02:32 pm
اپوزیشن اتحاد کا انجام!

اپوزیشن اتحاد کا انجام!

02:32 pm

٭اپوزیشن اتحاد مفلوج، پیپلزپارٹی ساتھ چھوڑ گئی! نواز شریف کی واپسی کا مطالبہ، الیکشن لڑیں گے، آصف زرداریO ن لیگ، خواجہ آصف گرفتار، ’’26 کروڑ کے ناجائز اثاثوں کا الزام ہے‘‘ نیبO  استعفے دینے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، رانا ثناء اللہ O  جے یو آئی: مولانا شیرانی کا ’اصلی‘ جے یو آئی بحال کرنے کا اعلان، فضل الرحمان کی پارٹی تسلیم کرنے سے انکارO فوج کے خلاف نفرت انگیز تقریر: مفتی کفائت اللہ گرفتار، مزید گرفتاریاں ہوں گیOکرونا، 63 ہلاک، 1776 نئے مریض، امریکہ 2208 ہلاک، ایک لاکھ 7 ہزار نئے مریضO فضل الرحمان اثاثے: نیب کانوٹس لینے سے انکار، دوبارہ نوٹسO لاہور، مردہ مرغیوں کا چار من گوشت برآمد، مقدمے، بڑے جنرل سٹور میں 20 اشیاء زائد المیعاد، 5 افراد گرفتار، جرمانہ O آج بدبخت 2020ء کا آخری دن!
٭نئی اور حیرت کی بات نہیں، ایک غیر منطقی، مشرق مغرب کی بھانت بھانت بولیوں والے ایک دوسرے کے جانی دشمنوں کے ناقابل فہم گٹھ جوڑ کا یہی انجام ہونا تھا۔ ماضی میں مختلف آمروںکے خلاف مختلف اتحاد بنے ان میںسب کے ہاتھ صاف تھے، کسی پر مالی بددیانتی، کرپشن کا کوئی الزام، کوئی مقدمہ نہیں تھا۔نوابزادہ نصراللہ اپنی مظفر گڑھ کی زمینیں بیچ بیچ کر سیاست کرتے، اتحاد بناتے رہے۔ نہایت صاف ستھرا کردار، پانچ وقت کے نمازی، اعلیٰ پایہ کے شاعر اور اُردو و فارسی زبانوں کے اعلیٰ محقق! ان کے باقی اتحادی ساتھی بھی ایسے ہی تھے، مولانا شاہ احمد نورانی، مفتی محمود، ملک قاسم،مولانا ساجد اور ممتاز شیعہ علما! ہر شخص روشن صاف شفاف کردار کا حامل!! اور موجودہ اتحاد!! دس میں سے آٹھ کے خلاف کرپشن کے زیر سماعت مقدمے، ہر شخص فوج کو گالیاں، اسمبلیوں کو جعلی قرار دے کر انہی اسمبلیوں کی رکنیت کی روزی روٹی کے نمک خوار! عقیدوں اورنظریات میں سات سمندرں کا فاصلہ، کوئی شمال کو جا رہا ہے، کوئی جنوب کو۔ بلاول مولانا فضل الرحمان کے جلسوں میں نہیں جا رہا، مولانا بلاول کے جلسے سے غائب!! ان لوگوں کو کسی سخت اور جابر حکمران کی بجائے بھانت بھانت کی بولیوں والے سیاسی بھگوڑوں کے حکومتی گٹھ جوڑ سے واسطہ پڑ گیا جس کی عام مثال یہ کہ ’’کہیں کی اینٹ، کہیں کا روڑا، بھان متی نے کنبہ جوڑا!‘‘ حکومت نے اپوزیشن کا کیا بگاڑنا تھا! خود ہی بگڑی ہوئی ہے۔ چینی کی ناجائز برآمد کرنے والے لاڈلے ہم سفر کو تین ارب روپے کی سب سڈی (باپ کا مال!) ہر کام میں نااہلی، تاخیر سے قومی خزانے کو اربوں کھربوں کا نقصان! ڈھائی برسوں کے بعد خود کو نااہل تسلیم کرنے والی اس مفلوج حکومت پر خزاں زدہ اپوزیشن نے کیا اثر کرنا تھا؟ اس میں کوئی چھاج ہوتا تو بولتا، چھلنی نے کیا بولنا تھا، جس میں 900 چھید! اتحاد خود اپنی ہی اندرونی رسہ کشی سے ٹکڑے ٹکڑے ہو گیا! ایک بار پھر ظفر اقبال کا شعر ’’کاغذ کے پھول سر پر سجا کے چلی حیات، نکلی بیرون شہر تو بارش نے آ لیا!!‘‘ مختصر روداد یہ ہے کہ یہ اتحاد تین نعرے بلند کرتا چلا  تھا کہ عمران خاں نے استعفا نہ دیا تو اپوزیشن ’جعلی‘ اسمبلیوں سے استعفے دے گی۔ ان ’جعلی‘ اسمبلیوں میں اپوزیشن کی ان تمام جماعتو ںکے ارکان بھرے ہوئے ہیں جو کروڑوں کے اخراجات کے بعد اسمبلیوں میں داخل ہوئے اور انہی اسمبلیوں سے روزی روٹی کما رہے اور اپنے اخراجات پورے کر رہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان پر سے زمانے نے آنکھیں پھیر لیں۔ شان و شوکت کا ایک زمانہ! چند ارکان کے زور پر قومی اسمبلی کی ممبر، کشمیر کمیٹی کے چیئرمین، بھائی سینٹ میں، اسلامی نظریاتی کونسل کی چیئرمینی، بھائی وزیر، شاندار وزارتی بنگلے، چار بڑی گاڑیاں، سرکاری خرچ پر اندرون و بیرونی دورے! اور اب، بقول شاعر، آنکھ کھلی تو رَفت تھا نہ بود! 
٭اور اب تازہ ترین: آصف زرداری کو جب بھی فون کیا، خوش گوار جواب ملتا رہا مگر اب کیسی آنکھیں پھیر لیں! صاف دو ٹوک اعلان کہ استعفے نہیں دیں گے، اسمبلیوں میں رہیں گے،ضمنی اور سینٹ کے انتخابات میں حصہ لیں گے،ہاں البتہ اسلام آباد کے لانگ مارچ میں حصہ ضرور لیں گے (ماضی کی طرح ایک تقریر کر کے واپس چلے آئیں گے! مومن خاں مومنؔ کیا بات کہہ گئے کہ ’’تم ہمارے کسی طرح نہ ہوئے، ورنہ دنیا میں کیا نہیں ہوتا!‘‘
آصف زرداری کا بیانیہ تفصیل سے چھپ چکا ہے اس میں اور باتوںکے سوا ایک بات بہت دلچسپ ہے کہ استعفوں کی بات کرنی ہے تو نواز شریف پاکستان آئیں اور لانگ مارچ کی قیادت کریں! کیا سادہ دِلی یا…یا کیا دُور کی سوجھی ہے؟ نوازشریف کو عدالت مفرور، اشتہاری مجرم قرار دے چکی ہے۔ ہوائی اڈے پر پہلا قدم رکھتے ہی گرفتار، جیل، دس سال کی قید، مختلف دوسرے مقدمے اور زرداری صاحب کا قیمتی مشورہ کہ اگر لانگ مارچ کی قیادت کریں! مثال قائم کریں کہ مفرور اشتہاری مجرم جلوس کی قیادت کر رہا ہے۔ پیپلزپارٹی نے ن لیگ کو اچانک ایسا دھوبی پٹڑا مارا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اور مریم نواز حیران پریشان کہ یہ کیا ہوا!!
٭اس صورت حال پر حکومتی درباریوں نے تو رقص کرنا ہی تھا مگر ہر وقت، ہر موضوع پر بلا سوچے سمجھے بولتے رہنے والی محترم خاتون فردوس عاشق اعوان کی شگفتہ بیانی پڑھنے سے تعلق رکھتی ہے۔ پہلا تبصرہ اسی کے الفاظ میں پڑھئے: بلاول اور مریم نواز کو گڈا گڈی کہہ کر کہتی ہیں کہ…’’کچی ٹُٹ گئی جنہاں دی یاری، پَتناں تے رون کَھڑیاں‘‘ (دوسرا مصرع یوں ہے، جنہاں پیار کیتا اک واری، پتناں تے رون کَھڑیاں) حکومت کو گرانے کی خواہش والوں کو خود اپنے لالے پڑ گئے…فضل الرحمان کو اپنی ہی اتحادی جماعت نے گُڈا گُڈی کے ساتھ ہاتھ کر دیا…اب استعفوں پر پکڑے بکیں گے…‘‘ فردوس عاشق اعوان نے اور بھی دل جلا دینے والی بہت سی باتیں کہی ہیں۔ اتنی ہی کافی ہیں! شہزادہ اور راجکماری کی حد تک الفاظ تو چل سکتے ہیں مگر گُڈا گڈی کے الفاظ بالکل نامناسب اور اخلاقی حدود سے ماورا ہیں۔ مگر ماہِ رمضان المبارک کا مہینہ، کہنے والی خاتون کو کون سمجھائے کہ خواتین کو خاص مردانہ اور غیر مناسب محاورے بولنے سے گریز کرنا چاہئے؟ وہ بولتی چلی جاتی ہیں۔
٭نیب نے خواجہ آصف کو 26 کروڑ روپے کی کرپشن کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ ایک الزام یہ ہے کہ پاکستان میں بیٹھے بیٹھے عرب امارات سے کسی فرم کی مشاورتی خدمات پر 13 کروڑ 60 لاکھ روپے بطور فیس وصول کئے۔ خواجہ آصف نے پنجاب یونیورسٹی سے بی اے ایل ایل بی کیا۔ عرب امارات کے بنکوں سے کچھ عرصہ کام کیا۔ نیب نے ان کے خلاف جو الزامات لگائے ہیں، انہیں عدالت میں ثابت ہی کرنا ہو گا۔ خواجہ صاحب اپنی صفائی پیش کریں گے۔ مجھے یہاں خواجہ آصف صاحب کے محترم والد جناب خواجہ محمد صفدر صاحب کے بارے میں کچھ اظہار تحسین کرنا ہے۔ ان کے بارے میں ایک بزرگ مسلم لیگی شخصیت محمد منشا کے کچھ الفاظ پڑھئے۔ 9 اکتوبر کو ایک مضمون میں لکھتے ہیں کہ ’’خواجہ محمد صفدر قومی سیاست میں شرافت، شائستگی، کمٹ منٹ، اخلاص اور اصولوں کی علامت تھے، عبارت سمجھ کر سیاست کی۔ اپوزیشن لیڈر، قومی اسمبلی کے سپیکر رہے، حکومت اور اپوزیشن والے یکساں ان کا احترام کرتے تھے! وہ ہمیشہ قومی سیاست دانوں میں مفاہمانہ، مصالحانہ اور بزرگانہ کردار ادا کرتے رہے اور…اور… خواجہ محمد آصف!! کیا لکھا جائے۔ قومی اسمبلی میں ایک خاتون کو ٹریکٹر ٹرالی کہنے کی بات!! چھوڑیئے، دوسری باتیں کرتے ہیں۔
٭ایک خبر: نیب اور اسی نوعیت کے امریکی محکمہ ایف بی آئی میں منی لانڈرنگ روکنے کا باہمی معاہدہ ہوا ہے۔ وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے اس پر اعتراض کیا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ امریکہ پاکستان میں اپنے کسی بھی مخالف شخص پر منی لانڈرنگ کا الزام لگا کر اسے طلب کر سکتا ہے۔ امریکی ایف بی آئی کو اچھی طرح علم ہے کہ امریکہ سینٹ آصف زرداری کی مبینہ منی لانڈرنگ کے خلاف کیا قرارداد منظور کر چکا ہے اس کے نتیجے میں آصف زرداری کئی برسوں سے امریکہ نہیں گئے۔ وہاں قانون بہت سخت ہے! امریکہ نے ابتدا کے طور پر آصف زرداری کو طلب کر لیا تو پاکستان کے لئے مسئلہ بن جائے گا! اور امریکہ! اپنے ’باج گزار‘ ملکوں کے ساتھ ہمیشہ رویہ ہوتا ہے کہ ’’آئو! میں اور تم مل کر میری باتیں کریں!‘‘
 

