Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

دودھ کی قیمتوں میں خودساختہ اضافہ، انتظامیہ خاموش

لاہور (اوصاف نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں دودھ فروشوں نے سرکاری قیمتوں کی دھجیاں اڑا دیں، شہر میں سرکاری نرخوں کے برعکس دودھ اور دہی من مانی قیمتوں پر فروخت کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سرکاری پرائس لسٹ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دودھ کی سرکاری قیمت 180 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے جب کہ مارکیٹ میں سرکاری نرخوں کے برعکس دودھ 210 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔

اسی طرح دہی کی سرکاری قیمت 210 روپے فی کلو مقرر ہے تاہم بازار میں دہی 240 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری پرائس لسٹ صرف کاغذات تک محدود ہو کر رہ گئی ہے اور دکاندار من مانے نرخوں پر دودھ اور دہی فروخت کر رہے ہیں۔ دودھ اور دہی جیسی روزمرہ کی اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتیں غریب اور متوسط ​​طبقے کو بری طرح متاثر کر رہی ہیں۔

عوامی حلقوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ دودھ اور دہی جیسی بنیادی ضروریات کی قیمتوں کو فوری طور پر کنٹرول کیا جائے۔

دوسری جانب مارکیٹ میں برائلر گوشت کی قیمتیں بھی آسمان کو چھو رہی ہیں جس سے عام صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ برائلر گوشت کی سرکاری قیمت 526 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے تاہم اوپن مارکیٹ میں برائلر گوشت 550 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے، اسی طرح زندہ مرغی کی قیمت 363 روپے فی کلو ہے جب کہ بغیر ہڈی والے گوشت کی قیمت 700 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔

اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا، پروٹین کا اہم ذریعہ گوشت عوام کی پہنچ سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں‌:پی آئی اے کا مسافروں کے لیے بڑی خوشخبری کا اعلان

یہ بھی پڑھیں