11:29 am
سعودی عرب میں معذور باپ کی بیٹی کو وہیل چیئر پر سکول لے جانے کی تصویر وائرل

سعودی عرب میں معذور باپ کی بیٹی کو وہیل چیئر پر سکول لے جانے کی تصویر وائرل

11:29 am

جدہ:سعودی عرب میں ایک بزرگ شخص کی جانب سے اپنی چھوٹی سی بیٹی کو وہیل چیئر پر خود اسکول چھوڑ نے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس نے دیکھنے والوں کے دل موہ لیے ہیں۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق محمد العباد ایک 70 سالہ معذور شخص ہے۔ جو کچھ عرصہ قبل ایک خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں اپنی دونوں ٹانگوں سے معذور ہو گیا تھا۔ تاہم اپنی اس جسمانی کمی کو اس نے اپنی بچی کے ساتھ شفقت اور پیار کے آڑے نہیں آنے دیا۔ محمد العباد سعودی عرب کے علاقے الاحساء کے نواحی گاؤں التہیمیہ کا رہائشی ہے۔ وہ اپنی چھوٹی بیٹی کو خود وہیل چیئر پراپنے ساتھ بٹھا کر اسکول چھوڑنے جاتا ہے اور اسکول سے چھُٹی پر واپس بھی لے کر آتا ہے۔
چند روز قبل بھی وہ اپنی وہیل چیئر پر بیٹی کو ساتھ بٹھا کر سکول چھوڑنے جا رہا تھا کہ اچانک موقع پر موجود ایک فوٹو جرنلسٹ فہد الملحم نے اس کی یہ منفرد تصویر کھینچ لی اور پھر اسے سوشل میڈیا پرپوسٹ کر دی۔ فہد نے بتایا کہ وہ بلدیاتی کونسل کے کچھ ارکان کے ہمراہ شیبانی پارک کے دورے پر تھا تاکہ وہاں موجود معذور افراد کے حالات جان سکے۔ اس دوران اسے محمد العباد نامی بوڑھا بڑی شفقت کے ساتھ اپنی بیٹی کو وہیل چیئر پر اپنے ساتھ سوار کرا کے سکول لے جاتا نظر آیا۔ اس تصویر کو دیکھ کر اس کی آنکھ بھر آئی۔ اس کے پاس اس منظر کے لیے الفاظ نہیں تھے، اس سے پدرانہ شفقت، خاندانی رشتوں کی مضبوطی اور تعاون جھلک رہا تھا۔ اس نے ان کو اپنی طرف متوجہ کر کے ان سے بات چیت کی اور پھر ان کی اجازت سے ان کی تصویر کھینچ لی۔ جو سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہو چکی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے اس ویڈیو پر بہت جذباتی قسم کے تبصرے کیے ہیں اور محمد العباد کواس کی بے پناہ پدرانہ شفقت پر شاندار لفظوں میں سراہا ہے۔

تازہ ترین خبریں