اسلام آباد: ملک بھر میں بارشوں کا الرٹ جاری کرتے ہوئے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے آئندہ چند روز کے دوران مختلف علاقوں میں شدید بارشوں، مقامی سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات سے خبردار کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ موجودہ موسمی صورتحال پہلے سے جاری موسمی پیش گوئیوں کے مطابق ہے اور متعلقہ اداروں کو پیشگی آگاہ کیا جا چکا ہے۔
محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ شمالی علاقوں میں گلیشیئرز کے پگھلنے اور شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ ہو سکتا ہے۔ گلگت بلتستان کے ہنزہ، نگر، غذر، استور، دیامر، شگر اور اسکردو سمیت کئی علاقوں میں مقامی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے چترال، سوات، کالام، بحرین، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور دیگر پہاڑی علاقوں میں بھی بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش کا خطرہ موجود ہے۔ اسی طرح آزاد کشمیر کے مظفرآباد، وادی نیلم، باغ، کوٹلی، پونچھ اور بھمبر میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق قراقرم ہائی وے، جگلوٹ اسکردو روڈ، دیوسائی روڈ اور دیگر پہاڑی شاہراہوں پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے۔ سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور معلوم کریں۔
ادارے نے تمام ضلعی اور صوبائی انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے شہریوں سے بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔ ملک بھر میں بارشوں کا الرٹ کے پیش نظر عوام کو بروقت معلومات کے لیے “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” ایپ استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔




