Search
Close this search box.
هفته ,04 جولائی ,2026ء

سرکاری نرخ بے اثر، پنجاب میں ایل پی جی دوگنی قیمت پر فروخت ہونے لگی

لاہور: ایل پی جی قیمت میں سرکاری سطح پر نمایاں کمی کے اعلان کے باوجود پنجاب کے مختلف شہروں میں صارفین کو ریلیف نہ مل سکا۔ اوگرا کی مقرر کردہ نئی قیمتوں کے برعکس مارکیٹ میں مائع پیٹرولیم گیس دوگنی قیمت پر فروخت ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اوگرا نے جولائی 2026 کے لیے ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 67 روپے 33 پیسے کمی کرتے ہوئے نئی سرکاری قیمت 241 روپے 43 پیسے فی کلوگرام مقرر کی تھی۔ اسی طرح 11.8 کلوگرام گھریلو سلنڈر کی قیمت بھی کم کرکے 2 ہزار 848 روپے 91 پیسے مقرر کی گئی تھی۔

تاہم لاہور، ملتان، مظفرگڑھ اور دیگر شہروں سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مارکیٹ میں ایل پی جی قیمت 480 سے 550 روپے فی کلوگرام تک وصول کی جا رہی ہے، جبکہ 11 کلوگرام سلنڈر تقریباً 6 ہزار روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

صارفین کا کہنا ہے کہ دکاندار سرکاری نرخ پر گیس فروخت کرنے سے انکار کرتے ہیں، جبکہ بعض مقامات پر شکایات کے باوجود کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ صرف نرخ نامے جاری کرنے کے بجائے ان پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد بھی یقینی بنایا جائے۔

دوسری جانب ایل پی جی فروشوں کا مؤقف ہے کہ انہیں خود گیس مقررہ سرکاری نرخ سے کہیں زیادہ قیمت پر مل رہی ہے، جس کے باعث وہ کم نرخ پر فروخت نہیں کر سکتے۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ، کاروباری اخراجات اور سپلائی چین کے مسائل بھی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ ہیں۔

ادھر پنجاب میں پرائس کنٹرول اور متعلقہ اداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ مختلف اضلاع میں ہزاروں انسپکشنز کے دوران مہنگے داموں اشیائے ضروریہ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں، لاکھوں روپے جرمانے عائد کیے گئے، متعدد مقدمات درج ہوئے اور کئی افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔

تاہم صارفین کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی کھلے عام ہونے والی مہنگی فروخت کے باوجود اس شعبے میں مؤثر نگرانی نظر نہیں آ رہی۔ انہوں نے وفاقی حکومت، اوگرا اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی سپلائی چین کا جامع جائزہ لے کر سرکاری نرخوں پر فروخت کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔

یہ بھی پڑھیں