Search
Close this search box.
جمعه ,03 جولائی ,2026ء

استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر کا آغاز، عبدالعلیم خان نے ترقی اور روزگار کا نیا وژن پیش کر دیا

اسلام آباد: استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر کی باقاعدہ لانچنگ تقریب میں پارٹی صدر عبدالعلیم خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کو اب صرف وعدوں اور نعروں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات اور نتائج کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ماضی میں برسراقتدار آنے والی جماعتیں اپنے انتخابی منشور پر مکمل عمل درآمد نہ کر سکیں، جس کے باعث عوام کی توقعات پوری نہیں ہوئیں۔

عبدالعلیم خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس خطے کی ترقی قومی ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں، اس لیے انہیں روزگار، تعلیم، کاروبار اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اقتدار میں آنے کی صورت میں پارٹی عوامی مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور بہتر طرز حکمرانی پر خصوصی توجہ دے گی۔

انہوں نے آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور شمالی علاقوں کو سیاحت کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ جدید شاہراہیں، بہتر مواصلاتی نظام، ہوائی اڈے اور بنیادی انفراسٹرکچر کی ترقی سے نہ صرف مقامی معیشت مضبوط ہوگی بلکہ روزگار کے ہزاروں نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

عبدالعلیم خان نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ادارے کی آمدن میں نمایاں اضافہ ممکن بنایا گیا اور اگر مزید موقع ملا تو اس میں مزید کئی گنا اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کے مختلف حصوں میں جدید معیار کی شاہراہوں اور ترقیاتی منصوبوں کو فروغ دیا جائے گا۔

تقریب سے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے بھی خطاب کیا اور استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر میں باقاعدہ واپسی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام اب روایتی سیاست سے آگے بڑھ کر عملی خدمت اور مسائل کے مستقل حل کے خواہاں ہیں۔ ان کے مطابق غیر حقیقی وعدوں نے عوامی مشکلات میں اضافہ کیا، اس لیے اب حقیقت پسندانہ اور قابل عمل منصوبوں کی ضرورت ہے۔

تقریب کے دوران آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے متعدد سابق وزراء، سابق اراکین اسمبلی، سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کی، جبکہ پارٹی قیادت نے عوامی خدمت، ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں