10:25 am
کوکنگ اور گھر داری کے رہنمائی اصول

کوکنگ اور گھر داری کے رہنمائی اصول

10:25 am

کالے چنے کبھی ایسے آجاتے ہیں کہ جو ٹھیک طرح گلتے نہیں ہیں بہت زیادہ دیر،گلنے کے لئے چھوڑ دیں تو بھی ان میں سختی بر قرار رہتی ہے امید ہے کہ آپ کوئی اچھا سا طریقہ بتادیں گی؟سمیعہ منیر ․․․کوٹریآپ نے جو صورتحال بتائی ہے اس سے معلوم ہوتا ہے کہ یا تو کالے چنے پرانے اسٹاک کے ہیں اس کا ایک حل تو یہ ہے کہ تازہ چنے منگوائیں جیسے کہ دالیں پرانی ہو جاتی ہیں تو دیر میں گلتی ہیں اور ان کا ذائقہ بھی اچھا نہیں رہتا کچھ ایسا ہی کالے چنوں کے ساتھ بھی ہے دوسری ترکیب یہ ہے کہ انہیں کم از کم چھ گھنٹے ضرور بھگوئیں یعنی کہ ابالنے سے قبل سادہ یا پھر میٹھا سوڈاملے ہوئے پانی میں بھگوئیں ممکن ہوتو تین گھنٹے بعد پانی تبدیل کردیں اور دوبارہ تازہ پانی میں بھگودیں اس دوران انہیں ڈھانپ کر رکھنا بھی اہم ہے بھگونے کا دورانیہ بڑھانے سے یہ فائدہ ہوتا ہے کہ اگر یہ ذرا پرانے بھی ہوں تو بھی گل جاتے ہیں لیکن بہتر یہی ہے کہ تازہ چنے ہی پکانے کو ترجیح دیں ۔
 
نیز انہیں ہلکی آنچ پر پکائیں پکانے کے دوران بلا ضرورت چمچہ چلانے سے گریز کریں اور اگر ضروری ہوتو پھرا سٹیل کے چمچ کے بجائے لکڑی کا چمچ یا کفگیراستعمال کریں یہ احتیاط چنے کی دال کے لئے بھی یاد رکھیں کہ اس میں دھات کے کفگیر استعمال کرنے کی وجہ سے وہ دیر میں گلتی ہے اور اس میں سختی موجود رہتی ہے۔ میں کچھ عرصے سے بازار سے پسا ہوا لہسن لانے لگی ہوں لیکن مسئلہ یہ ہے کہ جب اسے گرم آئل میں شامل کرتی ہوں تو بہت چھینٹیں آتی ہیں گھر کا پسا ہوا لہسن جلدی خراب ہوجاتا ہے کیا کروں صبیحہ ہاشمی․․․حیدر آباد بازار میں ملنے والے لہسن کا برانڈ تبدیل کرکے دیکھئے ممکن ہے کہ آ پ کوئی معیاری برانڈ دریافت کرنے میں کامیاب ہو جائیں ۔ دوسرا حل یہ ہے کہ گھر میں لہسن چھیل کر دھوئیں اور اسے بلینڈر میں پیسیں اور اس دوران تھوڑا سا پانی اور ایک پاؤ لہسن میں ایک چائے کا چمچ سفید سرکہ اور آدھا چائے کا چمچ نمک شامل کریں ساتھ ہی ایک چائے کا چمچ کوکنگ آئل میں ملائیں لہسن بہت اچھا پسے گا اور سفید سر کے اور نمک کی وجہ سے جلدی خراب بھی نہیں ہو گا پلاسٹک کے ڈھکن والی کانچ کی جار میں محفوظ کرلیں اس جار کو فریج میں رکھیں جب ضرورت ہو پلاسٹک کے چمچ سے حسب ضرورت پسا ہوا لہسن نکالیں اور جار کو فوراً دوبارہ فریج میں رکھ دیں۔ بعض خواتین آئس کیوبز کی ٹرے میں بھی پسا ہوا لہسن جما لیتی ہیں اور ان کیوبز کو پلاسٹک کے اےئر ٹائٹ جار میں فریز کرتی ہیں ۔آپ کو جو طریقہ پسند آئے اسے اختیار کر سکتی ہیں دونوں ہی باسہولت ہیں ۔فریج میں رکھے جانے والے لہسن کو دھاتی اشیاء سے دور رکھنا ضروری ہے یعنی کہ کانچ کی جار کاڈھکن ٹن یا اسٹیل کانہ ہو اور لہسن نکالنے کے لئے بھی اسٹیل وغیرہ کا چمچ استعمال نہ کریں بلکہ پلاسٹک کا چمچ بہتر رہے گا۔ گرمیوں کے موسم میں گھر کے کام کاج خصوصاً کچن میں کام کے دوران مجھے سر میں پسینہ آتا ہے اس وجہ سے سر کے بالوں میں ہیک سی پڑجاتی ہے اسے کیسے دور کیا جا سکتا ہے؟ منیزہ عالم․․․ملتان گرمیوں کے موسم میں اکثر خواتین اس مسئلہ سے دوچار نظر آتی ہیں اگر چہ یہ کافی پریشان کن صورتحال ہوتی ہے لیکن اس کا حل نہایت سادہ اور آسان ہے وہ یہ ہے کہ شیمپو کرنے سے کم از کم آدھے گھنٹے قبل سر کے بالوں کو اچھی طرح سلجھاکر خالص اور تازہ ناریل کا تیل نرمی کے ساتھ سر کے بالوں میں ملیں اور چوٹی یا پونی ٹیل بنالیں آدھے یا ایک گھنٹے بعد معمول کے مطابق شیمپو کریں اور بالوں کو تولیہ میں لپیٹنے کے دس منٹ بعد ہوا میں خشک کرلیں گیلے بالوں کا جوڑا یا چوٹی ہر گز نہ بنائیں جب تک بال مکمل خشک نہ ہوجائیں اس آسان سے طریقے پر عمل کریں بالوں سے تمام ہیک اور جراثیم اچھی طرح صاف ہو جائیں گے ۔ شیمپو کسی معیاری کمپنی کا استعمال کریں اور ایسا کہ جو آپ کے بالوں سے مطابقت رکھتا ہو یعنی کہ نارمل،خشک یا چکنے جو بھی آپ کے بالوں کی ٹائپ ہے اس کے مطابق شیمپو کا انتخاب کریں اور بالوں کو دھونے کے دوران اس بات کا خیال رکھیں کہ شیمپوبالوں سے اچھی طرح دھل کر نکل جائیں شیمپو کی باقیات بھی سر کے بالوں میں ہیک اور کبھی تو خشکی کا سبب بھی بن سکتی ہیں لہٰذا اسے اچھی طرح پانی سے صاف کرنا ضروری ہے۔ سفید زیرہ جلدی خراب ہونے لگا ہے اسے خراب ہونے سے کیسے بچایا جا سکتاہے۔ آمنہ بتول․․․ساہیوال سفید زیرہ چھان پھٹک کر صاف کرلیں اور چھلنی کی مدد سے صاف پانی میں دھوئیں اور چھلنی جھٹک کر اضافی پانی علیحدہ کردیں اور دھوپ میں سکھالیں۔جب اچھی طرح خشک ہو جائے تو ہلکی آنچ پر کسی کڑاہی یا موٹے گیج کی پتیلی میں بھون کر تھالی میں پھیلا کرٹھنڈا ہونے دیں اےئر ٹائٹ جار میں محفوظ کرلیں ۔ تھوڑی سی محنت سے آپ صاف ستھرا زیرہ استعمال کرسکیں گی اور یہ جلدی خراب بھی نہیں ہو گا یہاں ایک اور بات کا خیال رکھئے کہ زیرہ بھونتے وقت آنچ زیادہ نہ ہو اور لکڑی کے چمچے سے برابر چلاتی رہیں تاکہ زیرہ زیادہ نہ بھن جائے اگر بہت گہرے رنگ کا بھون لیاجائے تو یہ جل جاتا ہے یا پھر بگھاروغیرہ میں جا کر فوراً کالا ہوجاتا ہے اس لئے ذرا ہلکا بھوننا چاہئے خراب ہونے سے بچانے کے لئے اتنا بھی کافی ہو گا۔ میرے چہرے کی جلد کھردری سی ہوگئی ہے بظاہر کوئی وجہ بھی نظر نہیں آتی شاید روز مرہ دیکھ بھال اور توجہ کی کمی کی وجہ سے ہے کوئی آسان حل بتادیں۔ مریم شاہد ․․․خوشاب جلد کی صحت اور خوبصورتی ہمارے پورے جسم کی صحت کی عکاس ہوتی ہے لہٰذا ایک مرتبہ ضرور توجہ فرمالیں کہ واقعی صحت سے متعلق کوئی مسئلہ تو لاحق نہیں ہے اگر خدانخواستہ ایسی کوئی بات ہے تو فوراً سے پیشتر کسی مستند معالج سے معائنہ کروالیں اور ان کی ہدایت پر باقاعدگی سے عمل فرمائیں۔ دوسرا توجہ طلب موضوع ہے جلد کی بیماری اگر چہ آپ کی مجموعی صحت بالکل ٹھیک بھی ہوتو چہرے کی جلد کا کھردرا پن کسی جلدی بیماری کی وجہ سے بھی ہو سکتا ہے لہٰذا اپنے معالج کے مشورے سے کسی ماہر ڈرماٹو لو جسٹ سے معائنہ کروالیں اور مکمل علاج کروائیں اور اگر آپ پہلے ہی یہ دونوں کام کر چکی ہیں اور ڈاکٹر کے مطابق کوئی بیماری نہیں ہے تو پھر ٹماٹر کے موٹے سلائس کاٹ کر فریز کرلیں چہرے کو معیاری صابن یا فیس واش سے دھونے کے بعد ایک سے دوسلائس فریزر سے نکال کر جمی ہوئی شکل میں ہی چہرے پر ملیں دس سے پندرہ منٹ ہو ادار مقام پر یعنی جہاں پنکھا وغیرہ چل رہا ہو وہاں آرام کریں تھوڑا خشک ہونے لگے تو فوراًٹھنڈے پانی سے چہرہ دھولیں اور نرمی سے خشک کریں۔ یہ عمل روزانہ بھی کیا جائے تو کوئی نقصان نہیں یوں بھی آج کل کسی قدر گرمی کا موسم ہے چہرے کو تازگی کا احساس بھی ہو گا ورنہ ایک دن چھوڑ کر کر لیا کریں ۔پندرہ دن میں ایک بار انڈے کی سفیدی میں چند قطرے لیموں کا رس ملا کر دھلے ہوئے صاف چہرہ پر لگائیں اور اتنی دیر انتظار کریں کہ سفیدی خشک ہوجائے اس مرحلے پر بھی ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھوئیں اور نرمی سے خشک کرلیں بہت سادہ اور آسان طریقے ہیں لیکن نہایت موٴثر ہیں آپ کو بہت نمایاں فرق محسوس ہوگا۔ ہمارے ہاں شام کی چائے کے ساتھ فرنچ فرائز بہت پسند کئے جاتے ہیں لہٰذا میں نے بازار سے منگوانے کے بجائے گھر پر بنانے کی کوشش کی لیکن وہ بہت نرم ہو گئے اور ٹوٹ پھوٹ گئے پلیز گائیڈ کردیں کیسے بناؤں؟ زلیخہ رشید․․․ڈی جی خان آلوؤں کو فرنچ فرائز کی شکل میں کاٹنے کے بعد ایک کلو آلوؤں کے لئے تین چوتھائی کپ میدہ کے تناسب سے میدہ چھڑک دیں چاہیں تو فرائز پر میدہ چھڑ کنے سے قبل اس میں حسب ذائقہ نمک بھی شامل کر سکتی ہیں اس مقصد کے لئے میدے میں نمک ملا کر موٹی چھلنی میں تین مرتبہ چھان لیں تاکہ نمک میدے میں اچھے طرح یک جان ہو جائے۔ اب اس میدے کو کاٹے ہوئے آلوؤں پر چھڑک دیں اور پھر دو چمچوں کی مدد سے مکس کرلیں ۔بناسپتی یا کوکنگ آئل گرم کرلیں اور اس میں یہ فرائز شامل کردیں خیال رہے فوراً چمچ مت چلائیں ورنہ یہ ٹوٹ جائیں گے لہٰذا انہیں اتنی دیر پکنے دیں کہ ان میں موجود نمی کم ہوجائے تقریباً چار سے پانچ منٹ لگیں گے اب احتیاط سے ان کا رخ تبدیل کریں لیکن ان میں چمچ کم سے کم چلائیں جب فرائز میں خستگی محسوس ہونے لگے تو گھی یا تیل سے نکال کر سروکریں اس ترکیب سے فرنچ فرائز خستہ بنیں گے اور ٹوٹیں گے بھی نہیں۔ اکثر خواتین گرم تیل میں فرائز شامل کرتے ہی چمچ چلانا شروع کردیتی ہیں اور یوں وہ ٹوٹ جاتے ہیں بلکہ بعض اوقات تو حلوہ بن جاتے ہیں ۔ان ترکیبو ں پر عمل کرکے آپ اپنی پسند کے فرنچ فرائز بنا سکیں گی۔ مائیکروویوکی صفائی کا طریقہ بتادیں بیرونی جانب سے تو میں صاف کرلیتی لیکن اندر کی طرف چکنائی اور خوراک کے سخت داغ پڑ گئے ہیں۔ عالیہ خان ․․․لاہور مائیکروویواوون صاف کرنے سے قبل کچن ٹاول یاکسی نرم کپڑے کی مددسے غذاؤں کے ذرات پونچھ کر صاف کردیں اور پھر ایک مائیکروویوسیف کٹوری میں آدھی سے ایک پیالی کے برابر سفید سرکہ اس مائیکروویو میں رکھ کر تیس سیکنڈ کے لئے درمیانی اسپیڈ پر چلادیں تیس سیکنڈ بعد مائیکروویوکا دروازہ نہ کھولیں بلکہ ایک دومنٹ کے بعد دوبارہ تیس سیکنڈ کے لئے مائیکروویوچلائیں وقت پورا ہونے کے بعد نرم کپڑے کی مدد سے اچھی طرح پونچھ کر صاف کرلیں۔ آپ کا مائیکروویونہ صرف صاف ستھراہوجائے گا بلکہ بہت سے جراثیم کا بھی خاتمہ ہو جائے گا۔امید ہے کہ اس طریقہ پر عمل کر کے آپ بہت کم محنت اور کم وقت میں مائیکروویوکوصاف ستھرارکھ سکیں گی۔

تازہ ترین خبریں