Search
Close this search box.
هفته ,13 جون ,2026ء

ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ ٹیکس میں بڑی کمی کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بجٹ 2026-27 پیش کرتے ہوئے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ ٹیکس کے حوالے سے اہم ریلیف کا اعلان کر دیا ہے، جس سے لاکھوں پاکستانی صارفین کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔

بجٹ تقریر کے دوران وزیر خزانہ نے بتایا کہ بیرون ملک یا بین الاقوامی آن لائن پلیٹ فارمز پر پاکستانی بینکوں کے جاری کردہ ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کے ذریعے کی جانے والی ادائیگیوں پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔

نئی پالیسی کے تحت یہ ٹیکس 5 فیصد سے کم کرکے صرف 0.5 فیصد کر دیا گیا ہے۔ حکومت کے اس فیصلے سے بیرون ملک سفر کرنے والے افراد کو ہوٹل بکنگ، خریداری اور دیگر اخراجات کے دوران کم ٹیکس ادا کرنا پڑے گا۔

ماہرین کے مطابق اس اقدام سے وہ کاروباری ادارے اور فری لانسرز بھی فائدہ اٹھائیں گے جو بین الاقوامی سافٹ ویئر، کلاؤڈ سروسز، ڈیجیٹل ٹولز اور مختلف آن لائن سبسکرپشنز کی ادائیگی بینک کارڈز کے ذریعے کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ عالمی ای کامرس ویب سائٹس سے خریداری کرنے والے صارفین کے لیے بھی بین الاقوامی ادائیگیوں کی لاگت کم ہونے کا امکان ہے، جس سے آن لائن شاپنگ مزید آسان اور نسبتاً سستی ہو جائے گی۔

حکومت کا کہنا ہے کہ ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ ٹیکس میں یہ کمی ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ اور صارفین پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں