Search
Close this search box.
جمعه ,03 جولائی ,2026ء

کابینہ ڈویژن کا ہاؤسنگ سوسائٹی سے لاتعلقی کا اعلان، عوام کے لیے اہم انتباہ

اسلام آباد(رضوان عباسی): کابینہ ڈویژن ہاؤسنگ سوسائٹی کے حوالے سے جاری ہونے والی وضاحت میں حکومت نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ “کابینہ ڈویژن ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی” کا حکومتِ پاکستان یا کابینہ ڈویژن کے ساتھ کسی بھی قسم کا انتظامی، قانونی، مالی یا ادارہ جاتی تعلق موجود نہیں۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ سوسائٹی اپنے نام میں “کابینہ ڈویژن” کا استعمال اس انداز میں کر رہی ہے جس سے عام شہریوں میں یہ تاثر پیدا ہو سکتا ہے کہ یہ منصوبہ سرکاری سرپرستی میں چل رہا ہے یا حکومت کی ملکیت ہے، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔

اعلامیے کے مطابق کابینہ ڈویژن ہاؤسنگ سوسائٹی یا کسی بھی دوسرے نجی ہاؤسنگ منصوبے کے ساتھ کابینہ ڈویژن کی کوئی انتظامی، مالی، قانونی یا عملی وابستگی نہیں۔ حکام نے واضح کیا کہ عوام کو کسی بھی نام یا دعوے کی بنیاد پر کسی منصوبے کو سرکاری نہ سمجھنا چاہیے۔

کابینہ ڈویژن نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ کسی بھی ہاؤسنگ سوسائٹی میں سرمایہ کاری، پلاٹ کی خریداری یا دیگر مالی معاملات سے پہلے متعلقہ ریگولیٹری اداروں اور ریکارڈ سے مکمل تصدیق ضرور کریں۔ صرف کسی سرکاری ادارے کا نام استعمال ہونے کی بنیاد پر کسی منصوبے پر اعتماد کرنا نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ عوام کے مفاد کے تحفظ اور ممکنہ غلط فہمیوں کے خاتمے کے لیے یہ وضاحت جاری کی گئی ہے تاکہ شہری کسی بھی گمراہ کن تاثر کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ سرمایہ کاری سے قبل تمام قانونی دستاویزات، رجسٹریشن اور متعلقہ اداروں کی منظوری ضرور چیک کریں۔

یہ بھی پڑھیں