اکیسویں صدی عالمی سیاست اور معیشت میں غیر معمولی تغیرات کی صدی ثابت ہو رہی ہے۔ طاقت کے مراکز مغرب سے مشرق کی جانب منتقل ہو رہے ہیں اور ایشیا بالخصوص جنوبی و وسطی ایشیا عالمی معیشت کے نئے محور کے طور پر ابھر رہے ہیں۔ اسی تناظر میں پاک چین اقتصادی راہداری، جسے عرفِ عام میں سی پیک کہا جاتا ہے، محض ایک ترقیاتی منصوبہ نہیں بلکہ ایک ہمہ جہت اسٹریٹجک، معاشی اور جغرافیائی انقلاب ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔پاک چین دوستی کو دنیا بھر میں ایک مثالی تعلق کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ یہ تعلق محض سفارتی بیانات یا وقتی مفادات تک محدود نہیں بلکہ دہائیوں پر محیط اعتماد، قربانی اور باہمی احترام کی بنیاد پر قائم ہے۔ سی پیک اسی دوستی کا عملی مظہر ہے، جو چین کے عالمی وژن بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا ایک اہم ستون ہے۔ اس منصوبے کے ذریعے چین کو بحیرہ عرب تک مختصر، محفوظ اور معاشی راستہ میسر آتا ہے جبکہ پاکستان کو ترقی، سرمایہ کاری اور علاقائی اہمیت حاصل ہوتی ہے۔سی پیک کا تصور دراصل پاکستان کی جغرافیائی حیثیت کو معاشی طاقت میں تبدیل کرنے کی ایک سنجیدہ کوشش ہے۔ گوادر کی بندرگاہ، جو کبھی ایک پسماندہ ساحلی قصبہ تھی، آج عالمی تجارت کے نقشے پر ایک ابھرتا ہوا مرکز بن رہی ہے۔ گوادر سے کاشغر تک پھیلی یہ راہداری سڑکوں، ریلوے لائنوں، توانائی منصوبوں، صنعتی زونز اور ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی پر مشتمل ہے۔ یہ ایک ایسی ہمہ گیر ترقیاتی اسکیم ہے جو پاکستان کی معیشت کے تقریباً ہر شعبے کو متاثر کرتی ہے۔توانائی کا بحران پاکستان کی معیشت کے لیے طویل عرصے تک ایک سنگین رکاوٹ رہا ہے۔ صنعتیں بند، بیروزگاری میں اضافہ اور سرمایہ کاری کی کمی اسی بحران کے شاخسانے تھے۔ سی پیک کے تحت توانائی کے متعدد منصوبے مکمل یا تکمیل کے قریب ہیں جن میں کوئلے، پانی، ہوا اور شمسی توانائی کے منصوبے شامل ہیں۔ ان منصوبوں کے نتیجے میں ہزاروں میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوئی، جس سے صنعتی پیداوار میں اضافہ اور معاشی سرگرمیوں میں بہتری آئی۔سی پیک کا ایک اہم پہلو انفراسٹرکچر کی بہتری ہے۔ موٹرویز، ایکسپریس ویز اور جدید شاہراہوں نے پاکستان کے دور دراز علاقوں کو مرکزی دھارے سے جوڑ دیا ہے۔ خیبر پختونخوا، بلوچستان اور جنوبی پنجاب جیسے علاقوں میں سڑکوں کا جال بچھنا محض سفری سہولت نہیں بلکہ تعلیم، صحت، تجارت اور سماجی ترقی کا دروازہ ہے۔ یہ وہ علاقے ہیں جو ماضی میں نظرانداز ہوتے رہے، مگر سی پیک نے انہیں قومی ترقی کے سفر میں شامل کیا۔صنعتی ترقی سی پیک کا ایک اور کلیدی جزو ہے۔ خصوصی اقتصادی زونز کا قیام پاکستان کو ایک صنعتی ریاست بنانے کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔ ان زونز میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ صنعتیں قائم کریں، روزگار پیدا کریں اور برآمدات میں اضافہ کریں۔سی پیک محض پاکستان اور چین تک محدود نہیں بلکہ یہ پورے خطے کو آپس میں جوڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ وسطی ایشیائی ریاستیں، افغانستان، ایران اور حتیٰ کہ مشرقِ وسطیٰ کے ممالک اس راہداری سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ تجارت، توانائی کی ترسیل اور ثقافتی روابط کے فروغ سے یہ خطہ کشیدگی کے بجائے تعاون کا گہوارہ بن سکتا ہے۔ یہی وہ پہلو ہے جو بعض عالمی طاقتوں کو ناگوار گزرتا ہے۔