اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزارت صحت نے ملک گیر پولیو مہم کو مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت 13 سے 19 اپریل تک ایک جامع اور مربوط مہم چلائی جائے گی۔ وزارت صحت کا مقصد موجودہ پولیو وائرس کے کمزور منتقلی سیزن کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے وائرس کے پھیلاؤ کو مکمل طور پر روکنا ہے۔
وزارت صحت کے پلان کے مطابق کراچی، کوئٹہ اور جنوبی خیبرپختونخوا کے حساس اضلاع میں یونین کونسل کی سطح پر پانچ روزہ مکمل مہم چلائی جائے گی، جس کے بعد دو دن کیچ اپ سرگرمیاں جاری رہیں گی تاکہ کوئی بچہ ویکسینیشن سے محروم نہ رہے۔ دیگر عام یونین کونسلوں میں تین روزہ فالو اپ مہم کے ذریعے ہدف کو یقینی بنایا جائے گا، اور چار روزہ اضافی فالو اپ مہم بھی عمل میں لائی جائے گی۔
رپورٹس کے مطابق قومی مہم کے دوران تقریباً 45.3 ملین بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، اور اس مقصد کے لیے 413,000 سے زائد فرنٹ لائن ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین فراہم کریں گے۔ مہم کے دوران بچوں کو پولیو کے قطرے دینے کے ساتھ وٹامن اے کے قطرے بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ ان کی مجموعی صحت بہتر ہو۔
وزارت صحت کے مطابق رواں سال پولیو وائرس کا صرف ایک کیس رپورٹ ہوا ہے، جو حکومتی اقدامات کی درست سمت میں پیش رفت کا ثبوت ہے۔ طبی ماہرین نے حالیہ پیش رفت کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مہم اسی تسلسل کے ساتھ جاری رہی تو پاکستان جلد پولیو کے مکمل خاتمے کے ہدف کے قریب پہنچ سکتا ہے۔
مزید پڑھیں:احمد شہزاد کے خلاف سائبر کرائم تحقیقات، سابق کپتان پر الزامات کا معاملہ
