راولپنڈی (اوصاف نیوز) نئے سال 2026 کے آغاز کے ساتھ ہی راولپنڈی سمیت پور ےملک میں لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ شہر کے کئی علاقوں میں دن کے اوقات میں کئی گھنٹے تک بجلی کی بندش جاری ہے، جس سے عوام اور کاروباری طبقے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
رپورٹس کے مطابق کاروباری حضرات کی پیداوار متاثر ہو رہی ہے اور دکانیں، کارخانے اور دیگر تجارتی ادارے بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے شدید نقصان اٹھا رہے ہیں۔ شہریوں نے واپڈا حکام سے رابطہ کرنے کی متعدد کوششیں کیں، تاہم فون کالز کا کوئی جواب نہیں دیا گیا اور صارفین کی شکایات نظر انداز کی جا رہی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مسلسل بجلی کی بندش نے نہ صرف روزمرہ زندگی متاثر کی ہے بلکہ کاروباری سرگرمیوں کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔ مقامی عوام نے دھمکی دی ہے کہ اگر لوڈ شیڈنگ کے مسئلے کو فوری طور پر حل نہ کیا گیا تو وہ شدید احتجاج پر مجبور ہوں گے۔
واپڈا کے حکام کی جانب سے اس حوالے سے ابھی تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے، جبکہ شہری لوڈ شیڈنگ کے اوقات اور متاثرہ علاقوں کے بارے میں مزید معلومات کے منتظر ہیں۔
مزید پڑھیں:بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے 6 لوگوں کی ملاقات، سکیورٹی مزید سخت کردی گئی




