تہران (نیوز ڈیسک) ایران نے آپریشن وعدہ صادق 4 میں حملوں کی 55ویں لہر کے دوران تل ابیب پر میزائل داغے۔
ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق آپریشن وعدہ صدق 4 کی 55ویں لہر کے تحت اسرائیل اور خطے میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ آپریشن میں مقبوضہ علاقوں، تل ابیب اور بن گوریون کے مراکز میں اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
پاسداران انقلاب نے کہا کہ فضائی اور فوجی ہتھیار بنانے والی کمپنی اسرائیل ایرو اسپیس انڈسٹریز اور فضائی ریفیولنگ سپورٹ سینٹرز کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ ان حملوں میں ہائپرسونک میزائل فتح، عماد اور قدر کے ساتھ ساتھ حملہ آور ڈرونز کا استعمال کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ خطے میں امریکی فوجی اڈوں کو درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے ٹھوس ایندھن کے میزائلوں فتح، ذوالفقار، ڈیزفل اور سمارٹ ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب بین الاقوامی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق اماراتی وزارت دفاع نے ایرانی حملوں میں ایک اور ہلاکت کی تصدیق کردی۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات پر ایران کے حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 7 ہو گئی ہے جن میں متحدہ عرب امارات کے 2 فوجی بھی شامل ہیں جب کہ حملوں میں اب تک 145 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
اماراتی وزارت دفاع کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ایران کی جانب سے اب تک 304 بیلسٹک میزائل، 15 کروز میزائل اور 1627 ڈرون فضا میں تباہ کیے جا چکے ہیں۔
مزید پڑھیں:بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں کرپشن پکڑی گئی


