پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی تیاریاں ہیں، نیربخاری

پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی تیاریاں ہیں، نیربخاری

کیا واقعی بجٹ کا 80فیصد حصہ فوج کو ملتا ہے؟

کیا واقعی بجٹ کا 80فیصد حصہ فوج کو ملتا ہے؟

ڈکیتی کا ملزم ضمانت پر رہا ہوکر دوبارہ بینک لوٹنے پہنچ گیا

ڈکیتی کا ملزم ضمانت پر رہا ہوکر دوبارہ بینک لوٹنے پہنچ گیا

وفاقی بجٹ کے بعد پنجاب کا بجٹ کب پیش کیا جائیگا؟تاریخ بارے پتا چل گیا

وفاقی بجٹ کے بعد پنجاب کا بجٹ کب پیش کیا جائیگا؟تاریخ بارے پتا چل گیا

بے سہارا، بیروز گار  افراد کیلئے اچھی خبر۔۔حکومت نے بڑااقدام اٹھالیا

بے سہارا، بیروز گار افراد کیلئے اچھی خبر۔۔حکومت نے بڑااقدام اٹھالیا

عازمین حج اس ویب سائٹ پر اپنی رجسٹریشن کراسکتے ہیں، رجسٹریشن کا آغاز آج سے ہوگیا

عازمین حج اس ویب سائٹ پر اپنی رجسٹریشن کراسکتے ہیں، رجسٹریشن کا آغاز آج سے ہوگیا

گیس پائپ لائن زوردار دھماکے سے پھٹ گئی ، متعدد افراد ہ ل ا ک

گیس پائپ لائن زوردار دھماکے سے پھٹ گئی ، متعدد افراد ہ ل ا ک

سرکاری ادارے کی نجکاری پر ملازمین کی تنخواہ میں کوئی ردوبدل نہیں ہوگا، سعودی عرب

سرکاری ادارے کی نجکاری پر ملازمین کی تنخواہ میں کوئی ردوبدل نہیں ہوگا، سعودی عرب

یکم جولائی سے کیا کیا سستا ہو گا؟اچانک خبر نے شہریوں کے دل جیت لیے

یکم جولائی سے کیا کیا سستا ہو گا؟اچانک خبر نے شہریوں کے دل جیت لیے

حکومتی انتخابی ترامیم آئین اور الیکشن کمیشن پرسنگین حملہ ہے ،مریم اورنگزیب

حکومتی انتخابی ترامیم آئین اور الیکشن کمیشن پرسنگین حملہ ہے ،مریم اورنگزیب

سرکاری ملازمین بارے اہم ہدایات جاری ،وزارت افرادی قوت نے حتمی فیصلہ کرلیا

سرکاری ملازمین بارے اہم ہدایات جاری ،وزارت افرادی قوت نے حتمی فیصلہ کرلیا

بجٹ میں وزیراعظم ہائوس اوروزیراعظم سیکرٹریٹ کے اخراجات  میں اضافہ کیے جانے کاانکشاف مگرکتنا؟قوم کے لیے یقین کرنامشکل

بجٹ میں وزیراعظم ہائوس اوروزیراعظم سیکرٹریٹ کے اخراجات میں اضافہ کیے جانے کاانکشاف مگرکتنا؟قوم کے لیے یقین کرنامشکل

اداروں کی نجکاری ۔۔۔!!! میاں منشا نے حکومت کوانتہائی اہم مشورہ دیدیا

اداروں کی نجکاری ۔۔۔!!! میاں منشا نے حکومت کوانتہائی اہم مشورہ دیدیا