Search
Close this search box.
هفته ,04 جولائی ,2026ء

پنجاب ینگ پروفیشنلز پروگرام 2026، نئے گریجویٹس کیلئے سنہری موقع

لاہور: پنجاب ینگ پروفیشنلز پروگرام 2026 کے تحت نئے گریجویٹس کے لیے شاندار موقع فراہم کر دیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت کے محکمہ خزانہ کے ماتحت پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (P4A) نے اپنے فلیگ شپ ینگ پروفیشنلز پروگرام 2026 کے لیے درخواستیں طلب کر لی ہیں، جس کے تحت منتخب امیدواروں کو ایک سال تک ڈیڑھ لاکھ روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔

حکام کے مطابق یہ ایک سالہ تربیتی پروگرام نوجوان گریجویٹس کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے عملی ماحول میں کام کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ پروگرام کے دوران شرکاء سینئر ماہرین کی نگرانی میں مختلف لائیو منصوبوں پر کام کریں گے، جس سے انہیں عملی تجربہ حاصل ہوگا اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔

اہلیت کا معیار

پنجاب ینگ پروفیشنلز پروگرام 2026 کے لیے درخواست دینے والے امیدوار کی عمر 25 سال سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔ امیدوار کے پاس ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) سے تسلیم شدہ یا کسی معروف غیر ملکی جامعہ سے کم از کم 16 سالہ تعلیم ہونا ضروری ہے، جبکہ کم از کم 3.3 سی جی پی اے بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ صرف پاکستانی شہری اس پروگرام میں درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔

کن شعبوں کے امیدوار درخواست دے سکتے ہیں؟

اتھارٹی کے مطابق فنانس، اکاؤنٹنگ، بزنس ایڈمنسٹریشن، پروجیکٹ مینجمنٹ، آرٹیفیشل انٹیلی جنس، قانون، انجینئرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کمپیوٹر سائنس، ڈیٹا اینالیٹکس، اکنامکس، میڈیا اسٹڈیز، پبلک پالیسی، سوشل سائنسز اور نیچرل سائنسز کے گریجویٹس درخواست دے سکتے ہیں۔

صرف 15 امیدوار منتخب ہوں گے

اتھارٹی ابتدائی مرحلے میں صرف 15 ینگ پروفیشنلز کا انتخاب کرے گی، تاہم ضرورت کے مطابق نشستوں میں کمی یا اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں کو ٹیسٹ اور انٹرویو کے لیے بلایا جائے گا، تاہم اس مقصد کے لیے کسی قسم کا ٹی اے یا ڈی اے فراہم نہیں کیا جائے گا۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ ایک سالہ تربیتی پروگرام ہے اور اسے مستقل یا کنٹریکٹ ملازمت تصور نہیں کیا جائے گا۔

درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ

دلچسپی رکھنے والے امیدوار 22 جولائی 2026 تک P4A کی سرکاری ویب سائٹ سے درخواست فارم حاصل کرکے مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ جمع کرا سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں