شیخوپورہ(اوصاف نیوز)مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر نے کہا ہے کہ مریم نواز کی پالیسیوں کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ رہے ہیں اور ترقی کا عمل لاہور سے نکل کر اب دیہات تک پھیل چکا ہے۔
شیخوپورہ میں گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے بغیر حقیقی تبدیلی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو اپنے صوبے پر توجہ دینی چاہیے، اس کے بجائے وہ کراچی جا کر عوام کو تقاریر کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وزیراعلیٰ کے پی ایک ہفتہ لاہور آ جائیں تو انہیں خود نظر آ جائے گا کہ ترقی ہر گلی اور محلے تک پہنچ چکی ہے۔
کیپٹن (ر) صفدر نے مزید کہا کہ پاکستان دفاعی اور معاشی لحاظ سے ایشیا کی مضبوط ترین قوت بننے جا رہا ہے۔ بسنت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس موقع پر لاکھوں افراد کی شرکت اس بات کا ثبوت ہو گی کہ عوام تفریح چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی قیادت میں عوام کو ریلیف مل رہا ہے اور ترقی کا سفر تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
مزید پڑھیں:عمران خان کیخلاف فارن فنڈنگ کیس میں اہم پیشرفت


