Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

اڈیالہ جیل کے اطراف سکیورٹی ہائی الرٹ، اضافی پکٹس قائم

راولپنڈی (اوصاف نیوز) امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر اڈیالہ جیل کے اطراف سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل کے اطراف اضافی سیکیورٹی کے لیے خصوصی سیکیورٹی پلان جاری کردیا گیا ہے۔ یہ اضافی سیکورٹی پلان غیر معینہ مدت تک نافذ رہے گا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل روڈ پر 5 اضافی ناکے لگائے گئے ہیں۔ دہگل ناکہ، گیٹ ون، گیٹ 5، فیکٹری ناکہ اور گورکھپور پر اضافی اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔

پولیس افسران اور اہلکاروں کی ڈیوٹی کو 12، 12 گھنٹے کی دو شفٹوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ 12 تھانوں کے ایس ایچ اوز اور خواتین پولیس اہلکار بھی تعینات ہوں گی۔

اڈیالہ جیل کی بیرونی سیکیورٹی پر مجموعی طور پر 700 سے زائد اہلکار اور افسران تعینات ہوں گے۔ سیکورٹی پر مامور اہلکار انسداد فسادات کے آلات سے لیس ہوں گے۔

پولیس ذرائع کے مطابق اڈیالہ گارڈز کے دستے کو سٹینڈ بائی پر رکھا جائے گا، ڈیوٹی کی براہ راست نگرانی ایس پی صدر انعم شیر کریں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے تحریک انصاف کے بانی سے ملاقات نہ کرنے کی صورت میں پارلیمنٹ کی کارروائی میں خلل ڈالنے کی دھمکی دیتے ہوئے منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے سامنے احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مزید پڑھیں‌:سیاست میں ہلچل! مراد علی شاہ نے نئے صوبوں کی تجویز کو سنجیدہ نہ لینے کا مشورہ دیدیا

یہ بھی پڑھیں