02:02 pm
منبر و محراب کے وارث

منبر و محراب کے وارث

02:02 pm

خوفزدہ معاشرے میں خوف میں لپٹے فیصلے لکھے جاتے ہیں ۔یہ کتنا بڑا قومی المیہ ہے کہ ملک کی سب سے بڑی عدالت نے کہا ہے کہ ’’میں فیصلہ تو لکھ دوں عملدرآمد کون کرائے گا‘‘ کسی مہذب معاشرے کا چیف جسٹس یہ نہیں کہہ سکتا ، یوں بھی پوری دنیا نے دیکھا کہ غیر مہذب معاشرے کے uncivilized لوگ کس طرح احتجاج کرتے ہیں اور ان کے رہنمائوں کے ماتھے پر سے عرق انفعال کا ایک قطرہ نہیں گرتا ۔اسلام کے کس معرکے میں مدارس کے معصوم اور عقل و خرد سے نابلد طلبا کو اپنے ناجائز سیاسی مقاصد کے حصول کے لئے دیوار بنایا گیا ؟ کچھ شرم ،کچھ حیا محراب ومنبر کے وارثو !کہ تم نے فقط ہم پاکستانیوں کا ہی نہیں پوری امت مسلمہ اور ایک ایک کلمہ گو کا سر شرم سے جھکا دیا ۔میرے نبی آخرالزمان صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے کفار کے جنگی قیدیوں کو سزاکی معافی کے لئے مسلمان بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کی شرط عائد کی اور تم نے مسلمان طالب علموں کو اپنے ملک کی سب سے بڑی عدالت کے محاصرے کے لئے استعمال کیا ۔
تم کس دین کے ماننے والے ہو ،کس اسلام کے پیروکار ہو ،کس نظریہ کی تعلیم دیتے ہو اپنی درس گاہوں میں ،وہ درس گاہیں جنہوں نے احمد علی لاہوری،مولانا انور کاشمیری ،مولانا ادریس کاندھلویؒ،شاہ احمد نورانی، امیر شریعت سید عطا اللہ شاہ بخاری ؒ اور ایسے سینکڑوں نہیں ہزاروں علما پیدا کئے جنہوں نے پورے عالم میں اسلام کے فروغ ، اس کی حقانیت اور اس کی تاریخی اہمیت کو اس طور اجاگر کیا کہ عالم کفر نے بھی ان کی امن پسندانہ کوششوں اور علمی کاوشوں کا اعتراف کیا۔کیا مولانا مفتی محمود رح نے کبھی لادینی سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر اپنے مدرسے کے طلبا کو مغربی جمہوریت کے فروغ کی راہ ہموار کرنے کے لئے استعمال کیا ؟ کیا انہوں نے خیبر پختونخواہ میں اپنے دور اقتدار میں ملک کی عدالتوں کو بے توقیر و بے وقار کیا؟ کیا انہوں نے اپنے خاندان کے افراد کو چن چن کر شریک اقتدار بنایا ؟ ان سوالات کا آپ کے پاس کوئی جواب نہیں ،ناں اس بدبو دار کھیل کا جواز جوآپ نے ملک کے وفاقی دارالحکومت میں رچایاجو خوف و ہراس دینی مدارس کے طلبا کے ذریعے آپ نے پورے ملک میں پھیلایا ایسا خوف تو پی ٹی آئی کے بے مہار و منہ زور کارکن بھی نہ پھیلا سکے ۔جن کے آگے کور کمانڈر لاہور نے بھی سرنڈر کردیا ۔تہذیبی بانجھ پن کے جس انوکھے پن کا آپ نے اظہار کیا۔ کیا اس نے مدارس کے قال اللہ اور قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم جپنے والے دینی مدارس کے طلبا کے امیج کو خراب کرنے اور معاشرے کوان کے غیر مہذب ہونے کا پیغام نہیں دیا ؟ اعلیٰ حضرت انہیں معصوم طلبا نے دال ساگ پر گزارا کرکے گلی محلوں میں دینی شعائر کو زندہ رکھا ہوا ہے ۔جھلسا دینے والی گرمی ہو یا جسم میں لہو جما دینے والی سردی یہی طلبا مساجد میں جاکر اذانیں دیتے ہیں ۔آپ اور آپ کے وزیر ،مشیراور بیوروکریٹ اقارب تو ٹھنڈے گرم گھروں میں مزے کی نیند سوتے ہیں ۔توکل ،صبر اور فقر وفاقہ کی زندگی پر قناعت کرنے والے دینی مدارس کے طلبا کو آپ کس الائو کے دہانے لے آئے،سیاسی بے راہ روی کا بھڑکتا ہوا الائو جس کا ایندھن ان بچوں کو بنا کر آپ اپنے سیاسی اور معاشی مفادات حاصل کرنے کی تگ ودو میں ہیں کیایہ سب آپ کی آخرت کاسامان بھی بن سکے گا؟ اس کاجواب یقینا نفی میں ہوگا ۔نفی اثبات کی جنگ ہی تو تھی جو ہمارے اکابر نے لڑی ،اپنا اندر دھونے کے لئے ،اپنے آپ کو پاک کرنے کے لئے ، وہ سب ہمارے ہی آبا ء تھے جنہوں نے روحوں کے چولوں کی رفو گری کرتے کرتے عمریں گزار دیں ،آپ تو علی ہجویری ؒ اور فریدالدین شکر گنج ؒ کی محنتوں کو برباد کرنے کے درپے ہیں آپ میرے قائد اعظم‘علامہ اقبال اور مولانا شبیر عثمانی ؒ کی قربانیوں کے ثمر پاکستان کو عالم کفر کی غلامی میں دینے والوں کے حاشیہ نشیں بننے پر عمل پیرا ہیں ۔ کیا مولانا عبدالستار نیازی پھانسی گھاٹ کو اس لئے چھوکر آئے تھے کہ ان کے آقا صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے دین کے محافظ مغربی سیاست کے نام پر ملک کو تباہ و برباد کریں ! آپ کی ساری کاسہ لیسی کا حاصل حصول کیا ملا آپ کو ؟ شاید مستقبل کی کسی سرکار میں عزیز واقارب کے چند عہدے جو مستقبل قریب میں کہیں دکھائی نہیں دیتے ہاں میرے محلے کی مسجد کے امام کے بارے میں میرے محلے کے گنے چنے نمازیوں کے دلوں میں جو گرہیں ڈال دیں انہیں کون کھولے گا ؟ گلی محلوں کی مساجد میں امامت کرنے والے حفاظ یا درس نظامی کے طلبا کو توپہلے ہی لوگ التفات کی نگاہ سے نہیں دیکھتے ،لوگ تصور کرتے ہیں کہ یہ معاشرے کر راندہ درگاہ لوگ ہیں ،حالانکہ یہی اصلی وارث ہیں منبر و محراب کے انہیں کے دم سے مساجد آبادہیں ،دینی اقدار زندہ ہیں ،اسلامی افکار کی کچھ سن گن لوگوں کی سماعتوں کی زینت بنتی رہتی ہے ،یہ ماضی میں دینی تحریکوں کا اٹوٹ انگ رہے ،مگر سیاسی مقاصد کے لئے انہیں استعمال کرنے کا رواج اب پڑا ہے جس کی وجہ سے دین سے دوری کے امکانات میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔اس روایت کو بس یہیں ختم کردینا چاہیئے ان طلبا اور حفاظ کو مساجد کا محافظ ہی رہنے دینا چاہیئے، بلکہ حق تو یہ ہے کہ ان صابر شاکر افرادکو جوکم اسباب پر قناعت کئے ہوئے ہیں آسودہ حال بنانے کی جستجوئے پیہم کی جائے کہ ان کے لئے بھی روزگار کے عمدہ مواقع میسر ہو ں، اس کے لئے ایک نوجوان عالم دین سید عمر پاشا پہلے ہی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں ،جنہوں نے ایک ایسی اکیڈمی کی بنیاد رکھی ہے جو دینی مدارس کے طلبا کو مقابلے کے امتحانات کے لئے تیار کر رہی ہے ایسے ہی چند اور سکالر اس میدان میں آگئے تو دین کی ہوائیں نئے سرے سے چل پڑیں گی۔ان شااللہ

تازہ ترین خبریں

پاک فوج اور رائل سعودی لینڈ فورسز کی مشترکہ فوجی تربیتی مشقوں کا انعقاد

پاک فوج اور رائل سعودی لینڈ فورسز کی مشترکہ فوجی تربیتی مشقوں کا انعقاد

پی ٹی آئی  نے شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کردیا، وجہ سامنے آ گئی

پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کردیا، وجہ سامنے آ گئی

مشکلات سے کبھی مایوس نہیں ہوئے،جو ناکامی سے ڈرتا ہے وہ کبھی کامیاب نہیں ہوتا، نواز شریف 

مشکلات سے کبھی مایوس نہیں ہوئے،جو ناکامی سے ڈرتا ہے وہ کبھی کامیاب نہیں ہوتا، نواز شریف 

پاکستانی گلوکارہ شازیہ منظور نے ٹی وی شو میں مذاق کرنے پر کامیڈین کو تھپڑدے مارے ،دیکھیں ویڈیو 

پاکستانی گلوکارہ شازیہ منظور نے ٹی وی شو میں مذاق کرنے پر کامیڈین کو تھپڑدے مارے ،دیکھیں ویڈیو 

یوٹیلٹی سٹورز اشیاء ضروریہ عام مارکیٹ  سے بھی مہنگے داموں فروخت کرنے  لگے ،قیمتوں میں فرق دیکھیں اس خبر میں

یوٹیلٹی سٹورز اشیاء ضروریہ عام مارکیٹ سے بھی مہنگے داموں فروخت کرنے لگے ،قیمتوں میں فرق دیکھیں اس خبر میں

مریم نواز اچھی اور قابل وزیراعلیٰ ثابت ہوں گی،ن لیگی قائد نواز شریف کا دعویٰ 

مریم نواز اچھی اور قابل وزیراعلیٰ ثابت ہوں گی،ن لیگی قائد نواز شریف کا دعویٰ 

ملک میں صدارتی الیکشن کس تاریخ  کو ہونیوالے ہیں ؟دیکھیں خبرمیں

ملک میں صدارتی الیکشن کس تاریخ کو ہونیوالے ہیں ؟دیکھیں خبرمیں

سندھ اسمبلی کے باہر سیاسی جماعتوں کا احتجاج، کارکنان گرفتار،ٹریفک نظام درہم پرہم 

سندھ اسمبلی کے باہر سیاسی جماعتوں کا احتجاج، کارکنان گرفتار،ٹریفک نظام درہم پرہم 

سندھ اسمبلی کے نومنتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا،کراچی میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ،دیکھیں خبر

سندھ اسمبلی کے نومنتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا،کراچی میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ،دیکھیں خبر

راولپنڈی، گیس لیکج کے باعث   خوفناک دھماکہ، تفصیل جانیں

راولپنڈی، گیس لیکج کے باعث خوفناک دھماکہ، تفصیل جانیں

پابندی کے باوجود میں بسنت منانے پر  سینکڑوں افراد کو گرفتارکر لیا گیا ،دیکھیں تفصیل 

پابندی کے باوجود میں بسنت منانے پر  سینکڑوں افراد کو گرفتارکر لیا گیا ،دیکھیں تفصیل 

الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی اسمبلی کے لیے تازہ ترین پارٹی پوزیشنز شیئر کر دیں گئیں 

الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی اسمبلی کے لیے تازہ ترین پارٹی پوزیشنز شیئر کر دیں گئیں 

حمزہ شہباز کو مرکز میں رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا ،دیکھیں تفصیل 

حمزہ شہباز کو مرکز میں رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا ،دیکھیں تفصیل 

تعلیمی اداروں میں26 فروری کو تعطیل کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری،تفصیل خبر میں

تعلیمی اداروں میں26 فروری کو تعطیل کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری،تفصیل خبر میں