تازہ ترین خبریں

پاکستان کا نام ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکال دیا جائے گا

پاکستان کا نام ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکال دیا جائے گا

عید کی تعطیلات،شہرقائد کےباسیوں کوبری خبرسنادی گئی

عید کی تعطیلات،شہرقائد کےباسیوں کوبری خبرسنادی گئی

عید کیسے گزارنی ہے ؟ وزیراعظم عمران خان نے اراکین اسمبلی کو ہدایت کر دی

عید کیسے گزارنی ہے ؟ وزیراعظم عمران خان نے اراکین اسمبلی کو ہدایت کر دی

روزگار کے مواقع، شاہ محمود قریشی نے پاکستانیوں کو بڑی خوشخبری سنادی

روزگار کے مواقع، شاہ محمود قریشی نے پاکستانیوں کو بڑی خوشخبری سنادی

عامرلیاقت حسین نے عید ملنے کا نیا طریقہ  متعارف کروادیا، انٹرنیٹ صارفین برہم

عامرلیاقت حسین نے عید ملنے کا نیا طریقہ متعارف کروادیا، انٹرنیٹ صارفین برہم

حکومت کو کیسے گرائیں۔۔شہباز شریف نے بڑااقدام اٹھالیا

حکومت کو کیسے گرائیں۔۔شہباز شریف نے بڑااقدام اٹھالیا

جاوید ہاشمی پارٹی پالیسی کی ترجمانی نہیں کرتے ، انکا بیان ذاتی رائے ہے، ن لیگ

جاوید ہاشمی پارٹی پالیسی کی ترجمانی نہیں کرتے ، انکا بیان ذاتی رائے ہے، ن لیگ

پنجاب میں گندم کی زبردست پیداوارپرفواد چوہدری خوشی سے نہال ،کسانوںکومبارکباددے ڈا لی

پنجاب میں گندم کی زبردست پیداوارپرفواد چوہدری خوشی سے نہال ،کسانوںکومبارکباددے ڈا لی

عید پر پابندیوں میں سختی۔۔16 مئی تک پا کستان میں کاروبار، دکانیں اور بازار مکمل بند ۔۔ سر براہ این سی او سی

عید پر پابندیوں میں سختی۔۔16 مئی تک پا کستان میں کاروبار، دکانیں اور بازار مکمل بند ۔۔ سر براہ این سی او سی

فلسطین کیساتھ کھڑا ہوں ۔۔۔!!! وزیراعظم عمران خان نے دو ٹوک اعلان کردیا ،شہریوں کیلئے بڑی خبر آگئی

فلسطین کیساتھ کھڑا ہوں ۔۔۔!!! وزیراعظم عمران خان نے دو ٹوک اعلان کردیا ،شہریوں کیلئے بڑی خبر آگئی

 اسٹیٹ بینک کاعیدالفطر پر نئے کرنسی نوٹ جاری نہ کرنےکا فیصلہ

اسٹیٹ بینک کاعیدالفطر پر نئے کرنسی نوٹ جاری نہ کرنےکا فیصلہ

مرغی کے گوشت کی قیمت کو بریک نہ لگ سکی

مرغی کے گوشت کی قیمت کو بریک نہ لگ سکی

میٹھی عید کی خوشیاں پھیکی پڑ گئیں ۔۔۔!!! عید کے دوسرے اور تیسرے روز طوفان کا خدشہ،شہری یہ خبر ضرور پڑھ لیں 

میٹھی عید کی خوشیاں پھیکی پڑ گئیں ۔۔۔!!! عید کے دوسرے اور تیسرے روز طوفان کا خدشہ،شہری یہ خبر ضرور پڑھ لیں 

سعودی عرب کی ویکسین سے متعلق نئی شر ط پاکستانی مسافروں کیلئے مصیبت بن گئی،خبر پڑھ کر آپ بھی ششدر رہ جائینگے

سعودی عرب کی ویکسین سے متعلق نئی شر ط پاکستانی مسافروں کیلئے مصیبت بن گئی،خبر پڑھ کر آپ بھی ششدر رہ جائینگے