Search
Close this search box.
هفته ,04 جولائی ,2026ء

راولپنڈی،کمشنر، ڈپٹی کمشنر کے تبادلے، سی پی او کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا

راولپنڈی(نیوز ڈیسک)حکومت پنجاب نے راولپنڈی میں انتظامی سطح پر بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے کمشنر ، ڈپٹی کمشنر تبدیل کردیے جبکہ سی پی او کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

راولپنڈی کے کمشنر محمد عبدالعامر خٹک ، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ کا تبادلہ کردیا گیا ہے جبکہ سی پی او سید خالد محمود ہمدانی کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمشنر راولپنڈی محمد عبدالعامر خٹک کو تبدیل کردیا گیا ہے اور انہیں ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ کا بھی تبادلہ کیا گیا ہے اور انہیں محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن لاہور رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن ریٹائرڈ ندیم ناصر کو ڈی سی راولپنڈی تعینات کردیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ سی پی او راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا اور انہیں سینٹرل پولیس آفس لاہور رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق حسن مشتاق سکھیرا کو سی پی او راولپنڈی تعینات کردیا گیا ہے، وہ اس سے پہلے لاہور میں ڈی آئی جی آپریشنز سی ٹی ڈی تعینات تھے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر راولپنڈی صدر حاکم خان کو محکمہ سروسز رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرکوٹ مومن محمداختر کا تبادلہ کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر راولپنڈی صدر تعینات کر دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر پنڈی بھٹیاں محسن اقبال کا تبادلہ کرکے انہیں اسسٹنٹ کمشنرکوٹ مومن تعینات کر دیا گیا ہے۔

تقرری کے منتظر رب دینو اسسٹنٹ کمشنرپنڈی بھٹیاں تعینات کر دیے گئے۔

علاوہ ازیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو راولپنڈی شہریار شیرازی کو بھی تبدیل کردیا گیا اور کیپٹن ریٹائرڈ طیب سمیع خان کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو راولپنڈی تعینات کردیاگیا۔

مزید پڑھیں۔سونے کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری، فی تولہ قیمت جانئے

یہ بھی پڑھیں