(اوصاف نیوز)سعودی عرب کے وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خصوصی ہدایت پر پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو شاہ عبدالعزیز میڈل (اعلیٰ درجہ) سے نوازا۔ یہ اعزاز دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات اور دفاعی تعاون میں ان کی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔
یہ تقریب ریاض میں سعودی وزارتِ دفاع میں ہوئی، جہاں شہزادہ خالد بن سلمان نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خیرمقدم کیا اور انہیں پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز کے عہدے پر تقرری پر مبارکباد دی۔
دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تاریخی تعلقات اور دفاعی شعبے میں اسٹریٹجک تعاون کا جائزہ لیا۔ عالمی امن و سلامتی کے قیام کے لیے مشترکہ کوششوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں سعودی نائب وزیرِ دفاع شہزادہ عبدالرحمان بن محمد بن عیاف، سعودی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض الرویلی، اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
یہ اعزاز دونوں برادر ممالک کے دفاعی تعلقات کی مضبوطی اور مستقبل میں مزید تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔
مزید پڑھیں:پٹرول کی تازہ ترین قیمت


