01:17 pm
حریمِ کبریاسے آشناکر

حریمِ کبریاسے آشناکر

01:17 pm

سبزعینک لگاکردیکھنے سے سبزہ گل نہیں اگتے، خوش حالی پکارنے سے خوشحالی نہیں آتی ’’نظام بدل دیں گے‘‘کانعرہ لگانے سے کب بدلاہے نظام! ’’روٹی،کپڑااورمکان‘‘اور ’’نیا پاکستان‘‘اوراب ایک مرتبہ پھر’’پرانا پاکستان‘‘! اچھے ہیں یہ نعرے، کانوں کوبہت بھلے لگے،بڑا حوصلہ افزاتھے نعرے لیکن عملاًبے جان الفاظ ثابت ہوئے یہ سب، عملاًزندگی پہلے سے بھی زیادہ تلخ ہوگئی۔ انصاف، انصاف کی گردان بے اثر رہی۔جب عدالتوں میں انصاف نہ ملے یاملنے میں اس قدرتاخیرہوجائے کہ مدعی خاک ہوجائیں تو حقوق انسانی کتابوں میں د رج رہ جاتے ہیں چاہے آبِ زرسے لکھے ہوئے ہوں اورانسان خاک بسرہوں۔ خواب،خواب رہتاہے جب تک تعبیرنہ پائے۔ خواہش، تمناہی رہتی ہے جب تک آسودہ نہ ہوجائے۔ الفاظ کی بازی گری،تقریروں کاسرکس اوراچھلتے کودتے مسخرے، بس جی بہلانے کے لئے تواچھاہے لیکن جی کے بہلنے سے کب بدلاہے کچھ ۔
چلتے پھرتے مسخروں کی اچھل کودکودیکھئے اورجی بہلائیے۔اتنے سارے مائیک دیکھتے ہی غبار ے کی طرح پھول کرکپاہو جاتے ہیں اورپھردیکھتے اور دیکھتے چلے جائیے۔جناب لوگوں کوروٹی چاہئے، گزربسرکے لئے روزگاردرکارہے،انصاف چاہئے،  روٹی کپڑامکان چاہئے،بدل دیں گے ہم نظام، کٹ مریں گے ہم اپنے عوام پر،پہاڑچھیدکردودھ کی نہریں نکالیں گے،اپنے خون سے سینچ دیں گے یہ گلشن ،اقتدارمیں آکرپہلے چھ مہینے میں نیاپاکستان اوردوسوبلین ڈالرکی سرمایہ کاری کرکے ملک کانقشہ تبدیل کردیں گے،ایسے درجنوں وعدے کئے گئے بعدمیں ہروعدہ پریوٹرن لے کراس کوسیاسی دانشمندی کانام دے دیاگیاوغیرہ وغیرہ لیکن اپنے نام کی تختیاں توہرروزنصب ہوئیں لیکن ترجیحات بالکل ہی تبدیل ہوگئی۔ عوام کے ساتھ ساتھ ہم بھی سردھنتے رہتے ہیں۔واہ، واہ جیوے بھئی جیوے۔کوئی سرپھراسوال کربیٹھے کہ جناب ایسے کیسے بدلے گانظام، کیا خالی خولی لفظوں سے پیٹ بھریں گے ؟ تو پھررعونت سے تنی گردن ذراسی خم ہوتی:’’جناب آپ دیکھتے جائیں‘‘یہی تودیکھ رہے ہیں۔عوام جودل میں سوچ رہے ہوں قیادت اسے بھانپ لیتی ہے اوراس کانہ صرف اظہار کرتی ہے بلکہ خودکواس کانمونہ بناکرپیش بھی کرتی ہے۔اوریہ جواقبال بابے نے میرِ کاررواں کے لئے شرائط بتائی ہیں۔
نگہ بلند سخن دلنواز جاں پرسوز      
یہی ہے رختِ سفرمیرِ کاررواں کے لئے   
کوئی آپ کوایسانظرآتاہے؟عوام کیاچاہتے ہیں اوروہ پکارپکارکرتھک گئے،چیخ چیخ کران کے گلے بیٹھ گئے لیکن کسی نے نہ سنی ان کی یہ دہائی،ان کے دل کی پکار!بس اپنی کہے چلے گئے۔انہیں سامنے کی چیزنظرنہیں آئی۔ہم ان سے بصیرت اورفراست کے طلبگاررہے۔ لیکن یہ ہمراہی قصور ٹھہراکہ اندھوں سے بلندنگاہی کے طلبگارسخن دلنواز توتب ہوجب آپ میں اخلاص کا دریا بہہ رہا ہو۔ جاں پرسوزکورہنے دیجئے،یہ توبہت مقامِ بلند ہے، بہت کٹھن ہے سوزتودل کاجوہرہے،یہاں دل ہی نہیں توجوہرکی تلاش کے کیامعنی!
یہ سوہنی دھرتی جہاں بچے گٹروں میں گرکرمر جاتے ہیں اورمزدورایڑیاں رگڑرگڑکر،جہاں خودکشیاں دکھوں کامداوا بن جائیں، خاک بسراپنے لختِ جگر کے گلے میں برائے فروخت کابورڈ لٹکائے سڑک پر کھڑے ہوں،جہاں بیمارہسپتالوں میں دم توڑرہے ہیں، جہاں زندہ لوگوں کومردہ خانے میں رکھ دیا جائے، جہاں جعلی ادویات کے بیوپاری انسانوں کوموت کے گھاٹ اتاررہے ہوں،نوجوان سڑک چھاپ رہے ہوں، جہاں مظلوم قیداورظالم آزادہوں،جہاں دین کو بھی تجارت بنالیاگیاہو،جہاں پرظلم کے نظام کی حکمرانی ہو اوروحشت رقص کناں،جہاں دانشوری اپنے محلات میں محو آسائش وآرام ہواورآنکھ کھلتے ہی انقلاب، انقلاب پکارنے لگے۔ایسے خوش فہمی کے موسم میں ہم جی رہے ہیں۔
