Search
Close this search box.
اتوار ,14 جون ,2026ء

میلنڈا گیٹس کا جیفری ایپسٹین پر سخت بیان سامنے آگیا

واشنگٹن: معروف سماجی کارکن اور ارب پتی شخصیت میلنڈا گیٹس نے بدنام زمانہ جیفری ایپسٹین کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر نظام انصاف اپنا کردار ادا کرتا تو اس معاملے کو بہت پہلے روکا جا سکتا تھا۔

برطانوی اخبار کو دیے گئے ایک انٹرویو میں میلنڈا گیٹس نے امریکی نظام انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایپسٹین کے معاملے میں انصاف کا نظام اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بچوں کو نقصان سے بچانا ہے تو قانون اور انصاف کے اداروں کو مؤثر انداز میں کام کرنا ہوگا۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں مائیکروسافٹ کے بانی اور میلنڈا کے سابق شوہر، Bill Gates نے امریکی کانگریس کی ایک بند کمرہ سماعت میں جیفری ایپسٹین سے متعلق سوالات کے جواب دیے تھے۔

رپورٹس کے مطابق بل گیٹس نے قانون سازوں کو بتایا کہ جیفری ایپسٹین نے ان کی ذاتی زندگی سے متعلق معلومات استعمال کرتے ہوئے انہیں بلیک میل کرنے کی کوشش کی تھی۔ انہوں نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا کہ ایپسٹین بااثر اور معروف شخصیات سے تعلقات قائم کرکے اپنی ساکھ بہتر بنانے کی کوشش کرتا رہا۔

میلنڈا گیٹس نے انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں صرف ایک بار جیفری ایپسٹین سے ملاقات کی تھی، تاہم اس ملاقات کا تجربہ انتہائی ناخوشگوار تھا۔ ان کے مطابق ایپسٹین ایسا شخص تھا جس کے بارے میں فوری طور پر منفی احساس پیدا ہو جاتا تھا۔

انہوں نے متاثرہ لڑکیوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات معاشرے کے لیے لمحۂ فکریہ ہیں اور مستقبل میں بچوں کے تحفظ کے لیے مزید مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب میلنڈا گیٹس خواتین کی فلاح و بہبود اور صحت کے شعبے میں بھی سرگرم ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے خواتین کی صحت سے متعلق مختلف منصوبوں کے لیے کروڑوں ڈالر کی مالی معاونت کا اعلان کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں