چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو شکست ہضم نہیں ہو رہی اور اسی لیے وہ مسلسل پاکستان کے خلاف بیانات دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا مگر اسے منہ کی کھانی پڑی، اور اب وہ اپنی اسی ناکامی کو چھپانے کے لیے نئی باتیں کر رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بھارت کو شکست ہضم نہیں اور وہ “آپریشن سندور ٹو” جیسے بیانات دے کر خطے میں کشیدگی بڑھانا چاہتا ہے۔
پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت پاکستان کو کمزور کرنے کے خواب دیکھ رہا ہے مگر یہ کبھی پورا نہیں ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے ہر محاذ پر اپنی دفاعی صلاحیت ثابت کی ہے اور قوم اپنے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے بجٹ صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود ہر سال بجٹ پیش کیا جاتا ہے، اور اس بار بھی سکیورٹی صورتحال سب سے بڑا چیلنج رہی۔ اجلاس میں بجٹ، گلگت بلتستان انتخابات اور کشمیر کی صورتحال پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔
بلاول بھٹو نے مزید بتایا کہ ابتدا میں اجلاس میں شرکت پر تحفظات تھے، تاہم حکومتی وزراء کی یقین دہانی کے بعد شرکت کا فیصلہ کیا گیا۔



