اسلام آباد(نیوز ڈیسک)آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے درآمدی ری گیسیفائیڈ لیکویفائیڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) گیس کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے جون 2026 کے لیے نئے نرخوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق آر ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے تین جبکہ پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) کے ایک درآمدی کارگو کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے صارفین کے لیے آر ایل این جی کی قیمت میں 14.94 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 19.52 ڈالر فی ایم بی ٹی یو مقرر کر دی گئی ہے اس سے قبل مئی 2026 کے دوران یہ قیمت 16.98 ڈالر فی ایم بی ٹی یو تھی۔
اسی طرح سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے صارفین کے لیے آر ایل این جی کی قیمت میں 16.17 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جون کے لیے نئی قیمت 18.63 ڈالر فی ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے، جبکہ مئی میں یہ قیمت 16.04 ڈالر فی ایم بی ٹی یو تھی۔
اوگرا کے مطابق آر ایل این جی کی قیمتوں کا تعین ہر ماہ درآمدی ایل این جی کارگوز کی خریداری لاگت، شپنگ ری گیسیفیکیشن اور دیگر متعلقہ اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جاتا ہے جس کے باعث عالمی منڈی میں قیمتوں اور درآمدی لاگت میں ردوبدل کے اثرات مقامی نرخوں پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔
آر ایل این جی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے باعث صنعتی شعبے بجلی پیدا کرنے والے کارخانوں اور کمرشل صارفین کی پیداواری لاگت میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ اس کے بالواسطہ اثرات مختلف اشیائے ضروریہ اور خدمات کی قیمتوں پر بھی پڑنے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں۔پاسپورٹ بنوانے والوں کیلئے اچھی خبر