دیکھا جو تیرکھا کے

دیکھا جو تیرکھا کے

4 months ago.

مسلمہ اصول ہے کہ ہر ایکشن کا ری ایکشن جسے اردو میں ہر عمل کا رد عمل کہا جاتا ہے ہوتا ہے۔ اس کی مثال یوں دی جا سکتی ہے کہ آپ جس شدت سے گیند دیوار پر اچھالتے ہیں وہ اسی شدت سے آپ کی طرف واپس آتی ہے۔ یہ مسلمہ قانون انسان کی زندگی میں اسے کئی بار سمجھنے اور پرکھنے کا موقع دیتا ہے۔  احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی متنازع ویڈیو کا معاملہ مریم صفدر اعوان  کی پریس کانفرنس  سے ہوتا ہوا پاکستان کی سب سے بڑی عدالت سپریم کورٹ تک جا پہنچا ہے۔ ارشد ملک کی خدمات اسلام آباد ہائی کورٹ نے واپس لے لی ہیں اور بہت جلد انہیں اپنے آبائی صوبہ پنجاب میں بھیجے جانے کا امکان ہے۔ ملک ارشد تحصیل گوجرخان میں واقع قصبہ مندرہ کے نزدیک گائوں ارجن سے تعلق رکھتے ہیں۔ ارشد ملک نے راولپنڈی میں وکالت کی اور براہ راست ایڈیشنل سیشن جج بھرتی ہوئے جنہوں نے راولپنڈی اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں سیشن کورٹ کے علاوہ کئی خصوصی عدالتوں میں سپیشل جج کے طور پر فرائض انجام دئیے اور ان کا عمومی تعارف ایک اچھے پروفیشنل جج کی حیثیت سے ہے۔ بحیثیت وکیل ان کا تعارف بے شمار لوگوں سے ہوا ہو گا مگر انہیں کیا معلوم تھا کہ ایک دن وہ اپنے دوستوں کے ذریعہ گھائل کیے جائیں گے۔