ہمارے ہاتھوں میں انقلاب کے سازہیں اور ہم انہیں بجارہے ہیں۔ہمارے ہاتھ تالیاں پیٹ پیٹ کرلہولہان ہوگئے ہیں۔ ہمارے خواب روٹھ گئے ہیں۔ اب ہمیں چاندبھی روٹی نظرآتا ہے۔ مہنگائی نے جینادوبھرکردیاہے،آٹا، بجلی،پانی ہمارا وظیفہ جاں ہے۔ ایسے میں جب کوئی اپنی لاکھوں کی گاڑی میں بیٹھ کرہاتھ ہلاکرانقلاب کانعرہ لگائے توہم دیوانوں کی طرح اس کے پیچھے دوڑنے لگتے ہیں۔کوئی بے روزگارنوجوان وزیراعلیٰ کی گاڑی کے پیچھے جیوے جیوے کانعرہ لگاتے ہوئے دوڑ رہاہوتوپولیس کے ہتھے چڑھ کرپٹتاہے اور سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیاجاتاہے۔کیایہی ہے انقلاب؟ جن چہروں کوہم روزانہ ٹی وی اسکرین پر مائیک کے پیچھے سے ارشاد فرماتے سنتے ہیں،ایسے چہرے کب انقلاب لائے ہیں!اداکاراچھے ہیں، ہر کردارمیں ڈھل جاتے ہیں۔خوب مزے اڑاتے ہیں،ڈیل ڈیل کرکے پاک پوتربن جاتے ہیں اور اشراف کہلاتے ہیں۔ہم اورآپ سادہ ہیں۔ سادہ ہیں یابے وقوف؟ سادگی تواچھی خوبی ہے لیکن بے وقوفی؟چلئے رہنے دیتے ہیں۔ذراسوچئے تھوڑی دیر کے لئے ہی سہی،سراب کوپانی سمجھنے والوں نے کب فلاح پائی ہے؟دھوکاہی دھوکا ،فریب سب کچھ بکاؤسب کچھ۔ دنیا بھی  دین داری بھی۔
وہ جواقتدارکے حصول کے لئے پاکستان میں آزمودہ گھسے پٹے سیاسی چہروں کوساتھ ملاکرتبدیلی کادن رات نعرہ لگاکرقوم کی نوجوان نسل کونت نئے خواب دکھا کرہلکان ہوئے جارہے تھے ،مخالفین کوچورڈاکوکرپٹ کے القابات قراردیکران کی کہانیاں سنا سناکرقوم سے دادوصول کرنے کوہی اپنی کارکردگی قراردیتے رہے۔ اب اپنی کارکردگی کی بنا پررخصتی کوغیرملکی سازش قراردے کر ایک بارپھرقوم سے قربانی مانگنے کے لئے سیاسی ابتری کاآغازشروع کردیاگیا۔اپنی جماعت میں انتہائی شریف النفس ایماندارقانون دان ریٹائرڈجسٹس وجیہ الدین کومحض اس لئے برداشت نہ کرپائے کہ انہوں نے اپنی ہی جماعت کے بدعنوان عناصرکی نشاندہی کی اوربالآخرانہوں نے مستعفی ہوکراس تبدیلی سے اپنی جان چھڑالی اور موصوف اب بھی ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے آئے دن اورعوام کے کمزورحافظے سے خوب فائدہ اٹھاتے ہوئے مختلف شہروں کے نظام کو تلپٹ کرنے کے لئے بڑی دلیری سے دندناتے پھررہے ہیں۔ 
اگرآپ اسی میں خوش ہیں توپھرروتے کیوں ہیں؟ ہنسیں، کھیلیں، موج اڑائیں۔اسے ہی اگرزندگی کہتے ہیں توموت کوکیاکہتے ہیں؟ عزتِ نفس کیاہوتی ہے؟حقوقِ انسانی کیا ہوتے ہیں؟آزادی کیاہوتی ہے؟خودمختاری کی تعریف کیاہے اوریہ جمہوریت کس بلاکانام ہے کہ جب بھی حکمرانوں کوان کے انتخابی وعدے یاد دلائیں توجمہوریت پرلرزہ طاری ہو جاتا ہے۔ اب یہ توآپ  ہی مجھے بتائیے کہ جمہوریت کی کیا خوبیاں ہیں، میں تودورِجدید کی نئی لغت سے ناآشنا ہوں! ایک مرتبہ پھرجمہوریت کے نام پرسیاسی جماعتوں نے عوام کوتقسیم کرکے ایوانِ اقتدارپرقبضے کے لئے اپنے دانت تیزکرناشروع کردیئے ہیں!
کچھ بھی تونہیں رہے گاجناب بس نام رہے گااللہ کا!
دلوں کو مرکز ِمہرو وفاکر، حریمِ کبریا سے آشناکر
جسے نانِ جویں بخشی ہے تونے ،اسے بازوئے حیدربھی عطا کر

