04:11 pm
بغداد کی جیل سے 15قیدی حیران کن طور پر فرار

بغداد کی جیل سے 15قیدی حیران کن طور پر فرار

04:11 pm

بغداد(آئی این پی)عراقی وزارت داخلہ نے کا کہنا ہے کہ بغداد کے ایک پولیس اسٹیشن سے فرار ہونے والے افراد میں سے 8 کو پکڑ لیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان میجر جنرل سعد معن کے مطابق القنات پولیس اسٹیشن کی جیل سے 15 افراد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔عراقی میڈیا نے ایک وڈیو نشر کی ہے جس میں مذکورہ افراد کے فرار کا منظر نظر آ رہا ہے۔ فرار کی کارروائی کے دوران پولیس اسٹیشن کی حفاظتی فورس کے ساتھ کوئی جھڑپ نہیں ہوئی
اور اسٹیشن بنا پہرے کے نظر آیا۔فرار ہونے والے تمام افراد کو منشیات سے متعلق مقدمات کے سلسلے میں حراست میں لیا گیا تھا۔عراقی وزیر داخلہ یاسین الیاسری نے جیل سے فرار ہونے کے واقعے کے بعد تین ذمے داران کو برطرف کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔ ان میں بغداد پولیس کے سربراہ ، الرصافہ ضلع کے پولیس ڈائریکٹر اور باب الشیخ علاقے کے پولیس سربراہ شامل ہیں۔ الیاسری نے مذکورہ ذمے داران، القنات پولیس اسٹیشن کے پولیس افسران اور ان تمام اہل کاروں کو وزارت داخلہ کے صدر دفتر میں زیر حراست رکھنے کا فیصلہ بھی کیا جو اس واقعے کے دوران فرائض کی انجام دہی کے ذمے دار تھے۔فرار کے واقعے کے فوری بعد بغداد میں سخت ناکا بندی کر دی گئی اور مفرور افراد کو پکڑنے کے لیے وسیع پیمانے پر تلاشی کی کارروائیاں بھی شروع کر دی گئیں۔دنیا بھر میں بدعنوان ترین ممالک کی فہرست میں 12 ویں پوزیشن رکھنے والے عراق میں جیلوں کی سیکورٹی ایک انتہائی سنگین معاملہ ہے۔سال 2003 میں عراق پر امریکی حملے کے بعد گزرے کئی برسوں کے دوران القاعدہ کے سیکڑوں جنگجو جیلوں سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ان میں تنظیم کے غیر ملکی ارکان بھی شامل ہیں۔

تازہ ترین خبریں