راولپنڈی: (دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر خیبرپختونخوا میں دو کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 23 خوارج ہلاک کر دیئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کرم میں ایک جگہ پر خوارج کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جس کے بعد فائرنگ کے شدید تبادلے میں بھارتی حمایت یافتہ 12 دہشت گرد مارے گئے۔
ضلع کرم میں ہی دہشت گردوں کے ایک اور گروہ کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا، اس کارروائی میں 11 خارجی دہشت گرد جہنم واصل کیے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ خوارج کے خلاف دونوں کارروائیاں خفیہ اطلاعات پر کی گئیں، علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی تلاش کے لیے آپریشن تیز کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ عزمِ استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی کی مہم پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گی، ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع کرم میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم دہشت گردی کے خلاف افواج کے شانہ بشانہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عزم استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔
مزید پڑھیں:ارشد ندیم نے ایک اور گولڈ میڈل جیت لیا