تازہ ترین خبریں

آگئی وہ خبر جس کا انتظارتھا،وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے پوری قوم کو بڑی خوشخبری سنا دی

آگئی وہ خبر جس کا انتظارتھا،وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے پوری قوم کو بڑی خوشخبری سنا دی

خام تیل کتنا سستا ہونیوالا ہے؟ ماہرین کی پیشنگوئی نے ہلچل مچا دی

خام تیل کتنا سستا ہونیوالا ہے؟ ماہرین کی پیشنگوئی نے ہلچل مچا دی

5مخصوص نشستیں ملتے ہی تحریک انصاف کوبڑا جھٹکا لگ گیا

5مخصوص نشستیں ملتے ہی تحریک انصاف کوبڑا جھٹکا لگ گیا

دعا زہرہ کیس، عدالت نے نکاح خواں اور گواہ کو بڑا جھٹکادیدیا

دعا زہرہ کیس، عدالت نے نکاح خواں اور گواہ کو بڑا جھٹکادیدیا

برطانوی وزیراعظم مستعفی ؟ سیاسی صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی

برطانوی وزیراعظم مستعفی ؟ سیاسی صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی

مون سون بارشوں کا طاقتور سلسلہ ،محکمہ موسمیات نے ہلکی تیز بارشوں کی پیشنگوئی کر دی

مون سون بارشوں کا طاقتور سلسلہ ،محکمہ موسمیات نے ہلکی تیز بارشوں کی پیشنگوئی کر دی

26مئی کو عمران خان کو کنٹینر پر کیا پیغام ملا کہ عمران خان ڈی چوک کی بجائے بنی گالہ چلے گئے ؟رانا ثنا اللہ کا تہلکہ خیز دعویٰ

26مئی کو عمران خان کو کنٹینر پر کیا پیغام ملا کہ عمران خان ڈی چوک کی بجائے بنی گالہ چلے گئے ؟رانا ثنا اللہ کا تہلکہ خیز دعویٰ

عید الاضحی سے قبل بڑے شہر میں د ھ م ا ک ہ ، جانی نقصان ہو گیا، انتہائی افسوسناک خبرآگئی

عید الاضحی سے قبل بڑے شہر میں د ھ م ا ک ہ ، جانی نقصان ہو گیا، انتہائی افسوسناک خبرآگئی

عمران ریاض نے میرے ساتھ یہ گھٹیا حرکت کی ، خاتون صحافی ناجیہ اشعر نے سنگین الزام عائد کر دیا

عمران ریاض نے میرے ساتھ یہ گھٹیا حرکت کی ، خاتون صحافی ناجیہ اشعر نے سنگین الزام عائد کر دیا

عمران خان جس جہاز میں سفر کرتے ہیں اس جہاز کے پائلٹ کو کیا دھمکیاں دی جارہی ہیں؟ دعوے نے ہلچل مچا دی

عمران خان جس جہاز میں سفر کرتے ہیں اس جہاز کے پائلٹ کو کیا دھمکیاں دی جارہی ہیں؟ دعوے نے ہلچل مچا دی

پنجاب اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کی نمبر گیم برابر ہو گئی، فیاض الحسن چوہان بھی میدان میں آگئے

پنجاب اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کی نمبر گیم برابر ہو گئی، فیاض الحسن چوہان بھی میدان میں آگئے

آشنا کیساتھ ملکر شوہر کوقتل، مشہورخاتو ن ٹک ٹاکر گرفتار ہو گئی

آشنا کیساتھ ملکر شوہر کوقتل، مشہورخاتو ن ٹک ٹاکر گرفتار ہو گئی

ویزوں کا اجرا شروع، برطانیہ جانے کے خواہشمندوں کوبڑی خوشخبری سنا دی گئی

ویزوں کا اجرا شروع، برطانیہ جانے کے خواہشمندوں کوبڑی خوشخبری سنا دی گئی

حلیم عادل شیخ کی گرفتاری سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ آگیا

حلیم عادل شیخ کی گرفتاری سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ آگیا