سی پیک کے خلاف پروپیگنڈا اور فیک نیوز ایک منظم حکمتِ عملی کے تحت پھیلائی جا رہی ہیں۔ کبھی قرضوں کے جال کا شور مچایا جاتا ہے، کبھی شفافیت پر سوال اٹھائے جاتے ہیں اور کبھی صوبائی حقوق کا معاملہ اچھالا جاتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ہر بڑے منصوبے کے ساتھ چیلنجز ہوتے ہیں، مگر ان چیلنجز کو بنیاد بنا کر قومی مفاد کے منصوبے کو متنازع بنانا دانشمندی نہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حقائق کو سامنے رکھا جائے، شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور عوام کو اعتماد میں لیا جائے۔بلوچستان میں سی پیک کی مخالفت کو بھی اکثر غلط رنگ دیا جاتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ بلوچستان سی پیک کا دل ہے اور گوادر اس کی شہ رگ۔ اگر مقامی آبادی کو ترقی کے ثمرات میں شریک کیا جائے، تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں تو احساسِ محرومی خود بخود ختم ہو سکتا ہے۔ سی پیک کو بندوق کے بجائے کتاب، ہسپتال اور روزگار کے ذریعے مضبوط بنانا ہو گا۔قومی خودمختاری کے حوالے سے بھی سی پیک ایک اہم سنگِ میل ہے۔ معاشی استحکام ہی دراصل سیاسی خودمختاری کی ضمانت ہوتا ہے۔ جب ایک ملک قرضوں، درآمدات اور بیرونی دباؤ پر انحصار کم کر دیتا ہے تو اس کی خارجہ پالیسی بھی خودمختار ہو جاتی ہے۔ سی پیک پاکستان کو اسی سمت لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے، بشرطیکہ ہم اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی اہلیت اور نیت رکھتے ہوں۔سی پیک کا ایک کم زیرِ بحث مگر نہایت اہم پہلو انسانی ترقی ہے۔حکومتیں بدلتی ہیں تو ترجیحات بدل جاتی ہیں۔ سی پیک جیسے قومی منصوبے کو سیاسی اختلافات سے بالاتر رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یہ منصوبہ کسی ایک حکومت، جماعت یا فرد کا نہیں بلکہ پوری قوم کا مستقبل ہے۔ اس پر اتفاقِ رائے ہی اس کی کامیابی کی ضمانت بن سکتا ہے۔میڈیا کا کردار بھی سی پیک کے حوالے سے نہایت اہم ہے۔ سنسنی خیزی، آدھی سچائیاں اور غیر مصدقہ اطلاعات قوم کو گمراہ کر سکتی ہیں۔ ذمہ دار صحافت کا تقاضا ہے کہ وہ حقائق پر مبنی رپورٹنگ کرے، مثبت پہلوؤں کو اجاگر کرے اور تنقید کو تعمیری دائرے میں رکھے۔ سی پیک پر تنقید برائے اصلاح ہونی چاہیے، تخریب کے لیے نہیں۔اگر ہم مجموعی طور پر جائزہ لیں تو پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کے لیے ایک تاریخی موقع ہے۔ یہ موقع بار بار نہیں ملتا۔ اقوام وہی ترقی کرتی ہیں جو مواقع کو پہچان کر بروقت فیصلے کرتی ہیں۔ سی پیک پاکستان کو معاشی، جغرافیائی اور سفارتی طور پر ایک نئی بلندی پر لے جا سکتا ہے۔ شرط صرف یہ ہے کہ ہم قومی اتحاد، شفاف حکمرانی اور طویل المدتی وژن کے ساتھ آگے بڑھیں۔آخر میں یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ سی پیک سڑکوں اور پلوں کا نام نہیں، یہ امید، ترقی اور خودداری کا نام ہے۔ یہ منصوبہ ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ اگر نیت صاف ہو، قیادت سنجیدہ ہو اور قوم متحد ہو تو ناممکن کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ اگر ہم نے اسے سیاسی تنازعات، انتظامی نااہلی اور منفی بیانئے کی نذر کر دیا تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی اور اگر ہم نے قومی یکجہتی، دانشمندانہ قیادت اور عوامی شمولیت کے ساتھ اسے کامیاب بنا لیا تو یہی سی پیک پاکستان کی معاشی آزادی کی داستان بن جائے گا۔