پشاور (اوصاف نیوز) خیبرپختونخوا میں شادی ہالز پر نئے ٹیکسز عائد کر دیے گئے ہیں اور اس حوالے سے باقاعدہ عملدرآمد کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
کے پی ریونیو اتھارٹی (کیپرا) کے مطابق صوبے کے شادی ہالز کو تین کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے جن پر تقریبات کے مطابق ایک مقررہ ٹیکس وصول کیا جائے گا۔
کیپرا کا کہنا ہے کہ 500 سے زائد افراد کی گنجائش والے کیٹیگری اے شادی ہالز کے فکسڈ ٹیکس میں 100 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ اب، کیٹیگری اے میں شادی ہال کی بکنگ پر کلائنٹس سے فی ایونٹ 50,000 روپے ٹیکس وصول کیا جائے گا۔
اس سے قبل ان ہی ہالز میں ہونے والی تقریب کے لیے 25 ہزار روپے ٹیکس وصول کیا جاتا تھا۔ اسی طرح 300 سے 500 افراد کی گنجائش والے کیٹیگری بی شادی ہالز کے ٹیکس میں 5 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
کیٹیگری بی میں کسی تقریب پر 20،000 روپے کا فکسڈ ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ کیٹیگری سی کے شادی ہالز کے لیے مقررہ ٹیکس کی رقم برقرار رکھی گئی ہے اور ان ہالز میں ہونے والی تقریب کے لیے صرف 10،000 روپے وصول کیے جائیں گے۔
کیپرا کے ترجمان کے مطابق اضافی ٹیکسوں کا اطلاق یکم جولائی سے صوبائی بجٹ میں کیے گئے فیصلوں کے تحت قانون کے مطابق کیا گیا ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ فکسڈ ٹیکس ادا نہ کرنے والے شہریوں سے 15 فیصد سروس ٹیکس وصول کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق شادی ہالز پر ٹیکس بڑھانے کا فیصلہ مالی ضروریات اور حالیہ صوبائی بجٹ میں آمدن میں اضافے کے تناظر میں کیا گیا۔
مزید پڑھیں:پنجاب میں ای ٹیکسی سکیم کی قرعہ اندازی کی تاریخ کا اعلان

