اسلام آباد: ایم 2 موٹروے ٹول ٹیکس میں 5 جولائی 2026 سے اضافہ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ قومی ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے لاہور تا اسلام آباد موٹروے پر نئی ٹول شرحوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت مختلف اقسام کی گاڑیوں سے وصول کیے جانے والے ٹول ٹیکس میں تقریباً سات فیصد اضافہ ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نئی شرحوں کا اطلاق 5 جولائی سے ہوگا۔ فیصلے کے تحت کار، جیپ اور ٹیکسی کے لیے فی کلومیٹر ٹول ٹیکس 3 روپے 98 پیسے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ویگن مالکان کو فی کلومیٹر 6 روپے 68 پیسے ادا کرنا ہوں گے۔ اسی طرح کوسٹر کے لیے فی کلومیٹر 9 روپے 34 پیسے کی نئی شرح مقرر کی گئی ہے۔
این ایچ اے کے مطابق بسوں کے لیے فی کلومیٹر ٹول ٹیکس 13 روپے 32 پیسے جبکہ ٹرکوں کے لیے 17 روپے 33 پیسے وصول کیے جائیں گے۔ بڑے مال بردار ٹرکوں پر فی کلومیٹر 22 روپے سے زائد ٹول ٹیکس لاگو ہوگا، جس کی تفصیلات نوٹیفکیشن میں درج ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایم 2 موٹروے ٹول ٹیکس میں یہ اضافہ نجی کمپنی کے ساتھ کیے گئے 20 سالہ آپریشن اور دیکھ بھال کے معاہدے کے تحت کیا جا رہا ہے۔ معاہدے کی شرائط کے مطابق ہر سال مقررہ فارمولے کے تحت ٹول ٹیکس میں ردوبدل کیا جاتا ہے، جبکہ رواں سال معاہدے کے تیرہویں مرحلے کے تحت سات فیصد اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔
این ایچ اے نے موٹروے استعمال کرنے والے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 5 جولائی سے نافذ ہونے والی نئی شرحوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے سفری اخراجات کی منصوبہ بندی کریں۔


