02:05 pm
فوج کے مخالفین کو سنجیدہ انتباہ

فوج کے مخالفین کو سنجیدہ انتباہ

02:05 pm

٭فوج کے خلاف باتوں سے گریز کیا جائے، آئی ایس پی آر کا انتباہO دہلی: کسانوں کا محاصرہ، یوم جمہوریہ پر 2000 ٹریکٹر ٹرالیوں پر دھاوے کا اعلان، پاکستان کے پرچم، ترانے، زندہ باد کے نعرےO لندن:براڈ شیٹ جاسوس ادارے کا نواز شریف کے خلاف سخت بیان O مالاکنڈ، اپوزیشن کا جلسہ، فضل الرحمان:دوبارہ جی ایچ کیو پر چڑھائی کا اعلان! فوج کی طرف سے خیر مقدم، چائے پلانے کی پیش کشO نیویارک، چین نے بھارت کو دو عالمی کمیٹیوں کا صدر نہ بننے دیا، بھارتی ترجمانO بجلی کا بریک ڈائون روکنے کا ضروری انتظام ہی موجود نہیں! تحقیقاتی رپورٹO نیویارک: کانگریس کے ایوان پر نئے مسلح حملوں کا امکان ہے، ایف بی آئی O جماعت اسلامی، انتخابات میں حصہ لے گیO کرونا، زور کم ہو گیاO بھارت 10 صوبوں میں برڈفلو، لاکھوں مرغیاں پرندے ہلاک۔
٭فوج بالآخر بول پڑی مسلح افواج کے نمائندہ ادارے، آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل، میجر جنرل افتخار بابر نے شائستہ الفاظ میں انتباہ کیا ہے کہ فوج کے خلاف باتیں کرنے والے اپنی اصلاح کر لیں۔ فوج نے ملک کی سلامتی، امن وامان کے تحفظ کی خاطر عظیم قربانیاں دی ہیں۔ بعض حلقے بلاوجہ فوج کے خلاف باتیں کر رہے ہیں، فوج ان کی باتوں کی پروا نہیں کرتی، صرف ان باتوں کا جواب دیا جاتا ہے جو اہم ہوتی ہیں، دوسری باتوںکو نظرانداز کر دیا جاتا ہے۔ اب کہا گیا ہے کہ کچھ لوگ راولپنڈی میں فوج کے ہیڈ کوارٹرز، ’جی ایچ کیو‘ پر چڑھائی کریں گے، وہ آئیں، ہم انہیں چائے پانی پلائیں گے (بسکٹ، کیک؟) وغیرہ وغیرہ۔ قارئین جانتے ہیں، خاص ماحول میں فوج کی چائے پانی کے کیا معنی ہوا کرتے ہیں؟ چائے تو سخت مارپیٹ کے بعد بھارتی تباہ شدہ طیارے کے پائلٹ ابھی نندن کو بھی پلائی گئی تھی۔
اب عالم یہ ہے کہ اپوزیشن کی ساری قیادت حکومت اور فوج کو انتہائی غیر شائستہ انداز میں گالی نما دھمکیاں دیتے دیتے تھک گئی ہے۔ اسی پہلے والی ’تنخواہ‘ پرکام کرنے کے اعلان پر اتر آئی ہے۔ بہت سے جلسے جلوسوں کے بعد ضمنی اور سینٹ کے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان واپس لے لیا۔ حکومت گرانے کے نومبر، دسمبر کے اعلانات بھی گزر گئے، لانگ مارچ بھی ادھورا رہ گیا۔ کوئی واضح تاریخ نہ آ سکی۔ استعفوںکا شور بھی ٹھنڈا پڑ گیا! ایک ہاتھ سے استعفے، دوسرے ہاتھ میں الیکشن کے ووٹ! اور صورت حال یہ کہ مریم نواز مسلسل دو جلسوں میں غائب، بلاول زرداری!! باپ شدید علیل، سخت کمزوری اور نیم بے ہوشی کے عالم میں ہسپتال میں، ایمرجنسی، آکسیجن، تیز بخار (نمونیہ)، سانس اور دل کی تکلیف،ڈاکٹروں کی بھاگ دوڑ اور بیٹا، مالا کنڈ کے جلسے میں پورا منہ کھول کر حکومت کو گالیاں دیتا اور خود وزیراعظم بننے کے خواب دیکھتا ہوا!! محترم قارئین! سرفراز سید کی بات چھوڑیئے! کیا آپ سوچ سکتے ہیں کہ باپ انتہائی ایمرجنسی کی حالت میں نازک حالت سے دوچار ہو اور بیٹا اسے اسی حالت میں چھوڑ کر سینکڑوں کلو میٹر دور جا کر جلسے جلوسوں میں تقریریں کر کے اور تالیاں سن کر خوش ہو رہا ہو!…مگر کسی بھی شراب، چرس، ہیروئن کے نشے سے بدتر اقتداراور دولت جمع کرنے کا نشہ! نوازشریف آخری دنوں میں نہ بیوی کے پاس نہ ماں کے جنازے میں شامل! خود عمر کے آخری حصے میں داخل مگر ’’ہونٹوں کی مسی نہ گئی، پان کی لال نہ گئی‘‘
دوسری طرف حکومت!؟کوئی حکومت ہو تو بات کرو! ایک پرانا لطیفہ کہ باپ نے بچوں کو ہدائت کی کہ ایک مہمان آ رہا ہے، اس کی ناک کے بارے میںکوئی بات نہیں کرنی۔ مہمان آیا، کسی وجہ سے ناک غائب تھی۔ سب سے چھوٹا بچہ بولا کہ ابو! آپ نے کہا تھا کہ مہمان کی ناک کے بارے کوئی بات نہیں کرنی، ان صاحب کی تو ناک ہی نہیں ہے، بات کیا کرنی تھی؟…حکومت! صرف بیانات، اعلانات! یہ کر دیںگے، وہ کر دیںگے! ملیں چینی کے ڈھیر لگا رہی ہیں اور چینی 80 روپے سے بڑھ کر 100 روپے کلو! بجلی، گھی، پٹرول نیا سال آتے ہی آسمان پر چڑھ گئے، کوئٹہ میں 11 افراد قتل ہو جاتے ہیں اور وزیراعظم کو چھ روز تک وہاں جانے کی توفیق نہیں ہوتی، اسلام آباد میں فلمی اداکاروں سے خوش گپیاں! وہ تو اپوزیشن ہی اندر سے کھوکھلی نکلی، ایک دوسرے سے الجھ رہے ہیں، ورنہ حکومت تو ہر وقت خودکشی کے لئے تیار!! صرف دو دن پہلے ملک بھر میں بجلی کے ہولناک بریک ڈائون کی چند باتیں!
٭ہر ملک کے بجلی گھروں میں خاص طور پر اہتمام کیا جاتاہے کہ کسی ایک گرڈ سٹیشن میں کسی وجہ سے بجلی بند ہو جائے تو دوسرے گرڈ سٹیشنوں پر کوئی اثر نہ پڑے بلکہ ان گرڈ سٹیشنوں سے عارضی طور پر بجلی حاصل کر کے کام جاری رکھا جائے۔ اور یہاں؟ یہ صرف موجودہ حکومت کی بات نہیں بلکہ بیس بیس، تیس تیس برسوں سے اس بدقسمت ملک پر قابض حکمران اسے خونخوار درندوں کی طرح نوچتے رہے، اندرون ملک فیکٹریاں، بیرون ملک محلات، فلیٹس خریدتے رہے مگر ملک کے اندر بجلی کے نظام کو محفوظ بنانے کے بارے میں کبھی نہ سوچا گیا۔ موجودہ دور میںپاکستان میں تین بڑے ادارے بجلی کا نظام چلا رہے ہیں۔ ایک بڑی کمپنی گدو پاور ہائوس کی، دوسری تربیلا اور منگلا پاور ہائوسوںکی اور تیسری بجلی پیدا کرنے والے نجی اداروں کے ساتھ معاملات کی نگرانی کر رہی ہے۔ مجھے ایک ماہربرقیات کے اس بیان نے شدید صدمے سے دوچار کر دیا ہے کہ اربوں روپے کھا جانے والے ان تین بڑے اداروں نے کبھی بجلی کے نظام کو محفوظ بنانے کا نہیںسوچا۔ یہ کوئی ایسا بڑا کام بھی نہیں، مرکزی نظام میں چند آلات کی ضرورت ہوتی ہے جو مختلف مقامات پر بجلی کی ترسیل کو محفوظ اور برقرار رکھتے ہیں۔ اس وقت ملک پر واپڈا اور وزارت توانائی کے سفید ہاتھی، سینکڑوں ہزاروں بڑے بڑے وزیر، مشیر، خصوصی معاونین، پارلیمانی سیکرٹری اور یاجوج ماجوج کی شکل میں درجنوں ترجمان! مگر سینکڑوں کلو میٹر دور ایک بجلی گھر (گدو) میں ایک معمولی فالٹ سے پورے ملک کا توانائی کا اہم ترین نظام تلپٹ ہو جاتا ہے! ہر کام، ہر شعبہ کا ایک جیسا حال! بار بار اِنا للّٰہ و انا الیہ پڑھ پڑھ کر تھک گئے، کوئی اثر نہ ہوا! ملک کے حالات سے بے خبر وزیراعظم نوجوانوںکو ترقی کے راستے سمجھاتے رہے!!
٭بھارت میں کسانوں کے دہلی محاصرے کو ڈیڑھ مہینہ گزر گیا۔ کسانوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔ ان کے بال بچے اور خواتین بھی محاصرے میں شامل ہو گئے ہیں۔ بھارت کی حکومت دو طرح سے بدحواس ہو رہی ہے، ایک تو یہ کہ کسانوں نے 26 جنوری کو دو ہزار ٹریکٹر ٹرالیوں کے ساتھ بھارت کے یوم جمہوریہ کے دن دہلی پر چڑھائی اور یوم جمہوریہ کی تقریبات پر دھاوا بولنے کا اعلان کر دیا ہے۔ حکومت کو اس بات سے بھی اذیت پہنچ رہی ہے کہ محاصرہ کرنے والے اجتماعات میں سکھ کسان پاکستان کے جھنڈے لہرا رہے ہیں، پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا رہے ہیں اور پاکستانی گلوکاروں کے بھارتی کسانوں کے حق میں ترانے گا رہے ہیں  ۔ عالمی ماہرین کے مطابق بھارت کی معیشت 9 فیصد ترقی سے منفی 9 تک گر گئی ہے۔ حکومت کی بدحواسی کا عالم یہ کہ پاکستان میں اتفاقیہ بجلی کا بریک ڈائون ہوا تو پورے بھارت میں سراسیمگی پھیل گئی کہ بھارت کے لئے خطرناک حالات پیدا ہو گئے ہیں۔ بھارتی حکومت نے بوکھلا کر بھارتی فضائیہ کو سرحدوں پر مسلسل پروازوں کا حکم جاری کر دیا۔ 
٭بھارتی وزارت خارجہ نے کھلا اعتراف کیا ہے کہ چین نے اقوام متحدہ کی دو اہم کمیٹیوں کے صدرکے عہدے پر بھارتی امیدوار کو کامیاب نہیں ہونے دیا اور اس کی امیدواری کی کوشش کو ’وِیٹو‘ کر دیا ہے۔
٭پاکستان کی مفلوج، کئی برسوں سے شکستوں سے دوچار، خاص طور پر حال ہی میں نیوزی لینڈ میں بری طرح پٹائی والی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق (32 لاکھ روپے ماہوار) نے کسی ندامت کے بغیرنہائت بے حسی کے ساتھ کہاہے کہ ٹھیک ہے، نیوزی لینڈ میں پاکستان کی ٹیم کا بہت بُرا حشر ہوا۔ زبردست پٹائی ہوئی، ٹیم بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ میں بری طرح ناکام ہوئی…میں نے اس کی کوچنگ کی، کروڑوں کما لئے، میری کوچنگ بالکل ردی ثابت ہوئی مگر میں استعفا نہیں دوں گا! مصباح الحق ٹھیک کہہ رہا ہے۔ دوسرے کوچوں، وقار یونس (بائولنگ 20 لاکھ روپے ماہوار) وغیرہ نے کون سی حلال کمائی کی ہے جو مصباح اندھیرے میں ہاتھ آنے والے بٹیرے جیسے ہیڈ کوچ کی 32 لاکھ روپے ماہوار (استغفار!) کی مفت ہاتھ آنے والی لکشمی دیوی کو چھوڑ دے! صرف مصباح الحق ہی نہیں، کرکٹ کنٹرول بورڈ میں درجنوں اس طرح کے ڈائریکٹر، جنرل منیجر خونخوار مگر مچھوں کی طرح قومی خزانے کو نوچ رہے ہیں۔ 
 

تازہ ترین خبریں

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا دورہ سیالکوٹ گیریژن ، جوانوں اور افسران سے خطاب بھی کیا

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا دورہ سیالکوٹ گیریژن ، جوانوں اور افسران سے خطاب بھی کیا

دارالامان میں موجود 13سالہ لڑکی تین مہینے کی حاملہ نکل آئی

دارالامان میں موجود 13سالہ لڑکی تین مہینے کی حاملہ نکل آئی

فارن فنڈنگ کیس کا معاملہ ، پی ٹی آئی کو کسی اسرائیلی نے فنڈز نہیں دئے ۔  پی ٹی آئی کے رہنما فرخ حبیب کا تہلکہ خیز انکشاف 

فارن فنڈنگ کیس کا معاملہ ، پی ٹی آئی کو کسی اسرائیلی نے فنڈز نہیں دئے ۔  پی ٹی آئی کے رہنما فرخ حبیب کا تہلکہ خیز انکشاف 

چارجڈ پارکنگ سے غیر قانونی پیسے کمانے کا معاملہ ۔۔ کے ایم سی نے چارجڈ پارکنگ نیلام کرنے کا فیصلہ کرلیا 

چارجڈ پارکنگ سے غیر قانونی پیسے کمانے کا معاملہ ۔۔ کے ایم سی نے چارجڈ پارکنگ نیلام کرنے کا فیصلہ کرلیا 

ڈائریکٹرایف آئی اے کو عہدے سے ہٹا دیا

ڈائریکٹرایف آئی اے کو عہدے سے ہٹا دیا

پولیس اہلکار نے پڑوسی خاتون سے زبردستی کر ڈالی

پولیس اہلکار نے پڑوسی خاتون سے زبردستی کر ڈالی

حیات بلوچ کو قتل کرنے والے ایف سی اہلکار کو سزائے موت

حیات بلوچ کو قتل کرنے والے ایف سی اہلکار کو سزائے موت

جو بائیڈن پاکستان کیساتھ کام کرنے کے خواہشمند ، عمران خان اور ان کے مابین پہلے ہی پیغامات کا تبادلہ ہو چکا ہے۔شاہ محمود قریشی

جو بائیڈن پاکستان کیساتھ کام کرنے کے خواہشمند ، عمران خان اور ان کے مابین پہلے ہی پیغامات کا تبادلہ ہو چکا ہے۔شاہ محمود قریشی

امریکہ کے نامزد وزیر دفاع کا پاکستان کیساتھ ملٹری تعلقات بڑھانے کا اعلان ۔۔ باہمی تعاون کو فروغ دیں گے۔ لائڈ آسٹن 

امریکہ کے نامزد وزیر دفاع کا پاکستان کیساتھ ملٹری تعلقات بڑھانے کا اعلان ۔۔ باہمی تعاون کو فروغ دیں گے۔ لائڈ آسٹن 

سندھ میںمیٹرک اور انٹر میڈیٹ کے امتحانات کی تاریخ کا اعلان

سندھ میںمیٹرک اور انٹر میڈیٹ کے امتحانات کی تاریخ کا اعلان

 وزیراعظم کافارن فنڈنگ کیس کی اوپن سماعت کا چلنج

وزیراعظم کافارن فنڈنگ کیس کی اوپن سماعت کا چلنج

 عمران خان این آراو نہ دینے کی رٹ لگا کر اپوزیشن سے این آراو کی بھیک مانگ رہے ہیں۔ شازیہ مری

عمران خان این آراو نہ دینے کی رٹ لگا کر اپوزیشن سے این آراو کی بھیک مانگ رہے ہیں۔ شازیہ مری

 مولانا مدرسے کے بچوں کو استعمال کرکے حکومت کو بلیک میل کرتے ہیں ۔  فار ن فنڈنگ کو پبلک کرنے کے حق میں ہوں۔ عمران خان 

 مولانا مدرسے کے بچوں کو استعمال کرکے حکومت کو بلیک میل کرتے ہیں ۔  فار ن فنڈنگ کو پبلک کرنے کے حق میں ہوں۔ عمران خان 

لکی مروت میں جیل سے رہائی پانے والے افراد پر فائرنگ ۔۔۔ 5 افراد موت کے گھاٹ اتار دئے گئے 

لکی مروت میں جیل سے رہائی پانے والے افراد پر فائرنگ ۔۔۔ 5 افراد موت کے گھاٹ اتار دئے گئے