12:38 pm
پٹرول،ڈیزل کی قیمت میں مزید50 روپے اضافہ ہو گا: وزیرخزانہ

پٹرول،ڈیزل کی قیمت میں مزید50 روپے اضافہ ہو گا: وزیرخزانہ

12:38 pm

٭’’آئی ایم ایف کے تمام مطالبات پورے کر دیئے‘‘ وزیرخزانہ، پٹرول 283 روپے، ڈیزل 313 روپے لٹر ہوجائیگاO یکم جولائی سے ہر ماہ 5 روپے اضافہ ہو گا، عالمی منڈی میں پٹرول 10 ڈالر کم ہو گیا۔ پنجاب کا بجٹ کسی مخالفت کے بغیر منظور O چین سے مزید 2 ارب 30 کروڑ ڈالر کا قرضہ آ رہا ہے، آئی ایم ایف سے ابھی بات جاری ہےOیوٹیلیٹی سٹوروں پر دالیں، گھی، ہر چیز میں کم از کم 30 روپے کلو کا اضافہ، دال مسور 270، چنے کی دال 290 روپے کلوO وزیرخزانہ کا یُوٹرن، ایک لاکھ سے کم تنخواہ پر دوبارہ ٹیکس!! O پنجاب: ضمنی انتخابات، پیپلزپارٹی ن لیگ کے حق میں دستبردارO ’’عام انتخابات میں پیپلزپارٹی اور ن لیگ میں آمنے سامنے مقابلہ ہو گا‘‘ حسن مرتضیٰO تحریک لبیک پنجاب کے ضمنی انتخاب میں ہر سیٹ پر حصہ لے گی، ٹکٹیں جاریO آصف زرداری کی والدہ کا انتقال، سارا خاندان موجود O سری لنکا، سرکاری طور پر دیوالیہ ہونے کا اعلان، ملک میں تیل، خزانے میں پیسے ختم O ساہیوال، مال گاڑی، دو بوگیوں سے سارا کوئلہ چوری O اسلام آباد ہائی کورٹ: جج اپنی جیب سے چائے پئیں گےO بلاول کی امن پیش کش پر بھارتی وزیر دفاع کا محبت بھرا پیغام۔
٭قارئین کرام! پچھلے دنوں عمران خان کی حکومت ہٹانے کے لئے جس انداز میں تحریک انصاف کی حکومت کے ارکان کو منحرف کیا گیا، خاص طور پر پنجاب اسمبلی میں 25 ارکان کی مبینہ خریداری ہوئی اور ان ارکان کی رکنیت ختم کر کے ضمنی انتخابات کرائے جا رہے ہیں، اس کی بحث ابھی جاری تھی مگر دو دن پہلے وفاقی کابینہ نے ملک کی تقریباً تمام بڑی سڑکیں اور بڑی عمارتیں غیر ملکی اداروں کو فروخت کرنے کا اعلان کیا ہے اس پر مجھے اپنی ایک مختصر پرانی نظم یاد آ گئی ہے۔ کالم کا آغاز اس کے چند شعروں سے کر رہا ہوں۔ منڈی مال و متاع و کوچہ و بازار بک گئے عہدِ ہوس میں علم کے بازار بک گئے قصرِ شہی میں جُبہ و دستار بِک گئے جِنس وفا خریدنے آئے تھے شہر میں بولی لگی تو سارے خریدار بِک گئے شب بھر رہی فضا میں وفاداریوں کی گونج سورج چڑھا تو سارے وفادار بِک گئے وہ زور تھا خریداری علم و ہُنر کا آج میں خود بھی بک گیا، میرے افکار بِک گئے ہوش و حواس، عہدِ وفا، سجدہ و قیام اے عِشق! تیرے سارے شاہکار بِک گئے اور بھی شعر ہیں۔ ملک کے اہم قومی اثاثے بیچنے کی ملزم موجودہ حکومت ہی نہیں، عمران خان اورنواز شریف نے بھی اس گنگا میں ہاتھ دھوئے۔ نوازشریف نے پشاور سے کراچی تک پوری موٹر وے اور اسلام آباد، کراچی کے ہوائی اڈے رہن رکھ دیئے۔ آج تک علم نہ ہو سکا کہ رہن رکھنے والا ساہو کار کون تھا؟ تاہم ایک اشارا ملا تھا کہ اِن اثاثوں کے رہن رکھے جانے کے بعد نوازشریف کا بھارتی دوست ’جِندال‘ کسی ویزے کے بغیر پاکستان آیا اور مری میں نوازشریف سے طویل ملاقات کی تھی۔ جندال کے لوہے کے کارخانے چل رہے ہیں۔ نوازشریف کے والد میاں محمد شریف نے پاکستان میں سی ایم لطیف اور سی ایم صدیق بھائیوں کی لوہے کی بہت بڑی بٹالہ انجینئرنگ کمپنی (بیکو) کے مقابلہ میں اتفاق فائونڈری گروپ تشکیل دیا۔ اس کا لوہے کا سارا خام مال بھارت سے آتا تھا۔ ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں ان دونوں کمپنیوں کو دوسری بڑی صنعتوں کے ساتھ قومی تحویل میں لے لیا گیا۔ دونوں میں پیپلزپارٹی کے ارکان نے گھس کر قبضہ کرلیا۔ دونوں تباہ ہو گئیں۔ بیکو کا نام پِیکو رکھ دیا گیا۔ یہ آہستہ آہستہ زوال پذیر ہوتی گئی۔ اس کے مالکان میں سی ایم لطیف دل برداشتہ ہو کر جرمنی چلے گئے اور وہاں ایک گائوں میں خاموشی سے باقی زندگی گزار دی۔ دوسرے بھائی سی ایم صدیق نے بحریہ میں شمولیت اختیار کر لی اور آخر میں پاک بحریہ کے کمانڈر انچیف کے طور پر ریٹائر ہوئے۔ جنرل ضیاء الحق نے اتفاق فائونڈری شریف خاندان کو واپس کر دی مگر وہ تقریباً ختم ہو چکی تھی۔ اس وقت وہاں آبادی پھیل چکی ہے۔ تاہم اس فیکٹری کے بعد شریف خاندان نے ملک میں شوگر، ٹیکسٹائل، گھی وغیرہ کی 29 فیکٹریاں قائم کیں۔ ٭قارئین محترم، بات کسی اور طرف نکل گئی۔ ملک کے بڑے بڑے اثاثے گروی رکھنے سے بات شروع ہوئی تھی۔ سادہ سی بات ہے کہ خدانخواستہ غیر ملکی ادارے، (بھارتی بھی!!) ملک کے اہم ہوائی اڈوں اور تمام بڑی سڑکوں پر قبضہ کر لیتے ہیں تو کیا منظر نامہ بنے گا؟ شریف، زرداری، اسحاق اور دوسرے وڈیرے خاندانوں نے تو دبئی، لندن، بلجیم، امریکہ و ملائیشیا وغیرہ میں بھاری سرمایہ کاری کر کے بڑے بڑے اثاثے بنا لئے۔ بیشتر کے خاندان باہر آباد ہو چکے ہیں۔ عام لوگ کہاں جائیں گے؟ میں نے دیکھا ہے کہ بیشتر عرب ممالک کے ہوائی اڈوں کا انتظام بھارتی افراد نے سنبھال رکھا ہے!! پھر!! خدا تعالیٰ میرے ملک اور قوم کو محفوظ رکھے! ٭نئے وزیرخارجہ بلاول زرداری نے چند روز قبل واضح بیان دیا تھا کہ بھارت سے تجارت وغیرہ کے ساتھ تعلقات بنانے کی کوشش ضروری ہے، کشمیر وغیرہ جیسے معاملات بعد میں دیکھے جا سکتے ہیں (دیکھتے دیکھتے 75 برس گزر گئے!) اس سلسلہ میں بھارت سے مذاکرات ضروری ہیں! بات اصولی اور منطقی دکھائی دیتی ہے کہ جنگوں سے کچھ حاصل نہیں ہوتا بلکہ تباہی پھیلتی ہے، مگر مذاکرات تو ہمیشہ دوطرفہ ہوتے ہیں۔ اب تک پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کی اور ان کی ناکامی کی طویل تاریخ موجود ہے۔ پنڈت نہرو اور لیاقت علی خان میں مذاکرات ہوئے۔ بھٹو اور سورن سنگھ کے شٹل مذاکرات بہت سنسنی خیز تھے۔ صبح کے وقت بھٹو اور سورن سنگھ لاہور میں شام کو دہلی میں مل بیٹھتے تھے۔ یہ سلسلہ کئی روز چلنے کے بعد ٹھپ ہو گیا۔ 1965ء کی جنگ کے بعد روس کے وزیراعظم کوسیجن نے تاشقند میں مذاکرات کرائے۔ ان میں بھارتی وزیراعظم لال بہادر شاستری اپنی کامیابی پر اتنا خوش ہوا کہ اس پر دل کا دورہ پڑا اور وہ تابوت میں بند ہو کر واپس بھارت گیا۔ (ایوب خان نے اس کے تابوت کو کندھا دیا) اس کے بعد اہم شملہ معاہدہ آیا۔ اس میں اندرا گاندھی نے بڑی چالاکی سے مسئلہ کشمیر کو ہمیشہ کے لئے مفلوج کرا دیا۔ بھٹو جیسا شاطر بھی مات کھا گیا۔ لمبی باتیں ہیں، بلاول! تم ابھی جمعہ جمعہ آٹھ ددنوں سے تخت پر بیٹھے ہو، تاریخ پڑھو! عمران خان نے ایک سے زیادہ بار بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی، ادھر سے صاف انکار آیا کہ پاکستان جب تک مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی ختم نہیں کرتا، کوئی مذاکرات نہیں ہو سکتے! بلاول یہ جو مقبوضہ کشمیر میں تقریباً ایک لاکھ کشمیری باشندے شہید ہو چکے ہیں۔ (ایک لاکھ زخمی و قید، ایک لاکھ لاپتہ) صرف کل، 22 جون کو، چار شہید! ان کا ذکر چھوڑ دیا جائے! تم نے اور تمہارے والد صاحب نے (نوازشریف نے بھی) آج تک یاسین ملک کو عمر بھر کی قید کے بارے میں ایک لفظ نہیں کہا (کہہ بھی نہیں سکتے!!) بھارت کو جو دو ٹوک مذاکرات سے انکار کر رہا ہے۔ تم لوگ توہین رسالتؐ کے معاملہ پر بھی خاموش ہو! یہ ہنگامے پاکستان نے تو شروع نہیں کرائے؟ وہاں 20 کروڑ مسلمان سخت محاصرے کے عالم میں ہیں۔ بھارتی وزیر دفاع امیت سنگھ نے تمہارے بیان کا خیر مقدم کیا ہے۔ ذرا اس سے بات کر کے دیکھو، کیا کہتا ہے؟ ٭اورذرا حکومتوں کے انداز: عمران خان ملکی معیشت کی تباہی کا شور بھی مچاتا رہا اور اپنی کابینہ میں مسلسل اضافہ بھی کرتا رہا۔ آخر میں وزراء، مشیروں، خصوصی معاونوں کی تعداد 71 تک پہنچ گئی تھی۔ موجودہ حکومت کے لَچھّن!! پہلے روز 40 وزراء مشیروں کی کابینہ بنائی۔ ملک کے دیوالیہ ہونے کا خطرے کا دن رات راگ الاپ رہے ہیں اور کابینہ پُھولتی جا رہی ہے، آئے دن نئے مشیروں اور معاونوں کی تقرریاں، گزشتہ روز اکٹھے تین وزارتی عہدوں والے مشیر! باہر سے قرضے لیتے جائو، اور ان اللّے تللّوں میں اڑاتے جائو۔ کون پوچھتا، روکتا ہے؟ کابینہ کی 11 مختلف مقاصد والی پارٹیاں جی بھر کر بلیک میل کر رہی ہیں! شہباز شریف نے کون سی جیب سے تنخواہیں دینی ہیں۔ موصوف کو علم ہی نہیں ہوتا، وزیرخارجہ بلاول کہاں ہے کیا کر رہا ہے؟ اور حکومت چل رہی ہے!! ڈالر 210 روپے سے بڑھ گیا، قرضے دو تین گنا بڑھ گئے، کسی کو کچھ فِکر نہیں! ٭ایک مستحسن خبر!! اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جناب اطہر من اللہ نے پابندی لگا دی ہے کہ تمام جج صاحبان چائے وغیرہ کے اخراجات خود برداشت کریں گے، کسی جج یا ہائی کورٹ کے عملہ کے کسی رکن کو پلاٹ الاٹ نہیں ہو سکے گا۔ چیف جسٹس صاحب نے ہائی کورٹ کے اخراجات سے بچنے والی رقم قومی خزانے کو واپس کر دی ہے۔ زندہ باد!! چائے وغیرہ پر پابندی تو سب سے پہلے قائداعظم نے لگائی تھی مگر قائداعظم کی کون سی بات کو ہم نے اہمیت دی ہے؟ سرکاری سرمائے پر عیاشیوں کی انتہا بہت سی مثالیں ہیں کیا لکھوں؟ دل جلتا ہے!

تازہ ترین خبریں

ڈالر کی قدر بڑھنے سے  ملک میں مہنگائی کا طوفان  آئے گا ، شوکت ترین

ڈالر کی قدر بڑھنے سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آئے گا ، شوکت ترین

ملک کو تباہ کرنے والوں کا محاسبہ انتہائی ضروری ہے ، اسحاق ڈار نے تجویز دیدی

ملک کو تباہ کرنے والوں کا محاسبہ انتہائی ضروری ہے ، اسحاق ڈار نے تجویز دیدی

صوبے، پاکستان ریلوے کی زمین  واپس کریں،خواجہ سعد رفیق کی اپیل

صوبے، پاکستان ریلوے کی زمین واپس کریں،خواجہ سعد رفیق کی اپیل

فواد کی پیشی پر پولیس اہلکاروں سے کوئی تکرار نہیں ہوئی ،حبہ چوہدری کا بیان آگیا

فواد کی پیشی پر پولیس اہلکاروں سے کوئی تکرار نہیں ہوئی ،حبہ چوہدری کا بیان آگیا

بھارتی اداکار انو کپور کو سینے میں شدید تکلیف ، اسپتال داخل

بھارتی اداکار انو کپور کو سینے میں شدید تکلیف ، اسپتال داخل

آئی ایم ایف  معاہدہ  اسی ہفتے طے پا جائے گا، جلد  مشکل حالات سے باہر نکلیں گے، شہباز شریف

آئی ایم ایف معاہدہ اسی ہفتے طے پا جائے گا، جلد مشکل حالات سے باہر نکلیں گے، شہباز شریف

پرویز الٰہی کا فیصل چوہدری کوفون، فواد کی گرفتاری سے متعلق بیان پر معذرت کرلی

پرویز الٰہی کا فیصل چوہدری کوفون، فواد کی گرفتاری سے متعلق بیان پر معذرت کرلی

وزیراعظم شہبازشریف نے گرین لائن ٹرین سروس کا افتتاح کردیا

وزیراعظم شہبازشریف نے گرین لائن ٹرین سروس کا افتتاح کردیا

مفتاح اسماعیل نے بھی فواد چوہدری گرفتاری کی مخالفت کردی

مفتاح اسماعیل نے بھی فواد چوہدری گرفتاری کی مخالفت کردی

لال حویلی کو آج ہی واگزار کرایا جائے گا،ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر وقف املاک بورڈ

لال حویلی کو آج ہی واگزار کرایا جائے گا،ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر وقف املاک بورڈ

آصف  زرداری نے عمران خان کو قتل کرنے کی سازش کر رکھی ہے ،ثبوت موجود ہیں، شیخ رشید

آصف زرداری نے عمران خان کو قتل کرنے کی سازش کر رکھی ہے ،ثبوت موجود ہیں، شیخ رشید

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کو  کام سے روکا جائے ، پی ٹی آئی نے تعیناتی سپریم کورٹ میں چیلنج  کردی

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کو کام سے روکا جائے ، پی ٹی آئی نے تعیناتی سپریم کورٹ میں چیلنج کردی

فرخ حبیب کیخلاف مقدمہ درج، ایف آئی آر کو بہت ہی ماٹھی کہانی  قرار دیدیا

فرخ حبیب کیخلاف مقدمہ درج، ایف آئی آر کو بہت ہی ماٹھی کہانی قرار دیدیا

بتائیں کس قانون کے تحت عمران خان کو گرفتار کیا جائے گا؟  اسد عمر 

بتائیں کس قانون کے تحت عمران خان کو گرفتار کیا جائے گا؟  اسد عمر